ویکسین،انجکشن اور آکسیجن کی سربراہی میں تلنگانہ کیساتھ مرکزی حکومت کا شدید امتیازی سلوک: وزیرصحت
حیدرآباد: 22۔اپریل(سحرنیوزڈاٹ کام)
وزیرصحت تلنگانہ ایٹالہ راجندر نے آج شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بی جے پی قیادت والی مرکزی حکومت پر یہ سنگین الزام عائد کیا ہے کہ وہ جاریہ کورونا وائرس کی وباء کے دؤران ریاست تلنگانہ کو کوویڈویکسین،انجکشنس اور آکسیجن کی سربراہی میں شدید امتیازی سلوک برت رہی ہے۔
ساتھ ہی وزیر صحت تلنگانہ ایٹالہ راجندر نے کھلے لفظوں میں پریس کانفرنس میں کہا کہ اگر ریاست میں آکسیجن کی قلت پیدا ہوتی ہے تو اس کیلئے مرکزی حکومت ذمہ دار ہوگی اور اس سلسلہ میں حکومت تلنگانہ مرکزی حکومت سے اپناسخت احتجاج درج کرواتی ہے۔
وزیر صحت نے کہا کہ مرکزی حکومت ریاستوں کیساتھ مساوی برتاؤ نہیں کررہی ہے اور ریاستوں کو ساتھ لیکر چلنے تیار نہیں ہے۔
وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے یہ سخت ریمارک بھی کیا کہ چند ہسپتال نعشوں سے فائدہ اٹھانے میں مصروف نظر آتے ہیں!
انہوں نے کہا کہ کوویڈ ویکسین کی قیمتوں میں فرق سے ہی مرکزی حکومت کی نیت کا فرق واضح ہوجاتا ہے۔
وزیر صحت تلنگانہ ایٹالہ راجندر نے کہا کہ کورونا وائرس کی پہلی لہر کے دؤران دنیا اور ملک کو خوفزدہ، زبردست پریشانیوں اور مسائل کا سامنا ہونے کے باؤجود حکومت تلنگانہ نے ان حالات کا بہتر طورپر مقابلہ کیا تھا۔
وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے انکشاف کیا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دؤران وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے منعقدہ ویڈیو کانفرنس کے دؤران دیگر ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کی باتوں کو محسوس کرتے ہوئے اسی وقت وزیر اعلیٰ کے سی آر نے ہدایت دے دی تھی کہ اس معاملہ پہلے ہی احتیاطی اقدامات کرلیے جائیں۔
اور وزیر اعلیٰ کے سی آر نے پڑوسی ریاستوں مہاراشٹرا، چھتیس گڑھ ، کرناٹک اور آندھرا پردیش میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسس کو دیکھتے ہوئے بڑے پیمانے پر ریاست تلنگانہ میں پہلے ہی تمام اقدامات کرلینے کی بھی ہدایت دی تھی۔
وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے انکشا ف کیا کہ یہی وجہ تھی کہ پہلے ہی چار لاکھ اینٹی وائرل ڈرگ Remdesivir کا آرڈر دے دیا گیا تھا۔
وزیر صحت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ ہمیں امید تھی کہ یہ اپنے ہی پاس تیار ہورہے ہیں تو ہمیں زیادہ مقدار میں دستیاب ہونگے لیکن مرکزی حکومت نے اس کی تقسیم کا مکمل کنٹرول اپنے پاس لے لیا اورمرکزی حکومت نے ہمارے ساتھ ہی امتیازی سلوک کیا۔