تانڈور کےمسلمانوں کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات،قبرستان کے لیے پانچ ایکڑاراضی
عیدگاہ میدان پر تقریب،ایم ایل سی مہندر ریڈی اور ایم ایل اے روہت ریڈی کا تیقن
وقارآباد/تانڈور:21۔جولائی (سحرنیوزڈاٹ کام)
ایم ایل سی متحدہ ضلع رنگاریڈی و سابق وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر پی۔مہندرریڈی اور رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کے سی آر اور حکومت تلنگانہ ریاست کے تمام طبقات کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کی بھی فلاح وبہبود کے اقدامات میں مصروف ہیں۔
اسی طرح وہ تانڈور کے مسلمانوں کی ترقی ، فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کو یقینی بنائیں گے اور اس سلسلہ میں حکومت سے موثر نمائندگی کریں گے۔
وہ آج نماز عیدالاضحی کی ادائیگی کے موقع پر عیدگاہ چنگیزپور روڈ پر موجود تھے اور انہوں نے عیدگاہ میدان پر مسلمانوں سے ملاقات کرتے ہوئے عید کی مبارکباد دی۔

اس موقع پر ایم ایل سی متحدہ ضلع رنگاریڈی و سابق وزیرٹرانسپورٹ ڈاکٹر پی۔مہندرریڈی نے کہا کہ ماضی میں حکومت تلنگانہ کی جانب سے تانڈور کے مسلمانوں کی ترقی کیلئے کئی ایک اقدامات کیے گئے تھے اور اس وقت بشمول عیدگاہ کی ترقی کے علاوہ دیگر ترقیاتی کام انجام دئیے گئے تھے۔انہوں نے تیقن دیا کہ آئندہ بھی عیدگاہ کے ساتھ ساتھ تانڈور کے مسلمانوں کی ترقی کے اقدامات کیے جائیں گے۔
ایم ایل اے تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت تلنگانہ ریاست کے مسلمانوں اور وہ خود بھی مسلمانان تانڈور کی ترقی ، فلاح و بہبود کے اقدامات کیلئے پابند عہد ہیں۔

ایم ایل اے نے تیقن دیا کہ وہ تانڈور کے مسلمانوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے وزیراعلیٰ کے سی آر اور کارگزار صدر ٹی آرایس پارٹی و ریاستی وزیر کے ٹی آر سے موثر نمائندگی کرتے ہوئے ان مسائل کو حل کروائیں گے۔
ایم ایل اے تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے تیقن دیا کہ مسلم ذمہ داران کی نمائندگی پر وہ تانڈور میں مسلم قبرستان کیلئے پانچ ایکڑ اراضی جاری کروانے کیلئے کوشش کریں گے۔
اس موقع پر صدرعیدگاہ و قبرستان کمیٹی محمد یوسف خان اور دیگر عہدیداروں نے تانڈور میں پانچ ایکڑ اراضی منظور کرنے اور دیگر مسلم مسائل کو حل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایم ایل اے اور ایم ایل سی کو ایک یادداشت حوالے کی۔
بعدازاں عیدگاہ کمیٹی کی جانب سے ایم ایل سی متحدہ ضلع رنگاریڈی و سابق وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر پی۔مہندرریڈی اور رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی،صدر نشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈا سواپنا پریمل، نائب صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی و انچارج حلقہ اسمبلی تانڈور ایم۔رمیش کے علاوہ دیگر سیاسی قائدین اور تمام شرکاء کی شیر قورمہ سے تواضع کی۔

اس تقریب میں مولانا محمد شکیل احمد نظامی ناظم مدرسہء مدینتہ العلوم و نائب قاضی تانڈور ،صدر تانڈور ٹاؤن ٹی آرایس عبدالرؤف،ٹی آرایس کے ریاستی قائد کرنم پرشوتم راؤ،صدر نشین زرعی مارکیٹ کمیٹی وٹھل نائیک،نائب صدر وینکٹ ریڈی،رکن بلدیہ مختاراحمد ناز،سابق رکن بلدیہ سید زبیر لالہ ،سید مسعود احمد، غلام مصطفیٰ پٹیل،شاہی پور بال ریڈی،امتیاز بابا،معز خان، صدر تاؤن کانگریس و رکن بلدیہ پربھاکر گوڑ ،بڈکر رگھو کے علاوہ عیدگاہ کمیٹی کے عہدیداران محمدفصیح الدین سابق رکن بلدیہ،محمد قیصر کے علاوہ دیگر موجود تھے۔

