تلنگانہ میں یکم جولائی سے تعلیمی اداروں کی کشادگی
تین دن میں طلبہ کی حاضری سے متعلق لائحہ عمل طئے کیا جائے گا،ہائی کورٹ میں حکومت کی وضاحت
حیدرآباد:23-جون(سحرنیوزڈاٹ کام)
ریاستی محکمہ تعلیمات نے آج ریاستی ہائی کورٹ میں یکم جولائی سے ریاست میں تعلیمی اداروں کی کشادگی سے متعلق سماعت کے دؤران عدالت کو بتایا ہے کہ طلبہ کی حاضری سے متعلق لائحہ عمل کو تین دن میں قطعیت دی جائے گی۔اور طلبہ کیلئے اسکولس میں حاضر ہونا لازمی نہیں ہوگا۔

اس سماعت کے دؤران ہائیکورٹ نے پوچھا تھا کہ تعلیمی اداروں کی کشادگی کے بعد کیا تمام کلاسیس کے طلبہ کی حاضری لازمی ہوگی؟ جس پر پرنسپل سیکریٹری اسکول ایجوکیشن سندیپ کمار سلطانیہ آئی اے ایس نے عدالت کو بتایا کہ اس سلسلہ میں حکومت کی جانب سے تین دن میں لائحہ عمل طئے کیا جائے گا۔اور کلاسیس میں خصوصی تعلیم کے ساتھ ساتھ آن لائن کلاسیس بھی چلائی جائیں گی۔
پرنسپل سیکریٹری اسکول ایجوکیشن سندیپ کمار سلطانیہ آئی اے ایس نے ہائی کورٹ کو بتایا کہ تعلیمی اداروں کیلئے لازمی ہوگا کہ وہ طلبہ کے والدین /سرپرستوں سے اجازت لیں۔
اس سماعت کے دؤران ہائی کورٹ نے اس احسا س کا اظہار کیا کہ اسکولس میں طلبہ کے درمیان انسانی فاصلہ پر عمل کرنا مشکل ہوگا۔جس پر
پرنسپل سیکریٹری اسکول ایجوکیشن سندیپ کمار سلطانیہ آئی اے ایس نے بتایا کہ ہائی کورٹ کے اس احساس کو مد نظر رکھتے ہوئے جلدہی مکمل منصوبہ کے ساتھ لائحہ عمل کو قطعیت دی جائے گی۔
اس سلسلہ میں ہائی کورٹ نے محکمہ تعلیمات کو ہدایت دی کہ اس مسئلہ پر اندرون ایک ہفتہ مکمل تفصیلات عدالت میں داخل کی جائیں ۔

