وقار آباد ضلع کے اینے پلی میں سیندھی کے درخت پر بجلی گرپڑی، جلتا ہوا درخت ویڈیو میں قید

وقار آباد ضلع کے اینے پلی میں سیندھی کے درخت پر بجلی گرپڑی
جلتا ہوا درخت ویڈیو میں قید، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

وقار آباد: 16۔اپریل
(سحرنیوزڈاٹ کام/نمائندہ)

ریاست تلنگانہ میں وقفہ وقفہ سے موسم کی تبدیلی کا سلسلہ جاری ہے۔شدید دھوپ کے دوران اچانک آسمان کا ابر آلود ہوجانا،پھر تیز ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بوندا باندی یا پھر اچانک دھواں دھار بارش۔اس موسمی تبدیلی کےباعث موسم خوشگوارہوجاتا ہے اور گرمی کی شدت سے پریشان عوام کو گرمی سے راحت ملتی ہے۔جمعہ کی نصف شب کے بعد ایک بجے رات تانڈور میں اچانک گرج و چمک کے ساتھ دھواں دھار بارش ہوئی تھی جس کا سلسلہ 15 منٹ تک جاری رہا ۔پھر کل ہفتہ اور آج اتوار کو تانڈور، وقارآباد اورضلع کے مختلف مقامات پر موسم ابر آلود رہا۔

آج وقارآباد ضلع کے مختلف مقامات دوپہر تک بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں تھے کہ اچانک 4 بجے موسم ابر آلود ہوگیا۔اور تیز ہواؤں کے ساتھ گرج و چمک کا آغاز ہوا اور ہلکی بوندہ باندی بھی ہوئی۔

اسی دؤران زوردار آواز اور گھن گرج و چمک کےساتھ وقارآبادضلع مستقر کےبلدی حلقہ اینے پلی میں بلدی حلقہ 15 کے رکن بلدیہ اننت ریڈی کے مکان کے بالکل قریب کھیت میں موجود سیندھی کے درخت پر بجلی گرگئی۔بجلی گرنےسے درخت کے اوپری ہرے بھرے حصہ میں آگ کے شعلے بھڑک اٹھے۔اس منظر سے خوفزدہ رکن بلدیہ کے افراد خاندان نے درخت کو آگ لگنے والا منظر اپنے موبائل فون میں قید کرلیا۔اس واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوا۔ دیکھتے دیکھتے سیندھی کا ہرا بھرا درخت تھوڑی ہی دیر میں راکھ میں تبدیل ہوگیا۔

مقامی عوام نے کہاکہ علاقہ کے عوام کی خوش قسمتی رہی کہ بجلی سیندھی کےدرخت پر گری ورنہ آبادی میں گرتی تو ایک بڑا حادثہ رونماء ہوجاتا ۔وہیں ماہرین اور بزرگ افراد ہمیشہ صلاح دیتے ہیں کہ بارش اور گرج چمک کے دوران ہرگز جنگل والے مقامات اور درختوں کے نیچے پناہ نہ لی جائے بلکہ کسی طرح آبادی میں پہنچ کر عمارتوں میں پناہ لی جائے۔

https://www.facebook.com/khanyahiya276/videos/515830720559823