تانڈور میں ہزاروں فرزندانِ توحید نے عیدگاہ اور مساجد میں نمازِ عیدالاضحیٰ خشوع و خضوع کے ساتھ ادا کی
ایم ایل سی مہندر ریڈی،ایم ایل اےروہت ریڈی،صدر بلدیہ،انچارج کانگریس رمیش نے عید کی مبارکباد دی
وقارآباد/تانڈور:21۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام )
تانڈور میں عیدالاضحی خشوع وخضوع کیساتھ منائی گئی ہزاروں فرزندانِ توحید نے آسمان پر گہرے اور ہلکے بادلوں کی آنکھ مچولی،خوشگوار اور ابر آلود مؤسم، ہلکی بارش کی پھواروں کے درمیان جدیدعیدگاہ چنگیز پور روڈ میں مولانا حافظ محمدشکیل احمدنظامی ناظم مدرسہء مدینتہ العلوم و نائب قاضی تانڈور کی امامت میں تمام کوویڈ قواعد پر عمل کرتے ہوئے نماز عیدالاضحی ادا کی اور پرسکون انداز میں خطبہء عیدالاضحی کی سماعت کی۔

زائد از 14 ماہ بعد آج عیدگاہ تانڈور میں نماز کا روح پرور نظارہ قابل دید تھا کیونکہ گزشتہ سال ساری دنیا کے ساتھ ساتھ ہندوستان اور ریاست تلنگانہ میں کوویڈ وباء کے آغاز کے بعد شاید ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ لاک ڈاؤن کے نفاذ اور کوویڈ قواعد پر سختی کے باعث 23 مئی 2020ء بروز ہفتہ کو منعقدہ نماز عیدالفطر اور 30 جولائی 2020ء بروز جمعرات نماز عیدالاضحیٰ عیدگاہوں میں ادا نہیں کی گئی تھی۔
جبکہ جاریہ سال کورونا وائرس کی دوسری لہر کے قہر کے باعث 12 مئی 2021ء بروز جمعرات عیدالفطر کی نماز بھی عیدگاہوں میں ادا کرنے کی حکومت نے اجازت نہیں دی تھی۔مسلمانوں نے ان تینوں عیدین کی نمازیں سخت کوویڈ قواعد کے ساتھ مساجد یا پھر اپنے مکانات میں ادا کی تھی۔
آج عیدگاہ تانڈور میں نماز عیدالاضحیٰ کی ادائیگی کے بعد مولانا حافظ محمدشکیل احمد نظامی نے ملک ،ریاست اور دنیا بھر میں اسلام کی سربلندی ،امن و امان کے قیام اور دشمنان اسلام کے شر اور انکی سازشوں سے مسلمانوں کی حفاظت کیلئے ،دنیا ، ملک اورریاست سے کورونا وباء کے مکمل خاتمہ ،اور نفع بخش بارش کیلئے خدا کے حضور دعاء کی۔
مولانا نے اپنے خطبہ میں مسلمانوں کو تلقین کی کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد کو مزید مضبوط بنائیں،آپسی تفرقہ کو ختم کریں، افہام و تفہیم ، عفوو درگزر کا معاملہ اپنائیں اور اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رکھیں ساتھ ہی انہوں نے اپنے خطبہ میں مسلمانوں کو جذبہء قربانی کا درس بھی دیا۔
صدر عیدگاہ و قبرستان کمیٹی تانڈور محمد یوسف خان کی نگرانی میں کمیٹی کی جانب سے عیدگاہ میں مناسب انتظامات کئے گئے تھے۔
جبکہ عیدگاہ کے قریب نصب کردہ شامیانے میں رکن قانون سازکونسل و سابق وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر پی۔مہندر ریڈی،رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی ،صدر نشین بلدیہ تاٹی کونڈا سواپنا پریمل،،نائب صدر تلنگانہ پردیش و انچارج کانگریس تانڈور ایم۔رمیش اور دیگرسیاسی قائدین،ارکان بلدیہ نے نماز کے اختتام کے بعد کوویڈ پروٹوکال کے تحت مسلمانوں سے انسانی فاصلہ قائم رکھتے ہوئے عید کی مبارکباد دی۔
وہیں جمعیت اہلحدیث تانڈور کی جانب سے نیشنل گارڈن فنکشن ہال میں بڑی تعداد میں فرزندان توحید و دختران ملت نے علحدہ علحدہ گوشہ میں پر سکون انداز میں نظم و ضبط کیساتھ 30-7بجے صبح مولانا محمدعثمان غنی کی امامت میں نمازعیدالاضحی ادا کی جبکہ مولانا خلیل الرحمن محمدی نے خطبہء عیددیا۔

رکن قانون سازکونسل و سابق وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر پی۔مہندر ریڈی ،رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی ،صدر نشین بلدیہ تاٹی کونڈا سواپنا پریمل نے نیشنل گارڈن پہنچ کر بھی عید کی مبارکبادی پیش کی۔یہاں بھی پولیس کی جانب سے موثر انتظامات کیے گئے تھے۔
عیدگاہ اہلحدیث میں نماز عیدالاضحیٰ کی ادائیگی کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے تھے تاہم بارش کی وجہ سے نیشنل گارڈن میں نماز عید ادا کی گئی۔

اسی طرح یہاں کی مختلف مساجد اور چند دینی مدارس میں بھی نماز عیدالاضحیٰ کا نظم کیا گیا تھا۔ بعدازاں شہر میں بڑے پیمانے پر مسلمانوں نے سنت ابراہیمی ؑ کے تحت قربانی کا نظم کیا۔
عیدگاہ چنگیز پورڈ پر ڈی ایس پی تانڈورلکشمی نارائنا کی قیادت میں سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور اربن و رورل راجندرریڈی اور جلندھر ریڈی کی راست نگرانی میں تانڈور ڈویثرن کے سب انسپکٹران پولیس اور پولیس ملازمین نے سخت انتظامات کئے تھے۔
وہیں ضلع وقارآباد کے وقارآباد، پرگی اور کوڑنگل اسمبلی حلقہ جات،مختلف منڈلات اور مواضعات میں بھی مسلمانوں نے خشوع وخضوع کے ساتھ نمازعیدالاضحیٰ ادا کی۔


