تانڈور میں اے ایس جی ایم کے ٹرسٹ کی جانب سے مفت پرائمری ہیلتھ سنٹر، کمپیوٹر ٹریننگ سنٹر اور اسپوکن انگلش کلاسیس کا قیام

ریاستی خبریں ضلعی خبریں

تانڈور میں اے ایس جی ایم کے ٹرسٹ کیجانب سے مفت پرائمری ہیلتھ کیئر سنٹر، کمپیوٹر سنٹر اور اسپوکن انگلش کا افتتاح
گورنمنٹ چیف وہپ ڈاکٹر پی۔مہندر ریڈی، مجیب خان اور دیگر کا خطاب، دسویں جماعت کامیاب طلبہ کی تہنیت

حیدرآباد/ وقارآباد/تانڈور : 12۔مئی
( سحر نیوز ڈاٹ کام/نمائندہ)

گورنمنٹ چیف وہپ تلنگانہ اسمبلی و رکن قانون ساز کونسل ڈاکٹر پی۔مہندرریڈی نے کہا ہیکہ بلاء لحاظ مذہب عوام کی خدمت ہی انسانی میراث ہے،یہ ایک مستحسن اقدام اور خدا کے بندوں کی خدمت سے خدا بھی خوش ہوتا ہے۔ ڈاکٹر پی۔مہندرریڈی کل اتوار 11 مئی کو جناب محمدمجیب خان فاؤنڈر اے ایس جی ایم کے چیئرٹیبل ٹرسٹ کیجانب سے دو ماہ قبل وقارآبادضلع کے تانڈورکے شاہی پور میں تعمیر کردہ عالیشان مسجد سیدنا علی مرتضیٰؓ  کے” افادہ اسلامک سنٹر” میں قائم مفت پرائمری ہیلتھ سنٹر،اسکل ڈیولپمنٹ کورسیس، کمپیوٹر ٹریننگ سنٹر اور اسپوکن انگلش کلاسیس کے افتتاح کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔

اس نو قائم شد ہ ہیلتھ سنٹر میں کل اتوار کو ہی آنکھوں کا مفت طبی معائنہ کیمپ کا انعقاد بھی عمل میں لایا گیا۔جس میں حیدرآباد کے ماہرین امراض چشم کی خدمات ٹرسٹ کی جانب سے حاصل کی گئی تھیں جنہوں نے 320 مرد اور خواتین کی آنکھوں کا معائنہ کیا۔ انہیں ادویات اور مشورے دئیے گئے۔

جبکہ ہفتہ 10 مئی کی رات محمد مجیب خان کی صدارت میں افادہ اسلامک سنٹر میں جاریہ سال دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کامیابی حاصل  کرنے والے 105 طلبا و طالبات کو تہنیت پیش کرتے ہوئے انہیں یادگار مومنٹوز عطا کیے گئے اور ان کی گلپوشی کی گئی۔

اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمدمجیب خان ڈائرکٹر جی ایم کے گروپ رئیل اسٹیٹ بلڈرس اینڈ کنسٹرکشن و فاونڈر اے ایس جی ایم کے ٹرسٹ نے کہا کہ ٹرسٹ سے جملہ 21 ہزار افراد پر مشتمل 9 ہزار خاندان وابستہ ہیں جن میں 468 یتیم بچے بھی شامل ہیں۔ جبکہ انہی میں 276 طلبا و طالبات ہیں جو مختلف اسکولوں کی جماعتوں میں زیر تعلیم ہیں۔

محمد مجیب خان نے کہا  کہ اے ایس،جی ایم کے چیئرٹیبل ٹرسٹ کے ارکان کے 105 طلباء و طالبات کو آج تہنیت پیش کی گئی جن میں 30 یتیم طلبہ بھی شامل ہیں۔ان تمام طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا کہ دسویں جماعت میں کامیاب ان تمام طلباء و طالبات کو ٹرسٹ کیجانب سے مستقبل کی تعلیم میں مکمل امداد فراہم کی جائے گی۔محمد مجیب خان نے حصول تعلیم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دنیا میں تعلیم یافتہ قومیں ہمیشہ سرخرو ہوئی ہیں اور تعلیم کا حصول قوم کا اولین مقصد ہونا ضروری ہے اور ٹرسٹ اسی مقصد کو لے کر آگے بڑھ رہا ہے۔

اتوار کو منعقدہ آئی کیمپ میں اپنی آنکھوں کا معائنہ کر وانے کے بعدڈاکٹر پی۔مہندرریڈی گورنمنٹ چیف وہپ تلنگانہ اسمبلی نے اپنے خطاب میں محمد مجیب خان اور انکے اے ایس جی ایم کے چیئرٹیبل ٹرسٹ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ وہ بلاء لحاظ مذہب مستحق طبقہ اور غریب طبقہ کی مختلف طریقوں سے مدد کے ذریعہ انسانیت کی خدمت میں مصروف ہیں اور ایسی خدمات کے لیے ہر کسی کو آگے آنے کی ضرورت ہے۔

ٹرسٹ کی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے ڈاکٹر پی۔مہندرریڈی گورنمنٹ چیف وہب تلنگانہ اسمبلی نے تیقن دیا  کہ جب کبھی بھی اس نیک کاز کے لیے کوئی بھی ضرورت ہوگی تو  ٹرسٹ کے لیے اپنے مکمل تعاون کو یقینی بنائیں گے۔

محمد مجیب خان نے اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی کی بھی جانب سے کی جانے والی کردارکشی اور مختلف الزامات کو نظر انداز کرتے ہوئے ایک نیک جذبہ کیساتھ انسانیت کی خدمت کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ تنقیدوں اور الزامات کی پرواہ نہ کرتے ہوئے مستحق لوگوں کی امداد اور بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کا مشن لے کر اٹھے ہیں اور انہیں تائید بھی حاصل ہورہی ہے۔ انہوں نے ذی حیثیت افراد سے اپیل بھی کی کہ وہ سماجی اور فلاحی کاموں کی انجام دہی کے لیے آگے آئیں۔اس سے جہاں قوم کا ایک بہت بڑا طبقہ مستفید ہو گا وہیں ان کی معاشی حالت بہتر ہوگی اور بچوں میں تعلیم کے تئیں رحجان پیدا ہوگا جو کہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

محمد مجیب خان نے اے ایس جی ایم کے چیئرٹیبل ٹرسٹ کی جانب سے افادہ اسلامک سنٹر،مسجد سیدنا علی مرتضیٰؓ  شاہی پور،تانڈورمیں قائم کیے گئے مفت ہیلتھ سنٹر، اسکل ڈیولپمنٹ کورسیس، کمپیوٹر ٹریننگ سنٹر اور اسپوکن انگلش کلاسیس سے بہتر استفادہ کی خواہش کی ہے۔

اس تقریب میں مولانا محسن بن محمد الحمومی،چیئرمین گرین میڈوس پارک اسکول حیدرآباد، ڈاکٹر ایم اے علیم، پروفیسرمولانا آزاد ڈسٹینس اردو نیشنل یونیورسٹی حیدرآباد، مولانا سہیل احمد عمری،کرسپانڈنٹ مارننگ اسٹار اسکول تانڈور،مولانا حافظ و قاری محمدشکیل احمد نظامی، کانگریسی قائدین عبدالرؤف،کرنم پرشوتم راؤ، ڈاکٹر سمپت کمار بالاجی ہسپتال نے بھی خطاب کرتے ہوئے محمد مجیب خان اور ٹرسٹ کی خدمات اور ان کے عزائم کی ستائش کرتے ہوئے اپنے تمامتر تعاون کا تیقن دیا۔

اس تقریب میں سید عبدلغفور پاشاہ، عبداللہ مجاہدی، محمد طاہر قریشی،حافظ نعیم اختر، سابق رکن بلدیہ محمد عرفان، محمد فرید ایڈووکیٹ اور محمد شفیع سید مسعود احمد کے علاوہ دیگر مقامی ذمہ داران اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے