حلقہ اسمبلی تانڈور میں کتنے دیہات موجود ہیں؟ کیا کانگریس کے امیدوار واقف ہیں؟؟, ایم ایل اے پائلٹ روہت ریڈی کا سوال

حلقہ اسمبلی تانڈور میں کتنے دیہات موجود ہیں؟ کیا کانگریس کے امیدوار واقف ہیں؟؟
ایم ایل اے و بی آر ایس امیدوار پائلٹ روہت ریڈی کی انتخابی مہم زوروں پر
تانڈور اور بشیر آباد منڈل میں جلسوں سے خطاب، والدہ اور اہلیہ بھی مہم میں مصروف

حیدرآباد/وقار آباد: 03؍نومبر
(سحر نیوز ڈاٹ کام/نمائندہ)

ایم ایل اے و بی آر ایس پارٹی امیدوار حلقہ اسمبلی تانڈور ضلع وقارآباد پائلٹ روہت ریڈی نے حلقہ اسمبلی تانڈور کے کانگریسی امیدوار بیانی منوہر ریڈی سے سوال کیا ہے کہ کیا وہ اس بات سے واقف ہیں کہ حلقہ اسمبلی تانڈور میں کتنے دیہات موجود ہیں؟ پائلٹ روہت ریڈی نے کہا کہ جس کانگریسی امیدوار کو تانڈور کےعوام کی ضرورتوں اور مسائل سےواقفیت حاصل ہی نہیں ہے ایسے امیدوار کو ووٹ دینا اپنے ووٹ کو ضائع کرنے کے برابر ہے۔

ایم ایل اے تانڈور پائلٹ روہت ریڈی اپنی پرجا آشیرواد یاترا کا آج بشیر آبادمنڈل سے آغاز کرتےہوئےمختلف مواضعات میں خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ اگر کانگریس پارٹی کو ووٹ دیا گیا تو رعیتو بندھو، ماہانہ دو ہزار روپئے کے وظیفہ کے علاوہ تمام عوامی اسکیمات کا خاتمہ یقینی ہے۔اپنی انتخابی مہم کے دؤران بشیر آباد منڈل کے اسمٰعیل پور،جلال پور اور نیلا پلی کے علاوہ دیگر مواضعات میں ایم ایل اے تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نےخطاب کرتےہوئے کہا کہ وہ تانڈور کے فرزند ہیں،جبکہ کانگریس کے امیدار بی۔منوہر ریڈی کا تعلق تانڈور سے نہیں ہے۔انہوں نے ریمارک کیاکہ گھر کے مسائل کیا ہیں یہ گھر کا فرد ہی بہتر طور پر جانتا ہے غیرمقامی فرد کو اس کااحساس نہیں ہوتا۔انہوں نے کانگریسی امیدوار کو مہاجر پرندہ قرار دیا۔

پائلٹ روہت ریڈی نے کہا کہ کانگریس جن ریاستوں میں برسر اقتدار ہے وہاں اسکیمات پر عمل آوری میں ناکام ہوگئی ہے اور اب تلنگانہ میں گیارنٹی اسکیمات کے نام پر عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ریاست میں بی آر ایس پارٹی کا تیسری مرتبہ شاندار اکثریت کے ساتھ اقتدار پر واپس آنا یقینی ہے۔

اس سے قبل تانڈور کے میٹرو فنکشن ہال میں بی آر ایس پارٹی کے اجلاس میں عوام سےخطاب کرتے ہوئے ایم ایل اے و بی آر ایس پارٹی امیدوار حلقہ اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے کہا کہ تانڈور کے عوام کانگریس کے غیر مقامی امیدواکے اعلانات اور وعدوں پر یقین کرتے ہوئے ان کے جھانسے میں نہ آئیں۔

ایم ایل اے نے کہا کہ گزشتہ دو سال میں تانڈور کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کےلیے حکومت سے نمائندگی کرتے ہوئے 1,680 کروڑ روپئے کا فنڈ حاصل کرتے ہوئے انہوں نے ایک ریکارڈ قائم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حلقہ اسمبلی تانڈور کی سیاسی تاریخ میں 40؍سال تک اتنا فنڈ حاصل نہیں ہوا تھا۔انہوں نے کہاکہ قبل ازیں انتخابات میں ان کی جانب سے کیےگئے اعلانات اور وعدوں کو انہوں نے عملی شکل دی ہے اور تانڈور کا فرزند ہونےکے طور پر تانڈور کی مزید بہتر اور تاریخی ترقی ان کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ انہیں ایک اور موقع دیا جائے وہ تانڈور کی مثالی ترقی کو یقینی بنائیں گے۔

پائلٹ روہت ریڈی نے بی آر ایس پارٹی کے انتخابی منشور کو عوامی مفاد میں سب سے بہتر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ کے سی آر تمام طبقات کی فلاح و بہبود کےلیے جاریہ تمام اسکیمات کےساتھ مزید اسکیمات پر عمل آوری کو ممکن بنائیں گے۔ایم ایل اے و بی آر ایس پارٹی امیدوار حلقہ اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے کہا کہ انہیں تمام طبقات کی تائید حاصل ہے اور وہ ان انتخابات میں پہلے کی بہ نسبت مزید اکثریت سے کامیاب ہونگے۔

اس اجلاس میں صدر ٹاؤن بی آر ایس ایم اے نعیم افو،ارکان بلدیہ محمدمختار احمد ناز،شوبھارانی،سنگیتا ٹھاکر، پارٹی قائدین اور کارکنوں کے علاوہ عوام بالخصوص خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

دوسری جانب ایم ایل اے پائلٹ روہت ریڈی جہاں اپنی انتخابی مہم میں شدت کےساتھ مصروف ہیں۔وہیں ان کی والدہ محترمہ و رکن ضلع پریشد وقارآباد پرمودنی دیوی اور ایم ایل اے کی اہلیہ محترمہ آرتی ریڈی بھی نائب صدرنشین بلدیہ پٹلولا دیپانرسملو،خاتون ارکان بلدیہ، خاتون پارٹی قائدین کےساتھ تانڈور کے تمام بلدی حلقوں،کاروباری اداروں،بیوپاریوں، خانہ دار خواتین تک راست طور پرپہنچ کر گھرگھر جاکر ان سے راست ملاقات کرتے ہوئے بی آر ایس اور ایم ایل اے تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کو دوبارہ کامیاب بنانے کی اپیل کر رہی ہیں۔

اور ساتھ ہی حکومت تلنگانہ کی دس سالہ کارکردگی، اسکیمات اور پارٹی کے انتخابی منشور کے علاوہ ایم ایل اے تانڈور کی جانب سے گزشتہ پانچ سال کے دوران حلقہ اسمبلی تانڈو ر کی ترقی کےلیے کیے گئے اقدامات سے تفصیلی طور پر واقف کروارہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں "

تانڈور میں پولیس کی تلاشی مہم، خاتون کے پاس سے 21 تولے سونا ضبط

 

راجستھان میں اینٹی کرپشن بیورو نے ای ڈی کے ایک عہدیدار اور ساتھی کو 15 لاکھ روپئے رشوت کی رقم کے ساتھ گرفتارکرلیا