بشمول حیدرآباد تلنگانہ کے چند اضلاع میں محکمہ موسمیات کا ریڈالرٹ جاری،آئندہ 8 گھنٹوں کے دؤران شدید ترین بارش کی پیش قیاسی

ریاستی خبریں

بشمول حیدرآباد تلنگانہ کے چند اضلاع میں محکمہ موسمیات کا ریڈالرٹ جاری

آئندہ 8 گھنٹوں کے دؤران شدید ترین بارش کی پیش قیاسی

حیدرآباد:15۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام)

محکمہ موسمیات نے بشمول حیدرآباد ریاست کے چند اضلاع میں آئندہ 8 گھنٹوں کے دؤران شدیدترین بارش کی پیش قیاسی کرتے ہوئے ریڈالرٹ جاری کیا ہے۔ان اضلاع میں حیدرآباد کے ساتھ ساتھ رنگاریڈی ، ملکاجگری میڑچل، سنگاریڈی یادادری شامل ہیں۔

جبکہ اضلاع نظام آباد، وقارآباد،عادل آباد،کمرم بھیم آصف آباد،جگتیال،کھمم،منچریال ،نرمل ،کاماریڈی،کریم نگر،راجنا سرسلہ ،جنگاؤں، سدی پیٹ ،پیدا پلی ، ملگ،ورنگل،ہنمکنڈہ اور محبوب آباد کے لیے محکمہ موسمیات نے آرینج الرٹ جاری کرتے ہوئے پیش قیاسی کی ہے ان اضلاع میں بھی شدید بارش کا امکان ہے اورعوام کو متنبہ کیا ہے کہ وہ چوکس رہیں۔

جنوبی چھتیس گڑھ اور اسکے قریبی علاقوں میں ہوا کے دباؤ میں کمی کا سلسلہ جاری ہے جس کے اثر سے تلنگانہ میں آج اور کل مختلف مقامات پر گرج چمک کے ساتھ شدید ترین بارش اور 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے۔

دوسری جانب حیدرآباد میں کل رات ہونے والی شدید بارش سے نشیبی علاقے،مختلف کالونیز اور سڑکیں زیر آب آگئے ہیں اور یہ علاقے جھیلوں کا منظر پیش کررہے ہیں۔

گزشتہ رات قدیم شہر کے علاوہ موسیٰ پیٹ،کوکٹ پلی،میاں پور،پنجہ گٹہ،سنجیواریڈی نگر،بنجارہ ہلز،امیرپیٹ،فلم نگر،جوبلی ہلز،کاچی گوڑہ،عنبر پیٹ،نامپلی کے علاوہ پرانے شہر کے مختلف علاقوں میں شدید بارش ہوئی ہے۔

اس شدید بارش کے باعث موسیٰ ندی لبریز ہوگئی ہےاور موسیٰ رام بریج کی سطح کے اوپر سے پانی بہنے کی وجہ سے ٹریفک نظام مفلوج ہوگیا ۔کئی نشیبی علاقوں کے زیرآب آنے کے بعد گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کا عملہ راحتی کاموں میں لگ گیا ہے۔

 کل موسلادھار بارش کے دؤران ملک پیٹ میں موجود 116 سالہ تاریخی عمارت محبوب منشن کا ایک بڑا حصہ منہدم ہوگیا۔ (ویڈیو)

آج صبح تک حیدرآباد کے اوپل اور عبداللہ پور میٹ میں 20 سنٹی میٹر ،حیات نگر اور ونستھلی پورم میں 19 سنٹی میٹر،پیدا عنبر پیٹ میں 18 سنٹی میٹر، رامنتا پور اور سرورنگر میں 17 ملی میٹربارش ،حبشی گوڑہ میں 16سنٹی میٹر اور ناگول میں 15 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

ریاستی وزارت بلدی نظم ونسق ،آئی ٹی کے ٹوئٹر ہینڈل سے کیے گئے ٹوئٹ میں لکھا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دؤران ریاست کے مختلف اضلاع اور حیدرآباد میں زبردست بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ڈیزاسٹر ریلیف فورس کی ٹیمیں اور عہدیدار خدمات میں مصروف ہیں اور عوام سے خواہش کی گئی ہے کہ ہنگامی حالات میں وہ 100 نمبر پر یا 299555500- 040 پر اطلاع دیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے