ضلع وقارآباد میں 1,839خانگی ٹیچرس کو36.78 لاکھ روپئے اور46 ہزار کلو چاول کی سربراہی:سبیتاریڈی

ریاستی خبریں ضلعی خبریں

کوویڈ کی روک تھام کیلئے نافذکردہ رات کے کرفیو کے مکمل نفاذ کیلئے عوام حکومت سے تعاون کو یقینی بنائے
ضلع وقارآباد میں 1,839 خانگی ٹیچرس کو 36.78 لاکھ روپئے اور 46 ہزار کلو چاول کی سربراہی
دفتر کلکٹریٹ وقارآباد میں جائزہ اجلاس،ریاستی وزیرتعلیم سبیتااندراریڈی کی شرکت اور پریس کانفرنس سے خطاب

وقارآباد: 20۔اپریل(سحرنیوز ڈاٹ کام)

ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ریاست میں بڑھتے کوویڈ معاملات کو روکنے اور عوام کو کوویڈ سے تحفظ فراہم کرنے کی غرض سے حکومت نے رات کا کرفیو نافذ کیا ہے اس اس کرفیو پر سختی سے عمل آوری میں عوام حکومت اور انتظامیہ سے تعاون کو یقینی بنائیں۔

آج شام دیر گئے وزیرتعلیم نے کوویڈ سمیت مختلف امور پر دفتر کلکٹریٹ وقارآباد میں منعقدہ جائزہ اجلاس میں شرکت کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کررہی تھیں۔

قبل ازیں وزیرتعلیم نے ضلع وقارآباد کو دوبارہ چارمینار زون میں شامل کیے جانے پرضلع کے عوام کی جانب سے وزیراعلیٰ کے سی آر سے اظہار تشکر کیا۔

اس جائزہ اجلاس میں ارکان اسمبلی چیوڑلہ،وقارآباد، کوڑنگل اور پرگی کالے یادیا، ڈاکٹر میتکو آنند، پی۔نریندر ریڈی اور مہیش ریڈی کے علاوہ ضلع کلکٹر وقارآباد پوسومی باسو، نائب صدر ضلع پریشد وجئے کمار،ایڈیشنل کلکٹرموتی لال کے علاوہ مختلف محکمہ جات کے عہدیدار شریک تھے۔

وزیر تعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے انکشاف کیا کہ خانگی ٹیچرس کو حکومت نے ماہانہ رقمی اور چاول کی امداد کا اعلان کیا تھا جسکے تحت رقمی ادائیگی کا آج سے آغاز ہوگیا ہے اورضلع وقارآباد میں کل سے خانگی ٹیچرس میں چاول کی تقسیم کا آغاز کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ضلع وقارآباد میں 1,839 خانگی ٹیچرس کو فی کس دو ہزار روپئے کے حساب سے جملہ 36 لاکھ 78 ہزار روپئے نقد رقم اور فی کس 25 کلو چاول کے حساب سے جملہ 45 ہزار 975 کلو چاول فراہم کیا جارہا ہے۔

وزیر تعلیم پی۔ سبیتا اندراریڈی نے بتا یا کہ اب تک ضلع وقارآباد میں 35,236 کوویڈ ویکسین کاپہلا ٹیکہ دیا گیا ہے جبکہ 7,048 افراد کوکوویڈ ویکسین کے دونوں ٹیکے دے دئیے گئے ہیں۔

وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے کورونا وائرس سے متاثر وزیراعلیٰ کے سی آر کی جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات بھی پیش کرتے ہوئے کہا کہ کروڑوں عوام کی دعائیں وزیر اعلیٰ کے سی آر کے ساتھ ہیں۔

اس جائزہ اجلاس میں وزیر تعلیم پی۔ سبیتا اندراریڈی نے کہا کہ کورونا وائرس کی جاریہ وباء کے دوران بھی کسانوں سے اجناس خریدنے میں ریاست تلنگانہ اول مقام پر ہے انہوں نے بتایا کہ حکومت کسانوں کے پاس سے اے گریڈ دھان کو 1,888 روپئے اور سادہ دھان کو 1,868 روپئے فی کنٹل خرید رہی ہے۔

اور اس کے لیے ضلع وقارآباد میں جملہ 191 دھان خریدی مراکز قائم کیے جارہے ہیں۔وزیر تعلیم نے انکشاف کیا کہ اس مرتبہ ضلع وقارآباد میں 69.667 ایکڑارا ضی پر دھان کی کاشت کی گئی ہے اندازہ ہے کہ کسانوں کے پاس سے ایک لاکھ 74 ہزار میٹرک ٹن دھان خریدی جائے گی اور ضلع میں دھان خریدی مراکز کا 26 اپریل سے آغاز ہوگا۔

وزیر تعلیم نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ جاریہ کوویڈ وباء کے دوران ان دھان خریدی مراکز پر کسانوں کو تمام سہولتیں بہم پہنچائی جائیں اور کوویڈ سے احتیاط کیلئے بھی تمام اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

ریاستی وزیر تعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کیلئے حکومت اور طبی ماہرین کی جانب سے دئیے جارہے مشوروں پر لازمی طور پرعمل کریں۔ماسک کا استعمال ضرور کریں ،سماجی فاصلہ کا خاص دھیان رکھیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے