حیدرآباد میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی،ایک ہفتہ میں چالیس ہزار سے زائد چالانات،ایک کروڑ چالیس لاکھ روپئے کے جرمانے

حیدرآباد میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی
ایک ہفتہ میں چالیس ہزار سے زائد چالانات
ایک کروڑ چالیس لاکھ روپئے کے جرمانے

حیدرآباد:15۔نومبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

حیدرآباد کے راچہ کونڈا کی ٹریفک پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ایک ہفتے کے اندر چالیس ہزار سے زائد مقدمات درج کرتے ہوئے ایک کروڑ 40 لاکھ روپئے سے زیادہ جرمانے عائد کیے ہیں۔اور یہ تمام مقدمات اور جرمانے صرف ایک ہفتے کے اندر یعنی 6 نومبر تا 12 نومبر کے درمیان عائد کیے گئے ہیں۔

راچہ کونڈا ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کے گیے اعداد و شمار کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں اور ٹریفک تحدیدات کے نفاذ کو باقاعدہ بنانے کےلیے شہر بھر میں چلائی گئی مختلف خصوصی مہم کے ایک حصہ کے دوران 6 نومبر سے 12 نومبر کے درمیان موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت 40,620 مقدمات متفرق بے قاعدگیوں کے تحت درج کیے گئے اور 1,43,03,720 روپئے کے جرمانے عائد کیے گئے۔اسی ایک ہفتہ میں 54 سڑک حادثات بھی درج ہوئے ہیں جس میں 10 افراد جان بحق ہوئے اور 50 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے۔

ٹریفک پولیس کے عہدیداروں کے مطابق ٹریفک بے قاعدگیوں میں نمایاں غلطیاں،لاپرواہی اور تیز رفتاری سے اورنشے میں گاڑی چلانا شامل ہیں۔اس کے علاوہ سڑکوں کی خستہ حالی،پھسلن اور ٹریفک کا بے ہنگم بہاو بھی ان حادثوں کی وجوہات میں شامل ہیں۔

نشہ میں ڈرائیونگ کرنے کی لعنت کو روکنے کے لیے ٹریفک پولیس کی خصوصی ٹیم نے اس ایک ہفتہ کی مہم کے دوران 49 مقدمات درج کیے ہیں۔

نشہ میں ڈرائیونگ کرتے ہوئے پکڑے گئے افراد کی ٹریفک ٹریننگ انسٹیٹیوٹ میں ان کے اہل خانہ کی موجودگی میں کونسلنگ کی گئی۔جس میں سے 176 افراد کو عدالت میں پیش کیا گیا اور ان پر 4 لاکھ 30 ہزار روپئے کے جرمانے عائد کیے گئے۔

اس کے علاوہ ریاستی ہائی کورٹ کی ہدایت پر نشے میں گاڑی چلاتے ہوئے چیکنگ کے دوران پکڑی جانے والی 274 گاڑیاں ان کے مالکان کو واپس کر دی گئیں۔