حیدرآباد: گستاخ رسول ﷺ، رکن اسمبلی راجہ سنگھ کو ضمانت
سی آر پی سی 41 کے تحت بغیر نوٹس گرفتاری کی شکایت پر عدالت کا فیصلہ
حیدرآباد:23۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)
پیغمبراسلام ﷺ کی شان اقدس میں اپنے ویڈیو کے ذریعہ گستاخی کرنے والے رکن اسمبلی حلقہ گوشہ محل،حیدرآباد راجہ سنگھ کو بالآخر عدالت نے ضمانت دے دی۔جنہیں قبل ازیں 14 دنوں کی عدالتی تحویل میں دے دیا گیا تھا۔
رکن اسمبلی حلقہ گوشہ محل،حیدرآباد راجہ سنگھ کی جانب سے اسٹانڈ اپ کامیڈین منورفاروقی کے خلاف بنائے گئے اپنے ویڈیو میں پیغمبر اسلام ﷺ کی شان اقدس میں ہانت آمیز ریمارکس کے خلاف بشمول حیدرآباد اور تلنگانہ کے مختلف مقامات پر شدید احتجاج کے دوران آج صبح پولیس نے راجہ سنگھ کومختلف ناقابل ضمانت دفعات کےتحت گرفتار کرتے ہوئے بولارم پولیس اسٹیشن منتقل کیا تھا۔جس کے بعدآج سہء پہر ہی بی جے پی کی قومی تادیبی کمیٹی نے پارٹی سے معطلی کا اعلان کرتے ہوئے انہیں وجہ بتاؤ نوٹس جاری کی تھی۔
راجہ سنگھ کے خلاف تلنگانہ کے 12 تا 15 مقامات پر ایف آئی آر درج ہوئے ہیں۔حیدرآباد کے منگل ہاٹ پولیس اسٹیشن میں بھی قادر نامی شخص کی شکایت کے بعد پولیس نے ایک کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے رکن اسمبلی راجہ سنگھ کوان کے مکان سے گرفتار کرتے ہوئے بولارم پولیس اسٹیشن منتقل کیا تھا۔
بعدازاں آج شام دیرگئے پولیس نےبولارم پولیس اسٹیشن سےانہیں نامپلی کی عدالت میں معزز جج کے روبرو پیش کیا۔جہاں میٹروپولٹین مجسٹریٹ نے راجہ سنگھ کو 14 دنوں کےلیے عدالتی تحویل میں روانہ کرنے کا حکم دیا۔جس کے بعد میڈیا میں اطلاعات عام ہوئیں کہ راجہ سنگھ کو چنچل گوڑہ جیل منتقل کردیا گیا ہے۔
جس کے چند منٹوں بعد ہی راجہ سنگھ کے وکلانے ان کی ضمانت کےلیے عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ راجہ سنگھ کی گرفتاری کے لیے پولیس نے ضابطہ فوجداری (سی آر پی سی Code Of Criminal Procedure) 41 کےتحت ان کے موکل کونوٹس دئیے بغیر ہی گرفتار کرلیا ہے۔وکلا نے دلیل پیش کی کہ سی آر پی سی 41کے ذریعہ قبل ازوقت نوٹس نہ دے کر گرفتار کرنا غیر قانونی عمل ہے۔

اس مسئلہ پر پولیس کے وکلا اور راجہ سنگھ کے وکلا کے درمیان بحث و مباحثہ ہوا۔جس کے بعد عدالت نےراجہ سنگھ کےوکلا کے اعتراض کو درست مانتے ہوئے ان کی گرفتاری کے طریقہ پر سوال اٹھائے اور سپریم کورٹ کے رہنمایانہ خطوط پر عمل نہ کرتے ہوئےانہیں گرفتار کیے جانے کو مسترد کرتے ہوئےراجہ سنگھ کو فوری رہا کرنے کا حکم دیا۔ساتھ ہی عدالت نے راجہ سنگھ کوہدایت دی کہ وہ پولیس کی تحقیقات میں تعاون کریں۔
انسٹاگرام پر Dw News Hyderabad کی جانب سے ایک ویڈیو پوسٹ کیا گیا ہے۔جس میں رہائی کے بعد رکن اسمبلی راجہ سنگھ کا ان کے مکان پراستقبال کیا جارہا ہے۔اور ان کے حامی نعرے لگارہے ہیں۔

