تلنگانہ ریاستی کابینہ کا اجلاس 8 جون کو،لاک ڈاؤن کی برخواستگی اور نائٹ کرفیو کے نفاذ کا لیا جاسکتا ہے فیصلہ؟
حیدرآباد: 6۔جون(سحرنیوزڈاٹ کام )
چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ کی قیادت میں 8 جون،بروزمنگل،دوپہر دوبجے ریاستی کابینہ کا اجلاس پرگتی بھون میں منعقد کیا جارہا ہے جس میں مختلف امور پر غور و خوص کے بعد کئی ایک اہم فیصلوں کے اعلان کا امکان ہے! ریاست میں 12 مئی کو نافذ کردہ اور اس میں دو مرتبہ توسیع کے بعد لاک ڈاؤن کی معیاد 9 جون بروز چہارشنبہ اختتام کو پہنچ رہی ہے۔
امکان ہے کہ ریاست میں حالیہ چند دنوں سے کوروناوائرس کی شدت میں کمی کے پیش نظر اس کابینہ کے اجلاس میں ریاست میں نافذالعمل لاک ڈاؤن کو برخاست کرتے ہوئے ماہِ جون کے اختتام تک ریاست میں نائٹ کرفیو کے نفاذ کافیصلہ لیا جاسکتا ہے!! جس سے مفلوج ہوچکی انسانی زندگی دوبارہ پٹریوں پر لوٹ آئے گی!!
کیونکہ اس لاک ڈاؤن کے باعث جہاں سرکاری خزانہ میں پہنچنے والی آمدنی پر زبردست اثر پڑا ہے وہیں ریاست کا متوسط اور غریب طبقہ بھی معاشی پریشانیوں کا شدید شکار ہے۔گزشتہ سال لاک ڈاؤن کے دؤران مختلف تنظیموں نے اور خود حکومت نے مالی امداد کیساتھ ساتھ راشن کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا تھا تاہم جاریہ سال لاک ڈاؤن کے دؤران بہت کم اس طرح کی خدمات غریب طبقہ تک پہنچائی جارہی ہیں جو کہ روز کنواں کھودتا ہے اور روز پانی پیتاہے!!
یاد رہے کہ 4 جون کو ہیلتھ ڈائرکٹر تلنگانہ سرینواس راؤ نے انکشاف کیا تھا کہ لاک ڈاؤن کے باعث ریاست میں کورونامعاملات میں کمی آئی ہے انہوں نے کہا تھا کہ اگر کورونا متاثرین اور اموات میں اسی طرح کمی ہوتی رہی تو حکومت لاک ڈاؤن کی برخواستگی کا فیصلہ کرسکتی ہے!
دوسری جانب کل ہی چیف منسٹر کے۔ چندراشیکھر راؤنے ریاست کے 19 اضلاع کے ضلع سرکاری اسپتالوں میں قائم کیے گئے جدید ڈیاگناسٹک سنٹرس کے کل 7 جون کوافتتاح کرنے کی محکمہ صحت کے عہدیداروں کو ہدایت دی تھی تاہم آج اس افتتاحی پروگرام کو 9 جون تک ملتوی کیا گیاہے
کیونکہ چیف منسٹر چاہتے ہیں کہ 8 مئی کے کابینہ کے اجلاس کے دوسرے دن 9 جون کو ایک ہی دن اور ایک ہی مقررہ وقت پر ریاستی وزراء ان اضلاع میں ان ڈیاگناسٹک سنٹرس کا افتتاح انجام دیں اور جن اضلاع میں وزراء نہ ہوں وہاں کے ارکان پارلیمان یا ارکان اسمبلی ان ڈیاگناسٹک سنٹرس کا افتتاح انجام دیں۔
8 جون کو منعقد ہونے والے ریاستی کابینہ کے اجلاس میں چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ کی قیادت میں ریاست میں کوویڈمعاملات کی موجودہ صورتحال، طبی خدمات،آبپاشی ،زرعی سرگرمیوں ،رعیتو بندھواسکیم کے بشمول دیگر کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کئی اعلانات کا بھی امکان ہے۔
یاد رہے کہ تلنگانہ میں بڑھتے کوروناوائرس کے معاملات کی روک تھام کی غرض سے ریاست میں 12 مئی سے دس روزہ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا،جس کے بعد چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ نے 18 مئی کواس لاک ڈاؤن میں 30 مئی تک توسیع کی تھی اس لاک ڈاؤن کے دؤران اشیائے ضروریہ کی خرید وفروخت کیلئے عوام اور دُکانداروں کو روزآنہ صبح 6 بجے تا 10 بجے دن تک سہولت دی جارہی تھی۔
بعد ازاں چیف منسٹرکے۔چندراشیکھرراؤ کی قیادت میں 30 مئی بروز اتوار پرگتی بھون،حیدرآباد میں منعقدہ چار گھنٹوں طویل ریاستی کابینہ کے اجلاس کے بعد چیف منسٹر نے ریاست تلنگانہ میں جاری لاک ڈاؤن میں مزید دس دنوں کی توسیع کا اعلان کرتے ہوئے لاک ڈاؤن کے دؤران صبح 6 بجے سے دس بجے دن تک دئیے جانے والے چار گھنٹوں کے وقفہ میں مزید چار گھنٹوں کی توسیع دی گئی تھی۔
اس طرح ریاست میں نافذ لاک ڈاؤن کی معیاد 9 جون بروز چہارشنبہ کو ختم ہورہی ہے۔ جبکہ لاک ڈاؤن سے قبل 20 اپریل سے ریاست تلنگانہ میں نائٹ کرفیو نافذ کیا گیا تھا جس میں دو مرتبہ توسیع کی گئی تھی۔
……………………………………………………
