ایک ضعیف چرواہے کو معلوم ہے ماسک کی اہمیت! وظیفہ کی رقم لینے چڑیوں کے گھونسلہ کو ماسک بنالیا

ایک ضعیف چرواہے کو معلوم ہے ماسک کی اہمیت! وظیفہ کی رقم لینے چڑیوں کے گھونسلہ کو ماسک بنالیا

محبوب نگر/:22۔اپریل(سحرنیوزڈاٹ کام)

حکومت اور طبی ماہرین بار بار یہ مشورہ دے رہے ہیں کہ کورونا وائرس سے بچنے کیلئے ماسک انتہائی اہم رول ادا کرتا ہے۔حکومت تلنگانہ نے ماسک پہننے کو لازمی قرار دیتے ہوئے جی او بھی جاری کردیا ہے۔ اور ریاست میں ماسک نہ پہن کر سڑکوں پر گھومنے والوں پر فی کس ایک ہزار روپئے کا جرمانہ عائد کیا جارہا ہے اور ساتھ ہی مقدمات بھی درج کیے جارہے ہیں۔

گزشتہ دنوں ایک ایسی خبر بھی زیر گشت رہی کہ ایک شخص کو جرمانہ عائد کرنے کے باؤجود بھی وہ خلاف ورزی کرتا رہا جس پر دس گُنا زائد جرمانہ عائد کردیا گیا۔

پھر بھی بازاروں میں یہ نظارے عام ہیں کہ کئی لوگ اور دُکاندار ماسک کو نظرانداز کررہے ہیں ان میں تعلیمیافتہ لوگ بھی ہیں اور ناخواندہ بھی تاہم یہ لوگ پولیس کو دیکھ کر فوری یوں ماسک پہن لیتے ہیں جیسے گزرے زمانے میں بہوئیں اپنی ساس کو دیکھ کر فوری اپنے سر کا پلو سیدھاکرلیا کرتی تھیں!

آج ضلع محبوب نگر میں ایک ضعیف چرواہے نے ایسے لوگوں کو اس وقت ایک پیغام دیا کہ ماسک پہننا لازمی ہے جب وہ اپنا ماہانہ وظیفہ کی رقم حاصل کرنے بینک پہنچا اس نے ماسک بھی کوئی معمولی کپڑے کا یا تولیہ کا نہیں پہنا تھا بلکہ چڑیوں کی جانب سے بنایا ہوا گھونسلہ والا ماسک!!

ضلع محبوب نگر کے اڈاکولا منڈل کے موضع چنا منگال چیڑ کا ساکن چرواہا میکلا کُرویا اپنے چہرے پر چڑیوں کے گھونسلہ کو ماسک کی طرح پہن کرآسرا اسکیم کےتحت ریاستی حکومت کی جانب سے دئیے جانے والے ماہانہ وظیفہ کی رقم حاصل کرنے پہنچا تو وہاں موجود تمام عہدیداروں اورعوام کی نگاہوں کا مرکز بن گیا۔

وہاں موجود لوگوں نے کُرویا کی جانب سے اس انوکھے قسم کا ماسک پہننے کی وجہ پوچھی تو اس نے بتایا کہ وہ اپنی بکریاں چرانے کی غرض سے جنگل گیا تھا تو اسے کسی نے بتایا کہ آج ماہانہ وظیفہ کی رقم دی جارہی ہے تو وہ فوری جنگل سے بینک آرہا تھا تو اس کے ذہن میں آیا کہ بناء ماسک کے اس کو وظیفہ کی رقم نہیں دی جائے گی۔

اسی دؤران اس کی نظر جنگل میں موجود ایک پیڑ پر بنے چڑیوں کے گھونسلے پر پڑی تو فوری اس نے وہ گھونسلہ درخت سے اتار لیا اور اس کو صاف کرکے ماسک کی طرح پہن کر بینک کو آگیا۔

وہاں موجود کئی لوگوں کیلئے یہ ماسک بہت عجیب اور بہتر لگا تو فوری انہوں نے اپنے اپنے موبائل فونس سے چڑیا کے گھونسلہ والا ماسک پہنے ہوئے کُرویا کی ویڈیوس اور تصاویر لے لیں اور دیکھتے دیکھتے یہ سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔

ساتھ ہی وہاں موجود لوگوں نے اس چرواہے کُرویا کی ستائش کی کہ ناخواندہ ہونے کے باؤجود اُسے ماسک کی اہمیت کا اندازہ ہے ۔
چرواہے کُرویا کی ماسک پہنی تصویر اب سوشیل میڈیا کے کئی پلیٹ فارمس پر وائرل ہوگئی ہے جہاں اس کی جم کر تعریف میں کمنٹس کیے جارہے ہیں۔