ہائیکورٹ کے وکیل جوڑے کا دن دہاڑے بے رحمانہ قتل
پداپلی /حیدرآباد 17 ۔فروری (ایجنسیز/سحر نیوزڈاٹ کام)
تلنگانہ کے ضلع پداپلی میں آج دن دہاڑے سڑک پر ہائیکورٹ کے ایک وکیل جوڑے وامن راؤ اور گٹو ناگامنی کوراما گری کے مقام پر انتہائی بے رحمانہ انداز میں تیز ہتھیاروں سے حملہ کرتے ہوئے موت کے گھات اتاردیا گیا جو کہ حیدرآباد سے کار میں اپنے آبائی مقام منتھنی جارہے تھے۔


پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد کی جانب سے سڑک پر ان کی کار کو روک کر چاقوؤں اور تلواروں سے یہ جان لیواحملہ کیا گیا ۔ مہلوک وامن راؤ اورانکی اہلیہ گٹو ناگامنی ہائیکورٹ کے وکلاء تھے پولیس نے وامن راو کا بیان قبل از مرگ لیا جس میں انہوں نے ایک حملہ آور کی شناخت کے طورپر پولیس کو بیان دیا کہ ان میں کنٹہ سرینواس بھی شامل تھا جو کہ گنجاپڑگو کا ساکن بتایا جاتا ہے پولیس کو شبہ ہے کہ پرانی مخاصمت کی وجہ سے ہیاس جوڑے کا قتل ہوا ہے۔ذرائع کے بموجب کُنٹہ سرینواس نے کئی مرتبہ مقتول وکیل وامن راؤ کو متنبہ کیا تھا کہ وہ متنازعہ معاملات سے دور رہیں ۔

اس سلسلہ میں پولیس نے ایک دوہرے قتل کا کیس درج رجسٹر کرکے مصروف تحقیقات ہے۔کُنٹہ سرینواس کو ٹی آرایس کا منڈل لیڈر بتایا جارہا ہے!! اس وکیل جوڑے کے بہیمانہ قتل کی اطلاع کیساتھ ہی ساری ریاست میں سنسنی پھیل گئی ہے۔بتایا جاتا ہے کہ اس جوڑے نے چند دن قبل ہی ان پر جان لیوا حملہ ہونے کی شکایت کی تھی؟

اس دوہرے قتل کے خلاف آج وکلاء نے ہائیکورٹ کے روبرو احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وکلاء وامن راؤ اور ناگامنی کے قتل میں ملوث خاطیوں کو فوری گرفتار کیا جائے ۔