تلنگانہ سیکریٹریٹ کے احاطہ میں دونوں مساجد کی تعمیرِنؤ کے لیے مفتی خلیل احمد کے ہاتھوں سنگ بنیاد،وزیر داخلہ اورمسلم نمائندوں کی شرکت

تلنگانہ سیکریٹریٹ کے احاطہ میں دونوں مساجد کی تعمیرنو کے لیے
مفتی خلیل احمد کے ہاتھوں سنگ بنیاد، وزیر داخلہ اورمسلم نمائندوں کی شرکت
دوکروڑ 90 لاکھ روپئے کے صرفہ سے 1,500 گز اراضی پر تعمیر ہوں گی عالیشان مساجد

حیدرآباد:25۔نومبر ( پریس نوٹ/سحرنیوزڈاٹ کام)

تلنگانہ سیکریٹریٹ کے احاطہ میں واقع مسجد معتمدی اور مسجد ہاشمی دونوں مساجد کی تعمیرات نو کے لیے آج 25 نومبر بروز جمعرات مولانا مفتی خلیل احمد،شیخ الجامعہ،جامعہ نظامیہ،حیدرآبادکے دست مبارک سے سنگِ بنیاد رکھا گیا۔ان کے ہمراہ مفتی غیاث احمد اور حافظ پیر شبیر احمد بھی موجود تھے۔

اس سے قبل مسجد معتمدی کے مقام پر مولانا مفتی خلیل احمد کی امامت میں باجماعت خشوع وخضوع کے ساتھ نماز ظہر ادا کی گئی۔

تقریب سنگ بنیاد کے بعد ریاستی وزیر داخلہ محمدمحمود علی نے میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھر راؤ کی جانب سےکیےگئے وعدہ کے مطابق سکریٹریٹ کی دونوں مساجد کی تعمیر نو کے لیے سنگ بنیا د رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سکریٹریٹ کی دونوں مساجد شاندار طرز پر تعمیر کی جائیں گی۔

اس سلسلہ میں چند ماہ قبل مساجد کے جو ترکی ڈیزائن پیش کیے گئے تھے انہیں کے مطابق دونوں مساجد کی تعمیر کی جائے گی۔وزیر داخلہ محمدمحمود علی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے سی آر نے مسلمانوں سے جو وعدہ کیا تھا کہ دونوں مساجد کو اسی مقام پر شاندار طرز پر تعمیر کیا جائے گا اس وعدہ کو عملی شکل دی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ سکریٹریٹ کی شہید کی گئیں مساجد 700 گز پرمشتمل تھیں۔لیکن وزیراعلیٰ کے سی آر نے دونوں مساجد کی دوبارہ تعمیر کے لیے جدید سیکریٹریٹ کے احاطہ میں 1500 گز زمین مختص کی ہے جس میں بیک وقت سینکڑوں مصلی نماز ادا کرسکتے ہیں۔علاوہ ازیں مسجد کے باہر کھلی جگہ میں مزید سینکڑوں افراد کو نماز ادا کرنے سہولت رہے گی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ بڑی مسجد کے وضو خانہ کے اوپرمسجد کے پیش امام کے لیے ایک مکان بھی تعمیر کیا جارہا ہے تاکہ انہیں قیام کی سہولت ہو اور نمازیں اور دیگر عبادات وقت مقرہ پر ادا ہوں۔

ساتھ ہی خواتین کو نماز ادا کرنے کے لیے بڑی مسجد میں انتظام کیا جارہا ہے تاکہ خواتین کو نماز ادا کرنے کی سہولت دستیاب ہو۔

وزیر داخلہ محمدمحمود علی نے کہا کہ مساجد کی تعمیر کے لیے جملہ 2.9 کروڑ روپئے مختص کیے گئے ہیں اور فی الوقت ایک کروڑ روپئے جاری کئے گئے ہیں۔ماباقی 1.9 کروڑ روپئے بھی جلد ہی جاری کئے جائیں گے۔

وزیر داخلہ محمدمحمود علی نے کہا کہ وزیراعلیٰ کےسی آر ایک سیکولر قائد ہیں،انہوں نے آج تک جو بھی وعدے کئے ہیں ان کو پورا کیا ہے

محمدمحمود علی نے کہا کہ عوام کی سہولت کے لیے مساجد کی تعمیرکی جارہی ہے تاکہ مساجد میں پانچوں اوقات کی نماز،نماز جمعہ،تراویح اور عیدین کی نمازیں پابندی کے ساتھ ادا کی جاسکیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ تلنگانہ سکریٹریٹ کی دونوں مساجد ملک بھر میں منفرد اور مثالی مقام حاصل کریں گی کیونکہ ملک کی کسی بھی ریاست  کے سکریٹریٹ میں اس طرز کی مساجد موجود نہیں ہیں۔

وزیر داخلہ نے شاندار مساجد کی تعمیر اور خطیر بجٹ کی فراہمی پر وزیر اعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں جو اقلیتی مسائل درپیش ہیں ان کو بھی حل کیا جائے گا۔

مساجد کی تعمیرنو کی اس تقریب میں ارکان اسمبلی اکبر الدین اویسی،احمد پاشاہ قادری،احمد بلعلہ،دانم ناگیندر،رکن قانون ساز کونسل فاروق حسین،وقف بورڈ چیرمین محمدسلیم،سابق رکن قانون ساز کونسل محمد فریدالدین،سابق صدور نشین رحیم الدین انصاری،قمر الدین،مسیح اللہ خاں،اکبر حسین،محمد یوسف زاہد،سید عبدالعلیم،عنایت علی باقری،حیدر آغا،سکریٹریٹ ملازمین یونین کے جنرل سکریٹری یوسف میاں اور دیگر شریک تھے۔