آپسی میل ملاپ کے ذریعہ عیدیں منانے سے قومی یکجہتی کو فروغ حاصل ہوتا ہے
ایس پی ضلع وقارآباد نارائنا اور صدر نشین بلدیہ سواپنا پریمل نے عیدگاہ کا معائنہ کیا
وقارآباد/تانڈور:20۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام)
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ضلع وقارآباد مسٹر ایم۔نارائنا نے آج شام دیر گئے عیدگاہ تانڈور کا دؤرہ کرتے ہوئے کل نماز عیدالاضحیٰ کی ادائیگی کے لیے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔
ان کے ساتھ صدر نشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈا سواپنا پریمل،آر ڈی او تانڈور اشوک کمار،ڈی ایس پی تانڈورلکشمی نارائنا،سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور اربن راجندرریڈی،سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور (رورل) جلندھر ریڈی ،سب انسپکٹر پولیس کرنکوٹ ایڈو کونڈالو کے علاوہ دیگر موجود تھے۔
ایس پی ضلع وقارآباد مسٹر ایم۔نارائنا نے صدر عیدگاہ و قبرستان کمیٹی تانڈور محمد یوسف خان سے کل عید کی نماز کی ادائیگی کے لیے تکمیل شدہ انتظامات اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا اور مشورہ دیا کہ عید کی نماز کے موقع پر کوویڈ قواعد پرسختی کے ساتھ عمل کیا جائے،ماسک کا استعمال اور انسانی فاصلہ کو قائم رکھتے ہوئے نماز عید کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔
جبکہ صدر نشین بلدیہ تاٹی کونڈا سواپنا پریمل نے کہا کہ عید کی نماز کی ادائیگی کے لیے بلدیہ کی جانب سے تمام سہولتیں بہم پہنچائی جارہی ہیں۔
اس موقع پر ٹی آر ایس ارکان بلدیہ عبدالرزاق،مختاراحمد ناز،ٹی آر ایس قائدین تاٹی کونڈہ پریمل،ایم اے نعیم افو،سابق رکن بلدیہ سید زبیر لالہ،محمد عمران خان کے علاوہ عیدگاہ و قبرستان کمیٹی کے عہدیداران موجود تھے۔
بعد ازاں دفتر ایس پی وقارآباد سے جاری کردہ پریس نوٹ کے ذریعہ ضلع ایس پی وقارآباد ایم۔نارائنا نے محکمہ پولیس وقارآباد کی جانب سے مسلمانوں کو عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عیدالاضحی کے موقع پر ضلع وقارآباد کی تمام عیدگاہوں اور مساجد کے علاوہ دیگر مقامات پر محکمہ پولیس کی جانب سے موثر انتظامات کیے گئے ہیں۔
ضلع ایس پی وقارآباد ایم۔نارائنا نے کہا ہے کہ کوویڈ قواعد پر سختی کیساتھ عمل کرتے ہوئے پرُامن طور پر سکون کے ساتھ مقدس عیدالاضحیٰ منائی جائے۔لازمی طور پر ماسک پہنا جائے،انسانی فاصلہ کا خاص خیال رکھا جائے اور سینی ٹائزر کا بھی استعمال کیا جائے۔
ضلع ایس پی وقارآباد ایم۔نارائنا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آپسی میل ملاپ کے ذریعہ عیدیں منانے سے قومی یکجہتی کو فروغ حاصل ہوتا ہے۔جس سے ضلع وقارآباد ہمیشہ کی طرح امن امان کے قیام اور فرقہ وارانہ یکجہتی میں ایک مثالی ضلع کی اپنی پہچان قائم رکھتے ہوئے دیگر اضلاع اور مقامات کیلئے ایک مثال ہو۔