ایم ایل سی حلقہ گرائجویٹ کے انتخابات،ضلع وقارآباد میں بھی انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ
تانڈور۔17۔ فروری (سحرنیوز ڈاٹ کام)
پوسومی باسوضلع کلکٹر و ضلعی انتخابی عہدیداروقارآبانے دفتر کلکٹریٹ وقارآباد سے ضلع کے تمام تحصیلداران اور ایم پی ڈی اوز کیساتھ ویڈیو کانفرنس منعقد کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی الیکشن کمیشن کی جانب سے قانون ساز کونسل حلقہ گرائجویٹ کی نشست محبوب نگر ، رنگاریڈی اور حیدرآباد کے انتخابات کیلئے شیڈول جاری کردیا گیا ہے اس کے ساتھ ہی متحدہ ضلع رنگاریڈی کے ضلع وقارآباد میں بھی انتخابی ضابطہ اخلاق کا نفاذ ہوگیا ہے۔

ضلع کلکٹر نے اس ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ان انتخابات کے صاف وشفاف طریقہ سے انعقاد کیلئے انتخابی ضابطہ اخلاق پر سختی کے ساتھ عمل آوری کی جائے اور رائے دہندوں کو رجھانے کیلئے رقم ، شراب ، ساڑیاں اور دیگر اشیاء کی تقسیم اور منتقلی کو روکنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔ کلکٹر ضلع و ضلعی انتخابی عہدیدار وقارآباد پوسومی باسو نے کہا کہ ان کی اجازت کے بناء کسی بھی اجلاس یا پروگرام کے انعقاد کی اجازت نہ دی جائے اور موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت لازمی ہوگا کہ انتخابی مہم میں حصہ لینے والی گاڑیوں کے لیے آرٹی او سے اجازت نامہ حاصل کیا جائے ۔

اس اجلاس میں ضلع کلکٹر پوسومی باسو نے ایم پی ڈی اوز کو ہدایت دی کہ آج 17؍فروری کو ہونے والے گرین انڈیا چیلنج پروگرام بناء کسی رکاوٹ منعقد کرتے ہوئے ہر ایک گرام پنچایت میں ایک ہزار پودے لگائے جائیں اور انتخابی ضابطی اخلاق کے نفاذ کے پیش نظر اس پروگرام میں کسی بھی عوامی نمائندے یا سیاسی قائدین کو مدعونہ کیا جائے ۔اس ویڈیو کانفرنس کے موقع پر ایڈیشنل کلکٹر ان ضلع وقارآباد موتی لال ، چندریا کے علاوہ ضلعی عہدیداران، تانڈور اور وقارآباد کے آرڈی اوز اشوک کمار ، اوپیندراریڈی ،تحصیلدارام اور ایم پی ڈی اوز شریک تھے ۔

