کرناٹک کے بنگلور،میسور،گلبرگہ ،بیدرسمیت 8 شہروں میں10اپریل سے رات کے کورونا کرفیو کانفاذ

بین ریاستی خبریں قومی خبریں

کرناٹک کے بنگلور،میسور،گلبرگہ سمیت 8 شہروں میں 10 اپریل سے رات کے کورونا کرفیو کانفاذ

بنگلورو:8۔اپریل(سحرنیوزڈاٹ کام)

حکومت کرناٹک نے بڑھتے ہوئے کورونا وائرس معاملات کو دیکھتے ہوئے ریاست کے 8 بڑے شہروں میں بروز ہفتہ 10اپریل سے رات کے کورونا کرفیو کے نفاذ کا اعلان کیا ہے ۔جس میں کرناٹک کا دارالحکومت بنگلور سمیت میسور ، منی پال ، گلبرگہ ، بیدر ،منگلورو، اُڑپی اور تمکور شامل ہیں۔

بینگلورو

چیف منسٹر کرناٹک بی ایس ایڈی یورپا نے اعلان کیا ہے کہ ریاست کے ان 8 شہروں میں 10 اپریل سے 20 اپریل تک رات 10 بجے سے 5بجے صبح تک کرفیو نافذ رہے گا۔اس کرفیو کے دؤران عوام کی حمل ونقل پر سخت پابندی رہے گی جبکہ صرف ضروری اشیاء کی خریدوفروخت،منتقلی کے بشمول ایمرجنسی خدمات کیلئے اجازت دی جائے گی۔

میسور پیلس

اسی دؤران آج ریاست کرناٹک میں 6,976 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جن میں سے صرف بنگلورو میں ہی 4,991 کورونا کے کیس درج ہوئے ہیں۔

گلبرگہ کی مشہور درگاہ حضرت خواجہ بندہ نواز ؒ

 ریاست کرناٹک میں آج تک جملہ 10,33,560 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جن میں 49,254 ایکٹیو کیس ہیں۔ وہیں ان میں سے 9,71,556 متاثرہ افراد صحتیاب ہوئے ہیں اور اندرون 24 گھنٹے 2,795 متاثرین صحتیاب ہوکر ہسپتالوں سے ڈسچارج ہوئے ہیں۔اور 36متاثرین کی موت بھی واقع ہوئی ہے۔

بیدر کا تاریخی قلعہ۔

دوسری جانب کورونا وائرس متاثرین کی برھتی تعداد کے پیش نظر آج ہی میسور ضلع انتظامیہ نے میسور ڈپٹی کمشنر روہنی سندھوری کا دستخط شدہ اعلامیہ جاری کیا ہے جس کے تحت 143 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود بنگلورو سے میسور آنے والوں کیلئے سفر سے 72 گھنٹے قبل جاری کردہ کورونا نگیٹیو سرٹیفکیٹ کو لازمی قرار دیا گیاہے۔

یاد رہے کہ ریاست کرناٹک اب ملک کی ایسی دسویں ریاست ہوگی جہاں رات کا کرفیو نافذ العمل ہوگا جس میں دہلی، گجرات،مہاراشٹرا،اتر پردیش،مدھیہ پردیش، ٹاملناڈو، چھتیس گڑھ، کیرالا اور پنجاب شامل ہیں۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے