تلنگانہ میں اب ماسک پہننا انتہائی لازمی
خلاف ورزی پر ایک ہزار روپئے کا جرمانہ
مذہبی،سیاسی، ثقافتی اجتماعات اور ریالیوں پر پابندی
اعلیٰ سطحی اجلاس میں چیف سیکریٹری سومیش کمار کی ہدایت
حیدرآباد: 01۔جنوری (سحرنیوزڈاٹ کام)
ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد میں لگاتار اضافہ کے ساتھ ساتھ اومیکرون متاثرین کی تعداد میں بھی ہورہے اضافہ کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت مزید چوکس ہوگئی ہے۔
ریاستی چیف سیکریٹری مسٹر سومیش کمار نے آج حیدرآباد کے بی آر کے آر بھون میں متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔جس میں ریاست کورونا اور اومیکرون سے متعلق موجودہ حالات کا جائزہ لیا گیا۔
اس اجلاس میں ریاستی چیف سیکریٹری مسٹر سومیش کمار نے تمام متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ کوویڈ قواعد کے تحت ریاست میں تمام مذہبی،سیاسی اور ثقافتی اجتماعات، جلسوں، جلوسوں اور ریالیوں کے انعقاد کی ہرگز اجازت نہ دی جائے۔
اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں چیف سیکریٹری مسٹر سومیش کمار نے کہا کہ ٹرانسپورٹ سسٹم،شاپنگ مالس،تجارتی اور کاروباری اداروں، سرکاری اور خانگی دفاتر کے عہدیداروں،ملازمین اور عملہ کے لیے ماسک پہننا اور انسانی فاصلہ قائم رکھنا انتہائی لازمی ہوگا اور ساتھ ہی کوویڈ قواعد پر بھی سختی کے ساتھ عمل کرنا ہوگا۔
تمام اداروں اور اسکولوں کے احاطوں کی صفائی کے ساتھ ساتھ انہیں سینی ٹائز کرنا اور ان میں آئی آر تھرمامیٹر یا تھرمل اسکیانر نصب کرنا لازمی ہوگا اور ساتھ ہی عوام کے لیے سینی ٹائزر کی سہولت بھی فراہم کرنا ہوگا۔
اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں ریاستی چیف سیکریٹری مسٹر سومیش کمار نے یہ ہدایت بھی دی کہ تمام تعلیمی اداروں میں ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کے ساتھ ساتھ طلبہ کے لیے بھی ماسک پہننا اور تمام کوویڈ قواعد پر عمل کرنا انتہائی لازمی ہوگا۔
ریاستی چیف سیکریٹری مسٹر سومیش کمار نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ عوامی مقامات پر عوام کے لیے بھی ماسک کے استعمال کے سابقہ احکام پر لازمی طور پر سختی کے ساتھ عمل کیا جائے اور ان احکام کے تحت ماسک نہ پہننے والوں پر 1،000 روپئے کا جرمانہ عائد کیا جائے۔
چیف سیکریٹری سومیش کمار نے کورونا وائرس اور اومیکرون کے بڑھتے معاملات کے پیش نظر اس سے تحفظ کے لیے عوام بالخصوص ضعیف افراد،مختلف شدید امراض میں مبتلا افراد اور بچے کوویڈ قواعد پر سختی کے ساتھ عمل کریں،ماسک کا استعمال کریں، جسمانی فاصلہ کا خاص خیال رکھیں،عوامی مجمع سے دور رہیں۔

یاد رہے کہ کوویڈ معاملات میں اضافہ اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی جانب سے اومی کرون کے پھیلاؤ کے انتباہ کے بعد حکومت تلنگانہ نے 2 ڈسمبر سے ہی ریاست میں بازاروں، کاروباری اداروں میں ماسک نہ پہننے والوں پر 1،000 (ایک ہزار روپئے) جرمانہ عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اس سلسلہ میں11 اپریل 2021 کو حکومت تلنگانہ کے چیف سیکریٹری سومیش کمار کی جانب سے جاری کردہ G.O.NO.: 82 دوبارہ لاگو کردیا گیا تھا۔تاہم عہدیداروں کی جانب سے اتنی سختی نہیں برتی جارہی تھی۔لیکن عوام کے لیے بھی انتہائی لازمی ہوگیا ہے کہ وہ کوویڈ قواعد پر سختی کے ساتھ عمل کریں اور ماسک لازمی طور پر استعمال کریں۔

