وقارآباد ضلع : قدیم تانڈور کا ریلوے گیٹ آج سے 29 اکتوبر تک بند رہے گا

وقارآباد ضلع : قدیم تانڈور کا ریلوے گیٹ آج سے 29 اکتوبر تک بند رہے گا
پٹریوں کی تبدیل اورمشن بھاگیرتا پائپ لائن کی تنصیب کے کاموں کی انجام دہی

وقارآباد/تانڈور: 21۔اکتوبر (سحرنیوزڈاٹ کام)

 ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے شعبہ انجنیئرنگ کی جانب سے صدر نشین بلدیہ تانڈور، کمشنر بلدیہ تانڈور،سب انسپکٹر پولیس تانڈور اور تحصیلدار تانڈور کو روانہ کئے گئے ایک مکتوب میں اطلاع دی گئی ہے کہ قدیم تانڈور اور جدید تانڈور کے درمیان موجود ریلوے گیٹ آج 21 اکتوبر سے 29 اکتوبر بروز جمعہ تک دن اور رات کے اؤقات میں مکمل طور پر بند رکھاجائے گا۔

اس مکتوب میں اطلاع دی گئی ہے کہ اس دؤران تانڈور ریلوے اسٹیشن کے یارڈ سے تین سمنٹ فیکٹریز تک جانے اور آنے والی ٹریک کی ریل کی پٹریوں کی تبدیلی عمل میں لائی جائے گی۔ایسی ہی ایک نوٹس قدیم تانڈور کے اس ریلوے گیٹ پر بھی چسپاں کی گئی ہے۔

اور ساتھ ہی مشن بھاگیرتا اسکیم کے تحت جاری کاموں کے سلسلہ میں جدید تانڈور سے قدیم تانڈور اس ریلوے گیٹ کے نیچے سے زیر زمین پائپ لائن کی تنصیب بھی عمل میں لائی جائے گی۔اس سلسلہ میں انتظامیہ اور عوام سے تعاون کی خواہش کی گئی ہے۔

یہاں یہ تذکرہ غیرضروری نہ ہوگا کہ برسوں سے قدیم تانڈور کے اس ریلوے گیٹ پر فلائی اوور بریج یا پھر انڈر بریج کی تعمیر کا لگاتار مطالبہ کیا جاتا رہا ہے لیکن سیاسی وعدوں، تیقنات اور اعلانات کے باؤجود یہ مطالبہ آج تک مکمل نہیں ہوپایا ہے۔

عوام کی شکایت ہے کہ اس ریلوے گیٹ کی وجہ سے بالخصوص قدیم تانڈور میں موجود 6 بلدی حلقہ جات کے عوام کو برسوں سے شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور ہنگامی حالات میں دن اور رات کے اؤقات ٹرینوں کی آمد ورفت کے دؤران اس ریلوے گیٹ کے بند رہنے سے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے۔

مریضوں اور حاملہ خواتین کو ہنگامی حالات میں جدید تانڈور میں موجود ہسپتالوں سے رجوع کرنے میں شدید مشکلات پیش آتی ہیں کیونکہ قدیم تانڈور میں ایک بھی سرکاری یا خانگی ہسپتال موجود نہیں ہے!

اور لامحالہ جدید تانڈور میں داخل ہونے کے لیے براہ گرین سٹی،کوڑنگل روڈ سے طویل فاصلہ طئے کرنا پڑتا ہے یا پھر اس ریلوے گیٹ کے قریب موجود چھوٹے سے انڈر بریج کا استعمال کرتے ہوئے تانڈور پہنچا جاتا ہے جہاں سے صرف چھوٹی کاریں،آٹو رکشا اور موٹرسیکلیں ہی گزرسکتی ہیں اس پر انڈر بریج کے قریب موجود میان ہول بھی گاڑیوں کے گزرنے میں رکاوٹ کا باعث بنتا ہے!!

بارہا مرتبہ اس ریلوے گیٹ پر ایمبولنس کے ساتھ ساتھ گاڑیوں اور آٹو رکشاؤں کو طویل انتظار کرتے ہوئے دیکھا جاتا ہے۔

جبکہ قدیم تانڈور کے مانک نگر میں موجود گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول(اردو میڈیم) میں زیرتعلیم جدید تانڈور کی سینکڑوں طالبات کو اسی ریلوے گیٹ سے گزرکر اسکول پہنچنا لازمی ہوتا ہے۔اسی طرح پولیس عہدیداروں اور جوانوں کے مکانات بھی قدیم تانڈور کے مانک نگر میں ہی موجود ہیں ان کی آمدورفت میں بھی خلل عام بات ہے۔

اب مذکورہ بالا کاموں کے باعث 8 دنوں تک قدیم تانڈور کے ریلوے گیٹ کو مکمل طور پر بند کردئیے جانے کی اطلاع سے قدیم تانڈور کے مکین پریشان ہیں!

دوسری جانب آبی قلت کا شکار قدیم تانڈور کے لیے مشن بھاگیرتا اسکیم کے تحت گھر گھر پانی کی سربراہی کے کاموں کی تکمیل بھی ضروری ہیں!! اور محکمہ ریلوے کی جانب سے مال برداری کے لیے پٹریوں کی تبدیلی بھی ناگزیر ہے۔