وقارآباد ضلع میں 24گھنٹوں کے دؤران 10 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ ،کندینلی ندی پر تعمیر عارضی بریج ٹوٹ گیا

ریاستی خبریں ضلعی خبریں

وقارآباد ضلع میں 24 گھنٹوں کے دؤران 10 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ ، کندینلی ندی پرتعمیر عارضی بریج ٹوٹ گیا

تانڈور۔حیدرآباد اہم شاہراہ پر ٹریفک بند ، آبی ذخائر لبریز ،سڑکیں تالابوں میں تبدیل،عوام میں برہمی

وقارآباد/تانڈور:14۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام)

وقارآباد ضلع کے مختلف مقامات پر وقفہ وقفہ سے تیز ، دھواں دھار ، اورموسلادھا ربارش کا سلسلہ جاری ہے۔13جولائی کی صبح 8 بجے تک ضلع وقارآباد میں 488.8 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی تھی۔جبکہ آج 8 بجے صبح تک ضلع وقارآباد میں 1003.2 ملی میٹر (10سنٹی میٹر) بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔

اس بارش کے باعث گزشتہ رات تانڈور۔حیدرآباد روڈ پر موضع کندینلی کے قریب موجود ندی کے بریج پر تعمیرکردہ عارضی بریج بہہ گیا یہ عارضی بریج گزشتہ سال اس مقام پر موجودہ شکستہ بریج کو توڑکر اسی مقام پر جدید بریج کے تعمیراتی کاموں کے آغاز سے قبل اس کے متوازی یہ عارضی بریج تعمیر کیا تھا۔جبکہ حکومت کی جانب سے اس بریج کی منظوری 2017ء میں عمل میں لائی گئی تھی!

اس بریج کے ٹوٹ جانے کے باعث تانڈور۔حیدرآباد اہم شاہراہ پر ٹریفک نظام بند کردیا گیا ہے اور ٹریفک کو براہ پدیمول اور براہ کوکٹ گزارا جارہا ہے جس سے فاصلہ میں اضافہ ہوگا۔

وہیں پرگی اور وقارآباد کے درمیان موجود ندی میں سیلابی پانی کے بریج کے اوپر سے بہنے کے باعث کئی گھنٹوں تک ٹریفک نظام مسدود رہا۔

جاریہ بارش کے باعث تانڈور میں پہلے ہی سے شکستہ کئی سڑکیں تالابوں میں تبدیل ہوگئی ہیں،کئی بلدی حلقے اور نشیبی علاقے جھیلوں کا منظر پیش کر رہے ہیں۔انتہائی بدتر حالت میں موجود سڑکوں کی حالت قابل رحم ہوگئی ہے۔

سوشل میڈیا پر تانڈور کی ابتر سڑکیں جو کہ تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں کی تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے عوام سوال کررہے ہیں کہ انہیں کس جرم کی سزاء دی جارہی ہے؟

مستقر تانڈور کے ساتھ ساتھ تانڈور کو جوڑنے والی تمام سڑکوں کی شکستہ حالی سے عوام برہم ہیں۔

آج سی سی آئی سمنٹ فیکٹری ، پتھر کی معدنیات والے کرنکوٹ اور اوگی پور جیسی اہم اور تجارتی سڑک جس کی حالت بھی انتہائی ابتر ہوگئی ہے پر دو سمنٹ ٹینکرس پھنس گئے جن کی تصاویر اور ویڈیوس سوشل میڈیا( فیس بک) پر پوسٹ کرتے ہوئے عوام یہ سوال اٹھارہے ہیں کہ سڑک پر چلنے والی ہر گاڑی سے جب حکومت کی جانب سے روڈ ٹیکس وصول کیا جاتا ہے تو پھر تانڈور کی سڑکوں کی حالت کیوں اتنی ” دلِندر ” ہے؟

عوام کا مطالبہ ہے کہ تانڈور کو سنگاپور بنانے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن سڑکوں کی اس حالت کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ یہ کاروباری سطح پر ملک بھر میں مشہور تانڈور کی نہیں بلکہ کسی دور دراز دیہات کی سڑکیں ہیں!

یہاں کے عوام کا الزام ہے کہ تانڈور میں موجود پتھر کی صنعتوں، پتھر اور سدّہ کی معدنیات،سمنٹ فیکٹریز،گنج، سینکڑوں چھوٹی بڑی گاڑیوں کے ٹیکس اور دیگر ذرائع سے ریاستی حکومت کو سالانہ کروڑوں روپئے کے ٹیکس حاصل ہوتے ہیں لیکن عوام سے کیے گئے وعدوں کو بالائے طاق رکھ دیا گیا ہے اور تانڈور کے عوام مختلف مسائل کا سامنا کررہے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دؤران وقارآباد میں 88.6 ملی میٹر،نواب پیٹ میں 86.8ملی میٹر،کوڑنگل میں 83؍ملی میٹر،بنٹارام میں 78؍ملی میٹر،تانڈور میں68.4ملی میٹر، بھمرس پیٹ میں58.4ملی میٹر،پدیمول میں 64.2ملی میٹر ، دوما میں 59 ملی میٹر، پوڈور میں 24.2 ملی میٹر ،یالال میں 69.4 ملی میٹر،دھارور میں 63.2 ملی میٹر،

مومن پیٹ میں 59.2 ملی میٹر،مرپلی میں 39.2 ملی میٹر، پرگی میں 44.6 ملی میٹر،کلک چیرلہ میں 53.2ملی میٹر،بشیر آباد میں 42.8؍ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔ بشمول تانڈور ضلع کے مختلف مقامات پرہنوز تیز اور موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

” تانڈور۔حیدرآباد کندینلی روڈ پر ٹوٹا ہوا عارضی بریج۔ (ویڈیو)”

دوسری جانب آج ایڈیشنل کلکٹر ضلع وقارآباد موتی لال کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ میں بتایا گیا ہے کہ ضلع وقارآباد کے مختلف مقامات پر بارش کے دؤران برقی مسدودی کو روکنے کی غرض سے الکٹریسٹی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔

بارش کے دؤران برقی کی مسدودی پر عوام فوری 94931 93177 پر فون کرکے اس کی اطلاع دیں تو محکمہ برقی کے عہدیدار برقی کی بحالی کے اقدامات کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے