وقار آباد ضلع کے تانڈور میں تین دنوں تک نلوں کے ذریعہ مشن بھاگیرتا کے پانی کی سربراہی نہیں ہوگی

وقار آباد ضلع
تانڈور میں تین دنوں تک نلوں کے ذریعہ مشن بھاگیرتا کے پانی کی سربراہی نہیں ہوگی

وقارآباد/تانڈور: 31۔جنوری (سحرنیوزڈاٹ کام)

وقار آباد ضلع کے تانڈور کے تمام مقامات پر مشن بھاگیرتا کےتحت نلوں کے ذریعہ تین دنوں تک پانی سربراہ نہیں کیا جائے گا۔اس سلسلہ میں ڈپٹی ایگزیکٹیو انجینئر بلدیہ تانڈورٹی۔وینکٹا رنگاناتھم نے آج ایک پریس نوٹ جاری کرتےہوئےبتایا ہےکہ مشن بھاگیرتا اسکیم کے تحت سری سیلم سے وقارآباد ضلع کے پرگی تک 2,200 را واٹر پائپ لائن میں کلواکرتی کے قریب شگاف پڑگیا ہے۔

مشن بھاگیرتا تانڈور کےعہدیداروں کےمطابق اس پائپ لائن کےشگاف کی مرمت کے کاموں کے باعث تانڈور ٹاؤن میں آج 31 جنوری سے 3 فروری(تین دنوں تک) تک مشن بھاگیرتا کے تحت نلوں کے ذریعہ پانی کی سربراہی بند رہے گی۔ڈپٹی ایگزیکٹیو انجینئر بلدیہ تانڈورٹی۔وینکٹا رنگاناتھم نے تانڈور کے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ان تین دنوں کے دؤران پانی کی بچت کرتے ہوئے اسے خرچ کریں اور قریبی بورویلس کے پانی سے استفادہ کرتے ہوئے پانی کی عدم سربراہی پر تعاون کریں۔

مشن بھاگیرتا اسکیم کی آبی سربراہی میں وقفہ وقفہ سےتعطل کے باعث وقار آباد ضلع کے عوام کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑر ہا ہے۔!!

یاد رہے کہ پرگی کے قریب موجود مشن بھاگیرتا ذخیرہ پر دیکھ بھال اور مرمتی کاموں کےلیےضلع وقارآباد کے اسمبلی حلقہ جات وقارآباد، تانڈور، پرگی اور کوڑنگل کےتمام مقامات پر یکم جنوری تا 10 جنور ی ایک دن کے وقفہ سے نلوں کے ذریعہ آبی سربراہی کی گئی تھی۔
جبکہ ماہ ڈسمبر میں بھی ایک ہفتہ تک مشن بھاگیرتا کےتحت بناء کسی پیشگی اطلاع مکمل آبی سربراہی بند کردئیے جانے سےبالخصوص تانڈورکے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

دوسری جانب مشن بھاگیرتا اسکیم کے آغاز سےقبل بلدیہ تانڈور کی جانب سے تانڈورکےتمام بلدی حلقوں کو نلوں کے ذریعہ کاگنا ندی کا صاف کیا گیا پانی سربراہ کیا جاتا تھا۔ تاہم مشن بھاگیرتا کے آغاز کے بعد سے یہ سلسلہ بند کر دیا گیا ہے۔جس کے بعد کاگنا ندی کے پمپ ہاؤز میں موجود برقی موٹریں مکمل طور پر ناکارہ اور ناقابل استعمال ہوکر رہ گئی ہیں۔اطلاعات کے مطابق ان برقی موٹرز کی درستگی کے لیے زائداز دیڑھ کروڑ روپئے کا صرفہ ہوگا۔!!

تانڈور کے عوام کا کہنا ہے کہ مشن بھاگیرتا اسکیم کے تحت آبی سربراہی میں وقفہ وقفہ سے رکاوٹ کے باعث عوام کو ہونے والی مشکلات اور موسم گرما کے پیش نظر کاگنا ندی کے پمپ ہاؤز کو دوبارہ کارکرد بنایا جائے۔اس کے لیے کاگنا ندی میں چیک ڈیم بھی تعمیر کروایا گیا ہے۔عوام کا استفسار ہے کہ جب ذرائع پہلے سے ہی موجود ہیں تو عوامی نمائندے اور بلدی عہدیدار کیوں اس جانب توجہ نہیں دے رہے ہیں۔؟