راہل گاندھی نے بھارت جوڑو یاترا کے دؤران کرناٹک کے میسور میں گرج چمک اور شدید بارش میں بھیگتے ہوئے اپنا خطاب جاری رکھا

سوشل میڈیا وائرل قومی خبریں

راہل گاندھی نے بھارت جوڑو یاترا کے دؤران کرناٹک کے میسور میں
گرج چمک اور شدید بارش میں بھیگتے ہوئے اپنا خطاب جاری رکھا

بنگلورو/میسور: 03۔اکتوبر
(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز )

سابق صدر کل ہند کانگریس کمیٹی و رکن پارلیمان راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا تمل ناڈو اور کیرالا میں زبردست عوامی تائیدحاصل کرنےکے بعد دو دن قبل ریاست کرناٹک میں داخل ہوگئی ہے۔جہاں انہیں عوامی تائید اور ان کے ساتھ پیدل چلنے والوں کی تعداد میں زبردست اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

راہل گاندھی نےملک میں مہنگائی،بڑھتی مذہبی منافرت اوربیروزگاری کے خلاف 3,570 کلومیٹرطویل پیدل بھارت جوڑویاترا کا 7 ستمبرکو کنیا کماری سے آغاز کیاتھا۔جس نے اب تک 500 کلومیٹر کی تکمیل کرلی ہے۔یہ قومی اور بین الاقوامی سطح کا پہلا پیدل طویل مارچ ہے۔اس بھارت جوڑو یاترا میں حصہ لینے والے 12 ریاستوں سے گزریں گے۔اور اس پیدل مارچ کے 150 دنوں کے سفر کا اختتام جموں وکشمیر میں ہوگا۔

کل اتوار 2 اکتوبر کو بابائے قوم مہاتماگاندھی کی جینتی کے موقع پر راہول گاندھی نےکرناٹک کے تاریخی میسور میں اپنی بھارت جوڑو یاترا منعقد کی۔زبردست عوامی جوش وخروش کے درمیان انہوں نے اس یاترا کے دوران پیدل سفر کیا۔

یاترا کے بعد اتوار کی رات راہل گاندھی نے ایک جلسہ عام سے بھی خطاب کیا۔تاہم ان کی تقریرکےدؤران گرج چمک کےساتھ شدیدبارش کا آغاز ہوا لیکن اس بارش کے دؤران بھی راہل گاندھی نے کھلے اسٹیج سے بارش میں بھیگتے ہوئے اپنی تقریر جاری رکھی،اس تقریرکے دؤران سامعین بھی جوں کا توں کھلے آسمان کے نیچے اپنے سروں پر کرسیاں اٹھائے ہوئے ان کی تقریر سنتے رہے۔اور اسٹیج پر بھی کوئی سائبان نہیں تھا پارٹی قائدین بھی بھیگتے ہوئے بیٹھے رہے۔مجمع میں سے راہل گاندھی زندہ آباد کے نعروں کا سلسلہ بھی جاری رہا۔

اس شدید بارش کے دؤران پرسکون انداز میں بھیگتے ہوئےراہل گاندھی نے اپنا خطاب جاری رکھا۔ان کے ہندی میں کیے گئے خطاب کا کنڑا زبان میں بھی پرسکون ترجمہ کیا جاتا رہا۔یہ منظر انتہائی خوبصورت نظر آرہا تھا اور دیکھتے دیکھتے اس واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔

اس ویڈیو کو خود راہل گاندھی نے بھی ٹوئٹر پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ؎
بھارت کو متحد کرنے سے
ہمیں کوئی نہیں روک سکتا
بھارت کی آواز بلند کرنے سے
ہمیں کوئی نہیں روک سکتا
کنیا کماری سے کشمیر تک جائیں گے
بھارت جوڑ و یاترا کو کوئی نہیں روک سکتا۔

راہل گاندھی کےاس ویڈیو کو ٹوئٹر پر چار گھنٹوں کےدؤران دو لاکھ،دس ہزار سےزائدصارفین نے دیکھا ہے جبکہ اس ویڈیو کے 10ہزار ری ٹوئٹ ہوئے ہیں اور 30,000 سے زائد ٹوئٹر صارفین نے اس ویڈیو کو لائیک کیا ہے۔

وہیں صحافی،فلم ہدایت کار ونود کاپری نے بھی راہل گاندھی کے اس ویڈیو کو ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ”برسات،آندھی اور گاندھی،کچھ سال قبل ایسی ہی ایک تصویر شرد پوار کی دیکھی تھی۔”

یادرہے کہ 2019ءکے مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات کی مہم کےدؤران اس وقت 78سالہ بزرگ مراٹھا رہنما ونیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے سربراہ شرد پوار جن کی انتخابی مہم کے دؤران ان کےمخالفین کی جانب سےخوب تضحیک کی جارہی تھی۔این سی پی نے شردپوار کی انتھک جدوجہد کےبعد مہاراشٹرا اسمبلی میں 54 سیٹیں اور اس کی اتحادی کانگریس پارٹی نے 44 سیٹیں حاصل کرکے بی جے پی اورشیوسینا اتحادمیں دراڑ پیدا کردی تھی۔

انتخابی مہم کے دؤران بزرگ سیاسی رہنما شردپوار کی تیز بارش میں بھیگتے ہوئے انتخابی جلسہ سے خطاب کرنے والی ایک ایسی ہی تصویر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی تھی اور کہا جاتا ہے کہ اس تصویر نے شرد پوار اور این سی پی کو بہت فائدہ پہنچایا تھا۔!!

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے