ملک کے 244 مقامات پر کل 7 مئی کو 54 سال بعد موک ڈرل
مقامات کی تفصیلات اور جانیں موک ڈرل کیا ہے!!
حیدرآباد :06۔مئی ( سحرنیوزڈیسک)
دوسرا سوئزر لینڈ مانے جانے والے جموں و کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں 22 اپریل کو کیےگئے بزدلانہ دہشت گرد حملہ کے ذریعہ ملک کے 26 سیاحوں کو ہلاک کیا گیا تھا جن میں ایک مقامی شخص بھی شامل تھا۔ اس کائرانہ اور انسانیت سوز دہشت گردانہ حملہ کے بعد ملک میں غم اور پاکستان کے خلاف شدید غصہ پایا جاتا ہے۔
ملک کے عوام نے بلاء لحاظ مذہب اس درندگی پر مشتمل دہشت گردانہ حملہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے بشمول جموں وکشمیر پورے ملک میں احتجاجی ریالیوں اور موم بتی مارچ منعقد کرتے ہوئے شدید ردعمل کا اظہار کیا۔
ملک کے عوام کا حکومت سے مسلسل یہ مطالبہ ہیکہ اس دہشت گردی کے واقعہ کے بعد پاکستان کو سبق سکھانا ضروری ہے تاکہ مستقبل میں ایسے حملوں پر مکمل طور پر روک لگے۔
پہلگام دہشت گردانہ حملہ کےبعد ہندوستان اور پاکستان کےدرمیان دن بہ دن کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے ہندوستان نے پاکستان کیخلاف کئی ایک تحدیدات عائد کی ہیں ۔دوسری جانب وزیراعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ مسلسل بری، بحری اور ہوائی فوج کے تینوں سربراہوں، نیشنل سیکورٹی اڈوائزر اور ماہرین سے مسلسل میٹنگ میں مصروف ہیں۔ جس سے پاکستان کیخلاف جنگ کے امکانات سے انکار ممکن نہیں!!
ایسے میں مرکزی وزارت داخلہ نے عوام اور عہدیداروںکو چوکس رکھنے کی غرض سے احتیاطی اقدامات کے طور پر کل 7 مئی بروز چہارشنبہ ملک کے درجہ بند شہری دفاع کے اضلاع میں موک ڈرل MOCK DRILL# (تمثیلی، علامتی،فرضی مشق) کا اعلان کیا ہے وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ مشقیں 7 مئی کو ملک بھر کے 244 درجہ بند شہری دفاع کے اضلاع میں کی جائیں گی۔
اس موک ڈرل کے ذریعہ عوام کو قبل ازیں بتایا جائے گا کہ جنگ کے دوران کیا کیا احتیاطی اقدامات کرنے ہونگے، کیسے چوکس رہنا ہوگا اور کیا کیا نہیں کرنا ہوگا کہ اگر جنگ چھڑ جائے تو عوام کو پریشان ہونے سے محفوظ رکھا جاسکے۔ساتھ ہی فرضی (علامتی) مشق کے ذریعہ کریش بلیک آؤٹ اقدامات، اہم پلانٹس اور تنصیبات کی جلد چھپائی اور انخلاء کے منصوبوں کو اپ ڈیٹ اور مشق کرنا شامل ہے۔
دستیاب اطلاعات کےمطابق 1971 میں پاکستان سے جنگ سے قبل ملک میں اس طرح کی موک ڈرل،علامتی مشق کروائی گئی تھی اس طرح 54 سال بعد ملک میں دوبارہ موک ڈرل کروائی جا رہی ہےجو کہ 50 سال کی عمر کے حامل اور نوجوانوں کے ساتھ ساتھ اس ملک کے عوام کےلیے یہ ایک نیا اور حیرت انگیز تجربہ ہوگا۔
ہندوستان ٹائمز پر آج شام وزارت دفاع کے بیان کے حوالے سے شائع کردہ رپورٹ کے مطابق کل 7 مئی کو ملک بھر کے 244 درجہ بند شہری دفاع کےاضلاع میں موک ڈرل کی جائیں گی۔اور ان مقامات کو تین کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔تلگو ریاستوں آندھرا پریش اور تلنگانہ کے وشاکھا پٹنم اور حیدرآباد کو زمرہ۔1 کے تحت اعلیٰ ترجیحی مقامات میں شامل کیا گیا ہے۔ان کے علاوہ اہم ریاستوں کے اضلاع کی تفصیلات یہ ہیں۔
⬅️ ریاست آندھرا پردیش کا وشاکھا پٹنم۔
⬅️ ریاست تلنگانہ کا دارالحکومت حیدرآباد۔
⬅️ ریاست کرناٹک کے تین اضلاع بنگلور (اربن)، ملیشورم اور رائچور۔
⬅️ ریاست تمل ناڈوکے چنئی اور کلپا کم۔
⬅️ ریاست مہاراشٹرا کے اورنگ آباد، بھساول، رائے گڑھ، رتنا گری اور سندھ درگ۔
⬅️ ریاست گجرات کے بھڑوچ، ڈانگس، کچ، مہسانہ ، نرمدا اور نوساری۔
⬅️ ریاست مدھیہ پردیش کے بھوپال، گوالیار، اندور، جبلپور اورکٹنی۔
⬅️ ریاست بہار کے براونی، کٹیہار، پٹنہ، پورنیہ اور بیگوسرائے۔
ان کے علاوہ جزائر انڈومان نکوبار، ارونا چل پردیش، آسام، دادرا، نگر حویلی، دہلی، ہریانہ، ہماچل پردیش، جموں و کشمیر بشمول لداخ، جھارکھنڈ، کیرالہ، لکشادیپ، منی پور، میگھالیہ، میزورم، ناگالینڈ، اڑیشہ، پدوچیری، پنجاب، راجستھان،سکم، تریپورہ، اتر پردیش، اتراکھنڈ، مغربی بنگال کے مختلف اضلاع شامل ہیں جہاں کل 7 مئی کو موک ڈرل کی جائے گی۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق وزارت داخلہ کے نوٹیفکیشن میں کہا گیاہےکہ فرضی مشقیں ہوائی حملے کے وارننگ سائرن کو چلانے کےلیے تیاریوں کی جانچ کریں گی اور شہریوں کو شہری دفاع کے پہلوؤں پر تربیت دیں گی تاکہ "دشمنانہ حملے” کی صورت میں خود کو محفوظ رکھا جا سکے۔فرضی مشقوں میں ہندوستانی فضائیہ (IAF) کے ساتھ ہاٹ لائن اور ریڈیو-مواصلاتی روابط کو فعال کرنا، کنٹرول رومز اور شیڈو کنٹرول رومز کی فعالیت کی جانچ بھی شامل ہوگی۔
موک ڈرل ( فرضی مشق) کیا ہوتی ہے ؟
یہ پہلے سے منصوبہ بند مشق ہوتی ہے جس میں کسی آفت یا خطرے کی صورت حال کو ڈرامائی طور پرنقل کیا جاتا ہے تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ اس وقت لوگ کیا ردعمل ظاہر کرتے ہیں۔موک ڈرل کے دوران کئی بار حقیقت پسندانہ صورتحال پیدا کی جاتی ہے جیسے کہ کہیں دہشت گردانہ حملہ ہوا ہو، آگ لگنے کا کوئی واقعہ پیش آیا ہو یا آفات سماری کا سامنا کرنا پڑا ہو تو ایسے ہنگامی صورتحال میں عوام کو ان مقامات سے بحفاظت کیسے نکالا جائے اور اس صورت حال میں سنجیدگی کیساتھ امدادی کارروائیوں پر عمل کیا جاتا ہے۔
موک ڈرل سے متعلق آج 6 مئی کووزارت داخلہ کا ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا جس کی صدارت مرکزی داخلہ سیکریٹری گووند موہن نے کی۔جس میں تمام ریاستوں کے چیف سکریٹری ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ اس اجلاس میں شریک ہوئے۔ اس اجلاس میں 7 مئی کو ہونے والی موک ڈرل کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔وزارت داخلہ نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے چیف سیکریٹریز کو مختلف ہدایات پر مشتمل ایک اعلامیہ روانہ کیا ہے اور ہنگامی تیاریوں کے اقدامات کے طور پر بنیادی طبی امداد کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ہے۔
جن میں ہر گھر میں ٹارچ،موم بتیاں رکھنے اور ساتھ ہی گوگل پے، فون پے،پے ٹی ایم اور دیگر ڈیجیٹل پے مینٹ ایپ)کے ذریعہ لین دین کی ناکامی کی صورت میں نقد رقم محفوظ رکھنے کی ہدایت دی گئی۔موک ڈرل کے دوران فضائی حملہ سے خبردار کرنے والے سائرن بھی بجائے جائیں گے، شہریوں کو حملے کی صورت میں تحفظ کے اقدامات کی تربیت دی جائے گی۔ تاکہ عوام ذہنی طور پر تیار رہیں، ہنگامی حالات میں پریشان نہ ہوں اور حکومت کے تمام اہم رہنمایانہ احکام اور مشوروں پر فوری عمل کرسکیں۔
"موک ڈرل کے دوران کیا کیا اقدمات کیےجائیں گے اس مختصر ویڈیو میں جانکاری دی گئی ہے "