نائٹ کرفیو کے دؤران عوام سڑکوں پر نہ آئیں،خلاف ورزی پر ہوگی کارروائی: ایس پی وقارآباد

نائٹ کرفیو کے دؤران عوام سڑکوں پر نہ آئیں،خلاف ورزی پر ہوگی کارروائی
رات 8 بجے تمام کاروباری اور تجارتی ادارے بند کرنے ہونگے :ایس پی ضلع وقارآباد

وقارآباد: 20۔اپریل(سحرنیوزڈاٹ کام)

سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ضلع وقارآباد مسٹر ایم۔ نارائنا نے آج میڈیا کو جاری کردہ پریس نوٹ اور سوشیل میڈیا کیلئے جاری کردہ ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ریاست میں بڑھتے ہوئے کورونا معاملات کے پیش نظر آج ہی ریاست میں رات کے کرفیو کے نفاذ کا اعلان کرتے ہوئے G.O.Ms.No.87 جاری کردیا گیا ہے جس پر آج 20؍اپریل سے نفاذ عمل میں آئے گا۔

سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ضلع وقارآباد مسٹر ایم۔ نارائنا۔

جسکے تحت ریاست میں یکم مئی کی صبح تک رات کا کرفیو نافذ رہے گا اور یہ کرفیو روزآنہ رات 9 بجے سےصبح 5بجے تک نافذالعمل رہے گا۔

ایس پی ضلع وقارآباد ایم۔ نارائنا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس نائٹ کرفیو پر ضلع وقارآباد میں سختی کیساتھ عمل کویقینی بنایا جائے گا ضلع ایس پی نے کہا ہے کہ رات کے کرفیو کے دوران عوام سڑکوں پر نہ آئیں اور رات 8بجے تمام کاروباری، تجارتی ادارے،سینما تھیٹرس، دُکانات، شراب کی دُکانیں، ہوٹلس، بار اور ریسٹورنٹ بند کردئیے جائیں۔

ضلع ایس پی وقارآباد مسٹر ایم۔نارائنا نے اپنے بیان میں انتباہ دیا ہے کہ نائٹ کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانوں کیساتھ ساتھ انکے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ضلع وقارآباد مسٹر ایم۔ نارائنا میڈیا سے بات کرتے ہوئے۔(ویڈیو)

 

انہوں نے کہا کہ اس نائٹ کرفیو کے دوران پرنٹ اورالیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں، ایمرجنسی خدمات،پٹرول بنکس، میڈیکل شاپس،ہسپتالوں، ڈیاگناسٹک سنٹرس،ای۔ کامرس خدمات، خانگی سیکورٹی سرویس،غذائی اشیاء کی سربراہی کو مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔ساتھ ہی ہنگامی حالات میں یا انتہائی ضروری کاموں کی غرض سے نکلنے والوں کیساتھ پولیس کی جانب سے حالات کے حساب سے نرمی برتی جائے گی۔

ضلع ایس پی نے کہا کہ نائٹ کرفیو کے دؤران ٹرینوں اور بسوں کے ذریعہ سفر کرکے آنیوالوں کے پاس بس اور ٹرین کے ٹکٹس کاہونا لازمی ہوگا۔

اسی طرح اس نائٹ کرفیو کے دوران مریضوں کو علاج کی غرض سے ہسپتال منتقلی میں کوئی روک ٹوک نہیں کی جائے گی،غیر ریاستی گاڑیوں اور ٹرانسپورٹ سرویس پر کوئی پابندی نہیں رہے گی۔

اس نائٹ کرفیو کے دوران میڈیا نمائندوں، طبی عملہ کے پاس شناختی کارڈ ہونا لازمی ہوگا۔ضلع ایس پی وقارآباد ایم۔ نارائنا نے اس سلسلہ میں تمام بیوپاریوں اور عوام سے اپیل کی ہے کہ کورونا وائرس سے عوام کے تحفظ کی غرض سے نافذ کیے گئے اس نائٹ کرفیو کے دوران محکمہ پولیس کیساتھ بہتر تعاون کو یقینی بنائیں۔

سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ضلع وقارآباد مسٹر ایم۔ نارائنا ساتھ ہی ضلع کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وائرس کی جاریہ دوسری لہر کی سنگینی کو ہرگز نظر انداز نہ کریں اور ماسک کا استعمال ضرور کریں ورنہ جرمانوں کے ساتھ مقدمات بھی درج کیے جائیں گے۔

ضلع ایس پی نارائنا نے کہا کہ عوام سماجی فاصلہ کا خاص خیال رکھیں،سینی ٹائزر کا استعمال کریں، بلاء ضرورت اپنے مکانات سے باہر نہ نکلیں اور عوامی بھیڑ بھاڑ والے علاقوں سے دور رہیں۔