طلبہ آن لائن کلاسیس سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے تعلیمی سفر کو جاری رکھیں
تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکول و جونیئر کالج یاقوت پورہ کے جلسہ سے رکن اسمبلی سید احمد پاشاہ قادری کا خطاب
حیدرآباد:14۔جولائی (سحرنیوزڈاٹ کام/ای میل)
کورونا وبا کے دوران طا لب علم آن لائن کلاسیس سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے تعلیمی سفر کو جاری رکھیں،علم کا حاصل کرنے ہمارے لیے لازم ہے اور علم کے ذریعے ہی سماج اور ملک کی ترقی ممکن ہے۔ان خیالات کا اظہار سید احمد پاشاہ قادری رکن اسمبلی یاقوت پورہ نے تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکول وجونیئر کالج یاقوت پورہ بوائز 1 کے جلسہ تقسیم کتب سے اپنے خطاب کے دؤران کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کی معاشی اور تعلیمی صورتحال کو بہتر بنانے اور انھیں عصری تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے حکومت تلنگانہ نے تلنگانہ اقلیتی اقامتی تعلیمی ادارہ جات سوسائٹی کاقیام عمل میں لایا ہے جو عوام بالخصوص اقلیتوں کی سہولت کا باعث ہے۔
رکن اسمبلی سید احمد پاشاہ قادی نے اپنے خطاب میں کہا کہ طالب علم ماں باپ کی خدمت کریں اور ان کی دعاوں سے اپنے مستقبل کو تابناک بنائیں۔
قبل ازیں محترمہ نسرین سلطانہ کارپوریٹر نے اپنے خطاب میں کہا کہ والدین اپنے بچوں کو اعلی تعلیم کی طرف راغب کریں اور ان کی اخلاقی تربیت کریں تاکہ یہ بچے اچھے انداز میں تعلیم حاصل کرتے ہوئے مستقبل میں اعلی ملازمتوں کے حصول کے ذریعہ اپنے والدین،اساتذہ ، ملک اور قوم کا نام روشن کریں۔
ڈاکٹراحمد علی شکیل ویجلنس آفیسر نے اپنے خطاب میں اولیاء طلبہ سے کہا کہ بچوں کو پابندی کے ساتھ آن لائن کلاسیس میں شامل کروائیں،ان کی نگرانی کریں اور بچوں کو معیاری تعلیم کے حصول میں اساتذہ کا تعاون کریں۔
انہوں نے اپنے خطاب میں اس یقین کا اظہار کیا کہ تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکولس و جونیئرکالجس کے ذریعہ مستقبل میں اقلیتوں کی سماجی ،معاشی اور تعلیمی حالت بہتر ہوگی ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم ان سے استفادہ کرتے ہوئے بچوں کے مستقبل کوبہتر بنانے کی سنجیدہ کوشش کریں۔
محترمہ فرح فاطمہ اکیڈیمک کوآرڈنیٹر نے اپنے خطاب میں کہا کہ طالب علم ،علم کے حصول میں سنجیدگی کے ساتھ آگے بڑھیں آن لائن کلاسیس میں وقت کی پابندی کے ساتھ شرکت کریں ، وقت پر اپنے ہوم ورک کو مکمل کریں اور سخت محنت اور جستجو سے علم کے میدان میں آگے بڑھیں۔
اس پروگرام کا آغاز ایان محی الدین کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔
قبل ازیں پرنسپل جی۔سوامی نے افتتاحی کلمات ادا کیے اور مہمانوں کا استقبال کیا۔اس جلسہ سے محمد عبدالنعیم ویجلنس آفیسرنے بھی خطاب کیا۔
جلسہ کی نظامت کے فرائض محترمہ منزہ میمونہ نے حسن خوبی کے ساتھ انجام دئیے۔طالب علموں میں درسی کتابیں اور نوٹ بکس تقسیم کی گئی۔ڈاکٹر عزیز سہیل کے شکریہ پر پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔