کل سے تانڈورکے رعیتوبازار میں ہوگی ترکاریوں کی فروخت،بیوپاریوں کے احتجاج کے بعد جاگے عہدیدار!

ریاستی خبریں ضلعی خبریں

کل 22 مئی سے تانڈور کے رعیتوبازار میں ہوگی ترکاریوں کی فروخت
بیوپاریوں کے احتجاج کے بعد جاگے عہدیدار!

وقارآباد/تانڈور:21۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)

ریاست میں کوروناوائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی غرض سے ریاستی حکومت نے 12 مئی سے دس روزہ لاک ڈاؤن نافذ کیا تھا۔18مئی کو چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ نے اس لاک ڈاؤن میں 30 مئی تک توسیع کا اعلان کردیا۔

اس لاک ڈاؤن کے دؤران عوام کیلئے صبح 6 بجے تا 10 بجے دن اشیائے ضروریہ کی خریدی کیلئے چار گھنٹہ کا وقفہ دیا جارہا ہے۔اسی دؤران بلدیہ تانڈور کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ بسوانہ کٹہ،بلدیہ کے روبرو،مور مارکیٹ کے قریب،قدیم ترکاری مارکیٹ اور دیگر مقامات پر سڑکوں پر ترکاری اور سبزیوں کی فروخت منع ہے اور تمام چھوٹے بیوپاری اور کسان گورنمنٹ جونیئر کالج گراؤنڈمیں اپنی ترکاری کی دکانات لگائیں۔

جس کے خلاف آج جونیئر کالج گراؤنڈ میں چند ترکاری فروشوں سے اس پر احتجاج کرتے ہوئے اپنی ترکاریاں اور سبزیاں مفت تقسیم کردیں۔ان کا کہنا تھا کہ چار گھنٹہ کے وقفہ میں تمام اشیائے فروخت کیساتھ کالج گراؤنڈ پہنچنا اور دس بجے تک خرید و فروخت کے بعد واپس ہونا ممکن نہیں ہے اور اس کے لیے ان پر اشیاء کی منتقلی کیلئے آٹو رکشاؤں اور ٹھیلہ بنڈیوں کے کرایوں کا اضافی بوجھ بھی عائد ہوگا۔

اس پر جونیئر کالج گراؤنڈمیں انہیں کوئی سہولتیں بھی حاصل نہیں ہیں دھوپ کی شدت،ضروریات سے فارغ ہونے کا مسئلہ اور پینے کا پانی تک دستیاب نہیں ہے۔چند بیوپاریوں نے اعلان کردیا کہ کل سے دو دن تک تانڈور میں ترکاری اور سبزیوں کی خرید و فروخت بطور احتجاج بند رکھی جائے گی۔

رکن اسمبلی تانڈور روہت ریڈی آج صبح جونیئر کالج گراؤنڈ میں ترکاری کے بیوپاریوں سے بات کرتے ہوئے۔

اس احتجاج کی اطلاع پر رکن اسمبلی تانڈور روہت ریڈی آج گورنمنٹ جونیئر کالج گراؤنڈ پہنچ گئے اور بیوپاریوں سے بات کی تو بیوپاریوں اور کسانوں نے انہیں درپیش مسائل سے واقف کروایا جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ جونیئر کالج گراؤنڈ کے بجائے کل 22 مئی بروز ہفتہ سے چار سال قبل چنچولی روڈ پر ،بئیل بازار میں تعمیر کردہ رعیتو بازار میں ترکاری اور سبزیوں کی دُکانات لگائی جائیں جس پر بیوپاری بھی تیار ہوگئے کیونکہ بئیل بازار میں پارکنگ کی سہولت ، پینے کا پانی ، دھوپ سے بچاؤ کیلئے شیڈس اور درخت موجود ہیں۔

کل سے خرید وفروخت کیلئے تیار رعیتو بازار۔

لہذاکل 22 مئی سے تانڈور میں ترکاریاں ، سبزیاں اور دیگر اشیائے ضروریہ کی خرید و فروخت بیل بازارمیں موجود رعیتو بازار میں ہوگی۔بسوانہ کٹہ،بلدیہ کے روبرو،مور مارکیٹ کے قریب ،قدیم ترکاری مارکیٹ اورگورنمنٹ جونیئر کالج کے بشمول دیگر مقامات پر سڑکوں پر ترکاری اور سبزیوں کی فروخت نہیں ہوگی۔
اس سلسلہ میں آج صدر زرعی مارکیٹ کمیٹی وٹھل نائیک،نائب صدر بلدیہ دیپا نرسملو نے رعیتو بازار کا دؤرہ کرنے کے بعد بتایا کہ کے کل سے رعیتوبازار میں ترکاریوں اور دیگر اشیاء کی فروخت کے آغاز کیلئے تمام انتظامات کرلیے گئے ہیں۔اس موقع پر سرکل انسپکٹرپولیس تانڈور راجندرریڈی، سابق رکن بلدیہ محمد عرفان کے علاوہ دیگر موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے