تلنگانہ میں آج رات سے نافذ کیے جارہے ” نائٹ کرفیو "سےمتعلق مکمل تفصیلات
حیدرآباد:20۔اپریل(سحر نیوزڈاٹ کام)
ملک میں جاری کوروناوائرس کی دوسری لہر کے قہر کے دؤران ملک کی زائد از ایک درجن ریاستوں کے مختلف شہروں میں مکمل طور پر لاک ڈاؤن،ہفتہ واری کرفیو یا پھر رات کے کرفیو کا عمل جاری ہے۔
کل 19 اپریل کو ریاستی ہائیکورٹ نے حکومت تلنگانہ کو ہدایت دی تھی کہ ریاست میں بڑھتے ہوئے کورونا معاملات کو دیکھتے ہوئے حکومت اندرون 48 گھنٹے ریاست میں لاک ڈاؤن یا کرفیو کے نفاذ کا فیصلہ کرے ورنہ ہائیکورٹ خود ایسا اقدام کرے گی۔
جس کے بعد حکومت تلنگانہ نے آج 20 اپریل،بروز منگل GO.MS.NO: 87 جاری کرتے ہوئے ریاست میں رات کے کرفیو کے نفاذ کا اعلان کردیا ہے یہ نائٹ کرفیو روزآنہ رات 9 بجے سے صبح 5 بجے تک نافذ العمل ہوگا جس پر آج رات سے یکم مئی کی صبح 5 بجے تک عمل ہوگا۔

ریاستی گورنر کی ہدایت پر ریاستی چیف سیکریٹری سومیش کمار کی جانب سے جاری کردہ اس جی میں درج تفصیلا ت کے مطابق
اس نائٹ کرفیو کے دؤران عوامی نقل وحرکت پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔ جبکہ اس نائٹ کرفیو کے دؤران ایمرجنسی خدمات اور دیگر ضروری خدمات کو مستثنیٰ رکھا گیا ہےجس میں ہسپتال، ڈیاگناسٹک سنٹرس،میڈیکل ہالس اور دیگر ضروری خدمات شامل ہیں۔
ساتھ ہی پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا،پٹرول بنکس،ایل پی جی سرویس،سی این جی اورگیس سربراہی مراکز ،شعبہ برقی سربراہی ،آبی سربراہی،صاف صفائی، خانگی سیکورٹی سرویس کو بھی اس نائٹ کرفیو سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔
اسی طرح اس نائٹ کرفیو کے دؤران ٹیلی کمیونیکیشن ،انٹرنیٹ سرویسس،براڈ کاسٹنگ کیبل سرویسس،آئی ٹی اور اس سے متعلق شعبہ جات،ای۔کامرس اشیاء کی ڈیلیوری کو چھوٹ رہے گی۔

وہیں تلنگانہ میں آج رات سے نافذ کیے جارہے اس نائٹ کرفیو کے دؤران کاروباری اور تجارتی ادارے،دُکانات،ہوٹلس رات 8بجے بند کردینے ہونگے۔
اس نائٹ کرفیو کے دؤران ریاستی اور غیر ریاستی ٹرانسپورٹ سسٹم ،حمل و نقل پر کوئی پابندی عائد نہیں رہے گی۔اور اشیائے ضروریہ یا دیگر اشیاء کی منتقلی میں مصروف ریاستی اور غیر ریاستی ٹرانسپورٹ سسٹم کو بھی اس نائٹ کرفیو سے باہر رکھا گیا ہے اور اسکے لیے کوئی اجازت نامہ یا پاس حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
اس جی او میں انتباہ دیا گیا ہے کہ اس نائٹ کرفیو کی خلاف ورزی پر دفعات 51 تا 60 اورڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ 2005ء اور آئی پی سی کی دفعہ 188 کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔اس سلسلہ میں ریاست تمام اضلاع کے متعلقہ اعلیٰ عہدیداروں کو یہ اختیارار سونپ دئیے گئے ہیں۔

یہاں یہ تذکرہ غیر ضروری نہ ہوگا کہ ملک کی ریاستوں مہاراشٹرا ،گجرات، دھیہ پردیش،اتر پردیش اور دہلی کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دؤران بہت زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ تلنگانہ میں بھی حکومت کی جانب سے تمام مناسب اقدامات کے باؤجود دن بہ دن کورونا وائرس متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔
دن بہ دن بگڑتے حالات کو قابو میں کرنے کی غرض سے ملک کی 11 ریاستوں کرناٹک، دہلی، گجرات،مہاراشٹرا،اتر پردیش،مدھیہ پردیش، ٹاملناڈو، چھتیس گڑھ، کیرالا اور پنجاب میں کئی دن قبل ہئ رات کا کرفیو ، ہر ہفتہ کی رات سے پیر کی صبح تک کرفیو، یا پھر 30اپریل تک مکمل لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیاہے۔جبکہ یکم مئی کی صبح تک مہاراشٹرا میں کئی ایک سخت پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔

