تانڈور میں ہریتا ہارم کے تحت 50ہزار پودے لگانے کا نشانہ ہر گھر کو 6 پودے دئیے جائیں گے: بلدیہ تانڈور کا اجلاس

ریاستی خبریں ضلعی خبریں

تانڈور میں جاریہ سال ہریتا ہارم کے تحت 50 ہزار پودے لگانے کا نشانہ

مانسون میں وبائی امراض کی روک تھام کیلئے تمام اقدامات کیے جائیں،عوام شجر کاری کی مہم میں حصہ لیں

بلدیہ تانڈور کاخصوصی اجلاس،ایم ایل سی مہندر ریڈی اور ایم ایل اے روہت ریڈی کی شرکت

وقارآباد/تانڈور: 23۔جون(سحرنیوزڈاٹ کام)

ڈاکٹر پی۔مہندرریڈی رکن قانون ساز کونسل وسابق وزیر ٹرانسپورٹ اور رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے عوام سے خواہش کی ہے کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے شجر کاری پر مشتمل ہریتا ہارم پروگرام کا حصہ بنیں اور بڑی تعداد میں پودے لگائیں تاکہ تانڈور کا ماحول سرسبز و شاداب اور آلودگی سے پاک صاف و شفاف ہوا میسر ہو۔

وہ آرڈی او و انچارج کمشنر بلدیہ تانڈوراشوک کمار کی صدارت میں ہریتا ہارم پروگرام کے ساتویں مرحلہ کے آغاز اور مانسون میں وبائی امراض کی روک تھام کیلئے کیے جانے والے اقدامات کے ضمن میں دفتر بلدیہ تانڈور کے کونسل ہال میں منعقدہ ایک خصوصی اجلاس سے بطور مہمانان خصوصی خطاب کررہے تھے۔جس میں صدر نشین بلدیہ تاٹی کونڈا سواپنا پریمل بھی شریک تھیں۔

اس اجلاس میں آر ڈی او و انچارج کمشنر بلدیہ تانڈور اشوک کمار نے بتایا کہ حکومت نے جاریہ سال مانسون میں ہریتاہارم پروگرام کے تانڈور میں 50 ہزار پودے لگائے جانے کا نشانہ دیا ہے اور اسکے تحت گھر گھر 6  پودے تقسیم کرنے ہونگے۔

اور خالی مقامات پر شجر کاری کرنی ہوگی اور ساتھ ہی سڑکوں کی دونوں جانب قطار میں پودے لگانے ہونگے انہوں نے بتایا کہ حکومت کی ہدایت کے بعد تانڈور میں تین 8 نرسریز قائم کرتے ہوئے 3 لاکھ پودے اگائے جائیں گے۔

آرڈی او و انچارج کمشنر بلدیہ تانڈور اشوک کمار نے اس اجلاس کو بتایا کہ حکومت نے ہدایت جاری کی ہے کہ مانسون کے دؤران وبائی امراض کی روک تھام کیلئے اقدامات کیے جائیں۔

بعدازاں اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رکن قانون ساز کونسل ڈاکٹر پی۔مہندرریڈی اور رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے کہا کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے ریاست کے جنگلاتی رقبہ میں اضافہ کی غرض سے ہریتاہارم جیسے تاریخی اور ماحول دوست پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے اور اب اس پروگرام کے ساتویں مرحلہ کو بھی کامیاب بنانے کیلئے تمام کا تعاون ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا ہر بلدی حلقہ میں ایک ٹری پارک قائم کیا جائے اور اس میں شجر کاری سے لے کر اسکے تحفظ کی ذمہ داری عہدیدار اور ارکان بلدیہ کے تفویض کی جائے انہوں نے کہا ڈمپنگ یارڈ کی ترقی اورشہر میں صاف شفائی کے نظم کو بہتر بنایا جائے گا۔

رکن قانون ساز کونسل و سابق وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر پی۔مہندرریڈی اور رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے کہا کہ بارش کے موسم میں وبائی امراض بالخصوص ملیریا اور ڈینگو کی روک تھام کے لیے عہدیدار اور ارکان بلدیہ ایک منصوبہ کے تحت کام کریں انہوں نے کہا کہ مشن بھاگیرتا اسکیم کے تحت تانڈور کے ہر ایک مکان کو پانی مہیا کروایا جائے گا۔

رکن قانون ساز کونسل اور رکن اسمبلی نے کہا کہ تانڈور کے مسائل اور ضرورتوں سے ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق و آئی ٹی کے ٹی آر کو واقف کرواتے ہوئے زائد فنڈس کی اجرائی کو یقینی بنایا جائے گا۔

اور بلاء پارٹی تفریق تانڈور کے تمام 36؍بلدی حلقوں کے مسائل کے حل کے لیے مساوی اقدامات کیے جائیں گے انہوں نے کہا کہ شہر کی ترقی کیلئے عوامی نمائندے اور بلدی عہدیدار ایک دوسرے سے بہتر تعاون کو یقینی بنائیں۔

وہیں اس اجلاس میں سی پی آئی فلورلیڈر بلدیہ محمد آصف نے کئی ایک مسائل اٹھاتے ہوئے زبردست ہنگامہ آرائی کی۔ انہوں نے کہا تین سال قبل تانڈور کے ماڈل روڈس کی ترقی اور ٹاؤن پلاننگ کے منصوبہ کو منظوری دی گئی تھی تاہم آج تک کوئی پیشرفت نہیں ہوئی وہیں ایک منصوبہ کے تحت قدیم ترکاری بازار میں انہدامی کارروائی کے ذریعہ غریب چھوٹے تاجروں کو بیروزگار کیا گیا جو روزآنہ 200 تا 300 روپئے کماکر اپنا خاندان چلاتے ہیں۔

سی پی آئی فلورلیڈر بلدیہ نے ایم فنڈ ، ایم ایل سی فنڈ ، صدر نشین ضلع پریشد کے فنڈ اور صدر نشین بلدیہ کے فنڈس سے جملہ 40 کروڑ روپئے جاری کرتے ہوئے رعیتو بازار کو انٹی گریٹیڈ مارکیٹ میں تبدیل کیا جائے اس کے بعد ہی تمام ترکاری اور دیگر تاجرین کو وہاں منتقل کیا جائے۔

محمدآصف نے کہا کہ آسرا اسکیم کے تحت 2018ء سے ضعیف، بیوہ اور معذور افراد کو ماہانہ وظائف کی اجرائی کی درخواستوں پر غور نہیں کیا جارہا ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ ہر سال ہریتا ہارم کے نام پر کروڑہا روپئے خرچ کرکے ضائع کیے جارہے ہیں پودے لگادئیے جاتے ہیں لیکن ان کا تحفظ نہیں کیا جاتا انہوں نے مطالبہ کیا کہ گزشتہ سال لگائے گئے پودوں اور ان کی موجودہ حالت کے متعلق تفصیلات فراہم کی جائیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہریتا ہارم پر خرچ کی جانے والی رقم غریب طبقات کی فلاح و بہبود پر خرچ کی جائے یا پھر مکمل منصوبہ کے تحت پودے لگاتے ہوئے انکے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جائے۔

محمد آصف نے سوال کہ بلدیہ تانڈور میں 90 کروڑ روپئے کا فنڈ موجود ہے تو کیوں ترقیاتی کام انجام نہیں دئیے جارہے؟ انہوں نے ایم ایل سی انتخابات میں جعلی ووٹ کے استعمال کے الزام کا سامنا کررہیں صدر نشین بلدیہ کی اس اجلاس میں شرکت پر بھی سوال اٹھایا!!

 محمد آصف کی اس ہنگامہ آرائی کے دؤران ٹی آرایس ارکان بلدیہ عبدالرزاق، مختار احمد ناز، شوبھارانی ، نیرجا بال ریڈی ، ٹی جے ایس فلورلیڈر بلدیہ سوماشیکھر اور دیگر نے مداخلت کی۔بعد ازاں ڈاکٹر پی۔مہندرریڈی رکن قانون ساز کونسل وسابق وزیر ٹرانسپورٹ اور رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے مداخلت کرتے ہوئے اس معاملہ کو سرد کیا ۔

بلدیہ کے اس اجلاس میں اپوزیشن ارکان بلدیہ نے بھی الزام عائد کیا کہ تانڈور میں ترقیاتی کام ٹھپ پڑگئے ہیں۔

بلدیہ تانڈور کے اس اجلاس میں نائب صدر نشین بلدیہ دیپا نرسملو کے علاوہ ٹی آرایس ، مجلس ، کانگریس اور بی جے پی کے ارکان بلدیہ اور بلدی عہدیدار وں نے شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے