جمعیۃ علماءضلع وقارآباد کی جانب سے
عیدالاضحیٰ کے پہلے دن 500 مسلم گھرانوں میں قربانی کا گوشت تقسیم
وقارآباد/تانڈور:21۔جولائی(سحر نیوزڈاٹ کام)
مولاناعبدالرحمن اطہر قاسمی جوائنٹ سیکریٹری جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی اطلاع کے بموجب جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی جانب سے عید الاضحی کے پہلے دن تقریباً 500 مسلم گھرانوں میں قربانی کا گوشت تقسیم کیا گیا۔
حضرت حافظ پیر شبیر احمد صاحب صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ وآندھرا پردیش کی زیر سرپرستی آج عیدالاضحیٰ کے پہلے دن جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی جانب سے مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی زیر نگرانی شہر تانڈور اور اطراف و اکناف کے مواضعات چینگول،ایلمکنہ،ملکاپور،اگنور، باسپلی،مٹا باسپلی،گنتہ باسپلی،اللہ پور،ناگ سمندر،بینور،حاجی پور اور راجیو گروہا کالونی کے علاوہ تانڈور کے مختلف علاقوں میں کم وبیش 500مستحق مسلم گھرانوں تک کوویڈ قواعد پر مکمل عمل آوری کے ساتھ قربانی کا گوشت پہنچایا گیا۔
آج دن بھرمسلسل بارش کے باوجود جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کے اراکین اور جمعیۃ کے مکاتب کے اساتذہ نے گھر گھر پہنچ کرمستحقین تک قربانی کا گوشت پہنچایا۔
ڈاکٹر حافظ عبدالسلا م ،مولانا عبدالرحمن اطہر قاسمی ،حافظ رئیس الدین،مولانا سید فراست علی قاسمی ،مولانا عبیداللہ شاکر قاسمی ،مولانا عمر فاروق حسامی اور دیگرعہدیداران اور اراکین نے اس تقسیم کے عمل میں حصہ لیا۔
جمعیۃ علماء اپنے تمام معاونین اور خدام جمعیۃ کی شکر گزار ہے اور آئندہ بھی اپنے تعاون کو جاری رکھنے کی اپیل بھی کرتی ہے۔
مولاناعبدالرحمن اطہر قاسمی جوائنٹ سیکریٹری جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد نے بتایا کہ عیدالاضحی کے مزید دو دن جمعرات اور جمعہ کو بھی گوشت کی تقسیم عمل میں لائی جائے گی۔
جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی جانب سے 2019ء میں اس کام کا آغاز کیا گیا تھا۔عیدالاضحیٰ 2019ء کے موقع پر 25 مواضعات کا احاطہ کرتے ہوئے 1,000 مستحقین کے مکانات تک 1,200 کلو گوشت پہنچایا گیا تھا جبکہ گزشتہ سال 2020ء میں جمعیۃ علماء ضلع وقارآبادکی جانب سے 20 مواضعات کے 800 مکانات تک 900 کلو گوشت پہنچایا گیا تھا۔