وقارآباد ضلع میں سڑکوں اور پُلوں کے تعمیراتی کاموں کو جلدمکمل کرلیا جائے
دفتر کلکٹریٹ میں جائزہ اجلاس،ارکان اسمبلی اور ضلع کلکٹر کی شرکت،عہدیداروں کو وزیرتعلیم سبیتا اندرا ریڈی کی ہدایت
وقارآباد/تانڈور:10۔جون(سحرنیوزڈاٹ کام )
ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے محکمہ آراینڈ بی کے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ ضلع وقارآباد کے مختلف مقامات پر جاری سڑکوں اور پلوں کے تعمیراتی کاموں کو مانسون کے پیش نظر جلد مکمل کرلیا جائے۔
وہ کل شام دفتر کلکٹریٹ وقارآباد میں منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کررہی تھیں جس میں چیوڑلہ،وقارآباد،تانڈور،کوڑنگل اور پرگی کے ارکان اسمبلی کالے یادیا،ڈاکٹر میتکو آنند،پائلٹ روہت ریڈی،پی۔نریندرریڈی اور مہیش ریڈی کے علاوہ کلکٹر ضلع وقارآباد پوسومی باسو،ایڈیشنل کلکٹر چندریا،صدر ٹی ایس ای ڈبلیو آئی ڈی سی ناگیندرگوڑ،صدرنشین ضلع لائبرریز مرلی کرشنا گوڑ،صدرنشین بلدیہ وقارآباد سی۔منجولہ رمیش کے علاوہ دیگر شریک تھے۔
وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ بارش کے موسم میں عوام کو تکالیف کا سامنا نہ کرنا پڑے اسی لیے عہدیدار اور کنٹراکٹر آپسی تال میل کے ذریعہ زیر تکمیل کاموں میں سرعت پیدا کرتے ہوئے ان سڑکوں کے تعمیراتی کاموں کو جلدمکمل کرلیں۔
وزیر تعلیم نے محکمہ آراینڈ بی کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وقارآباد۔تانڈورشاہراہ،تانڈور کی کاگناندی کے بریج کے کاموں کیساتھ ساتھ ڈورنال بریج اور کوڑنگل۔گلبرگہ شاہراہ کے کاموں کو فوری طورپر مکمل کرلیا جائے۔انہوں نے انتباہ دیا کہ اس سلسلہ میں کنٹراکٹرس کی تساہلی برداشت نہیں کی جائے گی ۔ساتھ ہی وزیرتعلیم نے کہا کہ ارکان اسمبلی اپنے اپنے حلقہ جات کیلئے فنڈس کی منظوری کروالیں۔
قبل ازیں محکمہ سول سپلائز اور محکمہ زراعت کے عہدیداروں کیساتھ منعقدہ جائزہ اجلاس میں وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی کے بعد کہا کہ جاریہ سال ضلع وقارآباد میں کسانوں کی جانب سے دھان کی بڑے پیمانے پر کاشت کی گئی ہے انہوں نے بتایا کہ اب تک کسانوں کے پاس سے77؍ہزار میٹرک ٹن دھان خریدی گئی ہے۔
جس میں سے 56؍ہزار میٹرک ٹن دھان خریدی مراکز سے منتقل کی جاچکی ہے اور مزید 20؍ہزار میٹرک ٹن دھان کی خریدی کے بعدضلع کے اسمبلی حلقہ جات میں میں موجود گوداموں میں منتقل کی جائے گی انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ خریدی مراکز پر کسانوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اس کے لیے انتظامات کیے جائیں۔
ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے کہا کہ حکومت کے فیصلہ کے مطابق ضلع وقارآباد کے 2,818؍مستحق خاندانوں میں اندرون15؍ یوم جدید راشن کارڈ س جاری کیے جائیں گے۔
محکمہ زراعت کے عہدیداروں کو وزیرتعلیم نے ہدایت دی کہ خریف سیزن کیلئے کسانوں کواعلیٰ قسم کے تخم اور کھاد بناء کسی پریشانی کے دستیابی کو یقینی بنایا جائے اور نقلی تخم فروخت کرنے والوں کیخلاف پی ڈی ایکٹ کے تحت کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔
ان دونوں جائزہ اجلاس میں نائب صدرضلع پریشد بائنڈلہ وجئے کمار،ایس ای محکمہ آراینڈ بی سرینواس راؤ، ای ای لال سنگھ،آر ڈی او اوپیندراریڈی،ڈی سی ایس او راجیشور، ڈی ایم سول سپلائز وملا،محکمہ زراعت کے عہدیدار گوپال اور دیگر عہدیدار شریک تھے۔