تانڈور میں ایئر کولرس کی دکان میں بھیانک آتشزدگی، زائد از ایک کروڑ مالیتی اشیاء ،فرنیچر اور عمارت آگ کی نذر

تانڈور میں ایئر کولرس کی دکان میں بھیانک آتشزدگی
زائد از ایک کروڑ مالیتی کولرز، مختلف اشیاء، فرنیچر اور عمارت آگ کی نذر

وقارآباد/تانڈور : 02۔مارچ
(سحر نیوز ڈاٹ کام)

وقارآباد ضلع کے تانڈور ٹاؤن میں مارواڑی بازار میں موجود پرفیکٹ کولرس کی دکان میں آج رات پونے دس بجے اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس دکان میں موجود زائداز 30 لاکھ روپئے مالیتی ایئر کولرس کی بڑی تعداد اور موسم گرما کے پیش نظر فروخت کے لیے نئے اور مرمت کے لیے لائے گئے قدیم ایئر کولرس کے علاوہ مختلف سامان،گھاس اور دیگر اشیاء جل کر خاکستر ہوگئے۔وہیں دکان میں موجود دس تا پندرہ لاکھ روپئے کے صرفہ سے بنایا گیا فرنیچر بھی آگ کی نذر ہوگیا۔

پڑوسی دکانداروں نے بتایاکہ اس مہیب آتشزدگی سے زائداز ایک کروڑ روپئے کا نقصان ہواہے۔! تاہم دکان مالک اور پولیس و محکمہ فائر سرویس   کے عہدیداروں کی جانب سے ابھی تصدیق نہیں کی گئی ہے کہ نقصان کا اصل تخمینہ کتنا ہے۔؟

ابتدائی اطلاعات کےمطابق کولرز کی دکان کے مالک پاشاہ حسب معمول اپنی دکان بند کرکے رات ساڑھے 9 بجے روانہ ہوئے تھے کہ چند منٹوں بعد ہی اس دکان سے آگ کے شعلے بھڑک اٹھے۔وہاں موجود دکانداروں نے کولرس کی دکان سے نکلنے والی آگ اور دھویں کودیکھ کر فائر انجن کو اطلاع دی۔آگ کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے اس دکان کی چھت کے بھی منہدم ہونے کا خطرہ ہے۔

اس آگ کی لپیٹ میں قریب ہی موجود دکانات بھی آگئیں ان کے نقصان کی ابھی تک اطلاع نہیں ہے۔رات 11 بجے تک بھی فائرانجن کے ذریعہ آگ پر قابو پانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔اس حادثہ کے باعث مارواڑی بازار کا علاقہ کثیف دھویں کی زد میں آگیا اور قریب ہی موجود دیگر دکانات اور مکانات کے مالکین کو پریشان دیکھا گیا۔آگ کی وجوہات کا پتہ نہیں چل پایا ہے۔اس سلسلہ میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

آگ لگنے کی اطلاع کے فوری بعد مقامی پولیس عہدیدار اور عملہ بھی جائے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔پڑوسی دکانداروں نے اس حادثہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ موسم گرما کے پیش نظر ہمہ اقسام کے جدید کولرز کا بڑا ذخیرہ اس دکان میں موجود تھا۔آگ کی اطلاع کے بعد دکان مالک پاشاہ بھی جائے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں "

وقارآباد ضلع میں بچوں کے اغواء کی سوشل میڈیا پر زیر گشت افواہوں پر عوام یقین نہ کریں : ضلع ایس پی نندیالا کوٹی ریڈی کا بیان

 

پنکج اُدھاس نہیں رہے

 

ٹیچرز کو ہراساں کر کے رقم وصول کرنے والے 6 صحافیوں کے خلاف کیس درج، ایس پی وقارآباد ضلع نندیالا کوٹی ریڈی کا انکشاف