کورونا کی تشخیص سے بچنے کیلئے ایئر پورٹ سے 300 سے زائد مسافر فرار،تمام کے خلاف ہوگی قانونی کارروائی
آسام/سلچر:22۔اپریل (سحرنیوزڈاٹ کام)
ریاست آسام کی حکومت نے ایرپورٹس پر پہنچنے والے تمام مسافرین کیلئے کورونا وائرس کا ٹسٹ لازمی قرار دیا ہے اور اسکے لیے ایرپورٹس پر اینٹیجن ٹسٹنگ مفت کی جاتی ہے جبکہ آر ٹی-پی سی آر ٹسٹ کیلئے مسافرین کو 500 روپئے ادا کرنے ہوتے ہیں جس کے تحت تیز مسافت انجن کی جانچ میں انفیکشن سے پاک پائے جانے والے مسافروں کو بھی آر ٹی پی سی آرٹیسٹ سے گزرنا پڑتا ہے۔
ان قواعد پر عمل کرنے کے بجائے اور کورونا وائرس ٹسٹ سے بچنے کی غرض سے سلچر ایرپورٹ پہنچنے والے 300سے زائد مسافرین نے ایرپورٹ عہدیداروں سے جم کر بحث کی اور زبردست ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے بناء اپنا کوروناٹسٹ کروائے ایرپورٹ سے کسی طرح فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ایرپورٹ عہدیداروں نے یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے ان تمام مسافرین کے خلاف مجرمانہ کارروائی کی جائے گی۔
اس سلسلہ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ضلع کچھار مسٹرسمت ستوان نے بتایا کہ ملک کے مختلف مقامات سے مختلف طیاروں کے ذریعہ 690 مسافر سلچر ایئرپورٹ پہنچے تھے۔
اور آسام کے ایئرپورٹس پر نافذ قواعد کے تحت کووروناوائرس کی جانچ کی غرض سے ان مسافرین کے نمونے ہوائی اڈہ پر اور قریبی ٹکول ماڈل ہسپتال میں حاصل کیے جانے تھے۔ایرپورٹ عہدیدارکے بموجب تشخیصی فیس کے طورپر 500 روپئے کی ادائیگی کے لیے ان دونوں مذکورہ بالا مقامات پر 300 سے زائد مسافرین نے ہنگامہ آرائی شروع کردی اور موقع کا فائدہ اٹھاکر فرار ہوگئے۔
ایئر پورٹ عہدیدار نے بتایا کہ سلچر ایئر پورٹ کے ریکارڈ میں تمام مسافرین کا مکمل ریکارڈ موجود ہے جو کوویڈ ٹسٹ سے بچنے کی غرض سے فرار ہوئے ہیں۔جنہیں تلاش کیا جائے گا اوران تمام مسافرین کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 188کےتحت فوجداری مقدمات درج کرتے ہوئے ان تمام کےخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔جس میں حکومت کی جانب سے نافذ کردہ قانون کی خلاف ورزی کا کیس بھی شامل ہے۔