تانڈور کی تور دال نے جی آئی رجسٹریشن حاصل کرکے تلنگانہ کی شناخت اور شہرت میں مزید اضافہ کردیا : وزیر زراعت تلنگانہ کا خطاب

ریاستی خبریں ضلعی خبریں

وقار آباد ضلع کے تانڈور کی تور دال نے جی آئی رجسٹریشن حاصل کرکے
بین الاقوامی اور قومی سطح پر تلنگانہ کی شناخت اور شہرت میں مزید اضافہ کردیا
تانڈور میں منعقدہ تقریب سے وزیر زراعت نرنجن ریڈی کا خطاب

وقارآباد/تانڈور: 31۔جنوری(سحرنیوزڈاٹ کام)

وزیر زراعت تلنگانہ سنگی ریڈی نرنجن ریڈی نے کہا ہےکہ تانڈور میں کاشت کی جانے والی تور کی دال Red Gram# نے جی آئی رجسٹریشن(جغرافیائی اشارے/جی آئی انڈیکیشن ) Geographical Indication# حاصل کرتے ہوئے بین الاقوامی اور قومی سطح پر ریاست تلنگانہ کی شناخت اور شہرت میں مزید اضافہ کردیا ہے۔
ریاستی وزیر آج منگل کو وقار آبادضلع کے حلقہ اسمبلی تانڈور میں موجود زرعی ریسرچ سنٹر میں منعقدہ تقریب میں مرکزی حکومت کی جانب سے تانڈور کی تور دال کومنظور کیے گئے جی آئی رجسٹریشن Geographical Indication# پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے مرکزی حکومت کی جانب سے منظورہ جی آئی رجسٹریشن کے دستاویزات بھی مقامی عوامی نمائندوں،زرعی ریسرچ سنٹر کےعہدیداروں اور تور کےکسانوں کے حوالے کیے۔

اس تقریب میں رکن پارلیمان چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔رنجیت ریڈی،رکن قانون سازکونسل وسابق وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر پی۔مہیندرریڈی،رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی، وائس چانسلر قومی زرعی یونیورسٹی جگدیشور ،ضلع کلکٹر وقارآباد کے۔نکھیلاکے علاوہ دیگر شریک تھے۔

اس تقریب سے خطاب کرتےہوئے ریاستی وزیر زراعت سنگی ریڈی نرنجن ریڈی نے کہاکہ متحدہ آندھرا پردیش کے وقت سے ہی اور اب بھی آندھراپردیش اور تلنگانہ مختلف قدرتی زیر زمین وسائل سے مالامال ریاستیں ہیں،تاہم انہیں خصوصی شناخت،اہمیت اور قبولیت نہ ملنے کے باعث یہ شہرت اور مقام حاصل کرنے سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کے قیام کے بعد سے بشمول تانڈور کی تور دال کے جملہ 6 جی آئی رجسٹریشن حاصل ہوئے ہیں۔جبکہ تلنگانہ کے 16 متحدہ اضلاع میں جملہ 16 بین الاقوامی سطح کے جی آئی رجسٹریشن حاصل ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تانڈور کے علاقہ میں زیر زمین معدنیات کے باعث تور اور اس کی دال میں طاقتور اجزاء،خوشبو اور ذائقہ کے ساتھ ساتھ دیگر بے پناہ خصوصیات پائی جاتی ہیں جس کےباعث ریاست تلنگانہ کوبھی جہاں خصوصی شناخت حاصل ہوئی ہے وہیں ریاست کی ترقی بھی ہوئی ہے۔ریاستی وزیر زراعت سنگی ریڈی نرنجن ریڈی نے کہا کہ خود مرکزی حکومت کی جانب سے تانڈور کی تور کی دال کو جی آئی رجسٹریشن کی سند عطا کرنا بہت بڑی خوشی کا باعث ہے۔

ریاستی وزیر نے کہا کہ حیدرآباد کی بریانی،حلیم اور موتیوں کےعلاوہ نرمل کے کھلونے اور پینٹنگ،گنٹور کی لال مرچ،کولہا پور کے آموں نے جس طرح شہرت حاصل کی ہے اتنی ہی شہرت تانڈور کی تور کی دال کو حاصل ہوئی ہے۔انہوں نے مشورہ دیا کہ تانڈور کی اس تور دال کی مزید بڑے پیمانے پر تشہیر کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ لوگوں تک اس سے فائدہ پہنچایا جائے۔

اپنے خطاب میں ریاستی وزیر زراعت سنگی ریڈی نرنجن ریڈی نے کہاکہ آنےوالے دنوں میں شعبہ زراعت ہی سب سے زیادہ ترقی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ زراعت کے ساتھ باغبانی کا شعبہ بھی مزید ترقی کرے گا،اس لیے ضروری ہےکہ تور کی کاشت کو نظرانداز نہ کیا جائے۔اور ساتھ ہی تیل کے بیجوں کی کاشت کو بھی ترجیح دی جائے۔انہوں نے کسانوں کو مشورہ دیا کہ اب وہ مکئی اوردھان کی کاشت پر دھیان دینے سے باہر آئیں۔ریاستی وزیر نے کہا کہ تور کی پیداوار سے کسانوں کو مزید فائدہ پہنچانے کےلیے ریسرچ کا کام جاری ہے۔انہوں نے کسانوں کومشورہ دیا کہ وہ جراثیم کش ادویات اور نقلی بیجوں کےاستعمال کے ذریعہ زرخیز زمینوں کو برباد نہ کریں۔

اس تقریب سے اپنے خطاب میں ریاستی وزیر زراعت سنگی ریڈی نرنجن ریڈی نے اعلان کیا کہ چند ماہ کے اندر وقارآباد اور تانڈور کو پالمور۔رنگاریڈی لفٹ ایریگیشن کے ذریعہ پانی کی سربراہی کے اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کی طر زپر اس کو ترقی دی جارہی ہے۔اس سلسلہ میں مرکزی حکومت بھی انجان بن رہی ہے تو چند ایک اس کے خلاف عدالت سے رجوع ہوئے ہیں۔

ساتھ ہی وزیر زراعت نے اعلان کیا کہ جلد ہی حکومت کی جانب سے تانڈور میں توربورڈ اور پیاز کے کسانوں کو اپنی پیداوار محفوظ رکھنے کی غرض سے کولڈ اسٹوریج کے قیام کو یقینی بنایا جائے گا۔

قبل ازیں رکن قانون ساز کونسل وسابق وزیر ٹرانسپورٹ  ڈاکٹر پی۔مہیندرریڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ کے سی آر ریاست کے کسانوں کی معاشی ترقی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کررہے ہیں۔

رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے اپنے خطاب میں وزیر زراعت سےمطالبہ کیا کہ تانڈور میں توربورڈ اور پیاز کے لیے کولڈ اسٹوریج قائم کیا جائے۔رکن پارلیمان چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔رنجیت ریڈی اور ضلع کلکٹر کے۔نکھیلا اور دیگر نے بھی اس تقریب سے خطاب کیا۔

بعد ازاں ریاستی وزیر زراعت سنگی ریڈی نرنجن ریڈی نے زرعی ریسرچ سنٹر تانڈور کےسائنسدانوں کو جی آئی رجسٹریشن کی سند حوالے کرتے ہوئے مبارکباد دی۔اور اس جی آئی رجسٹریشن کے لیے لگاتار نمائندگی کرنے والے رعیتوسنگھم کے نمائندے نرسملو اور دیگر کو تہنیت پیش کی۔

اس تقریب میں ایڈیشنل کلکٹر راہل شرما،صدرضلع لائبرریز راجو گوڑ، ڈی سی سی بی چیئر مین منوہر ریڈی،ہیڈ سائنٹسٹ زرعی ریسرچ سنٹر تانڈور ڈاکٹر سدھا کر چوارت،ڈاکٹر سدھا رانی،صدرنشین بلدیہ تاٹی کونڈا سواپنا پریمل،نائب صدرنشین بلدیہ پٹلولا دیپا نرسملو،ایم پی پی یالال بالیشور گپتا،سابق صدر ڈی سی سی بی پی۔لکشما ریڈی،صدر ٹاؤن ٹی آر ایس ایم اے نعیم افو کے علاوہ مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں،ارکان بلدیہ،پارٹی قائدین اور کسانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے