وقارآباد ضلع : تانڈور کے یالال منڈل میں چیتا کے حملہ میں بیل ہلاک، محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کی تصدیق
جائے مقام سے پیروں کے نشان اور دیگر اشیاء لیاب روانہ، عوام میں دہشت کا ماحول،چوکس رہنے کا مشورہ
وقارآباد/تانڈور : 16؍اکتوبر
(سحر نیوز ڈاٹ کام)
وقارآباد ضلع کے اسمبلی حلقہ تانڈور کے یالال منڈل میں موجود ریلا گڈہ تانڈہ میں چیتا کے حملہ میں ایک بیل کے ہلاک ہوجانے سے اس موضع اور یالال منڈل کے دیگر مواضعات کے عوام میں خوف و دہشت کی لہر دوڑ گئی ہے۔
آج صبح کی اولین ساعتوں میں اس تانڈہ کے ساکن مڈاوت گوپیا نائیک کے کھیت میں موجود ایک بیل مردہ پایا گیا تھا جو کسی جانورکے حملہ میں زخمی ہوکر ہلاک ہوگیا تھا۔اس اطلاع کے فوری بعد میں تانڈہ اور یالال منڈل میں یہ اطلاع عام ہوگئی کہ چیتاکے حملہ میں ایک بیل ہلاک ہوگیا ہے۔جسکے بعد عوام میں خوف کی لہر دوڑ گئی۔
اس اطلاع پر یالال پولیس اور محکمہ جنگلات کے عہدیدار فوری جائے مقام پر پہنچ گئے،ہلاک شدہ بیل، اس کے جسم پر موجود جانور کے پنجوں کے نشان اور اس کھیت کے مختلف مقامات پر موجود جانور کے پیروں کے نشانات کا مشاہدہ کیا۔
بعدازاں فاریسٹ رینج (ایف آر او) آفیسر راجندر نے میڈیا سے بات کرتےہوئے تصدیق کی کہ اس بیل کو زخمی کرکے ہلاک کرنے اور کھیت کے مختلف مقامات پر زمین پرموجود پیروں کے نشان چیتا کے ہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ تمام جمع شدہ مواد کوجانچ کی غرض سے فورنسک لیاب روانہ کیا جا رہا ہے۔
محکمہ جنگلات اور پولیس کے عہدیداروں نے اس واقعہ کے بعد یالال منڈل اور دیگر قریبی مواضعات کے عوام کو چوکس رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاہےکہ وہ کہیں بھی بالخصوص اپنے کھیتوں اور جنگلات میں تنہا جانے سے گریز کریں،اپنے کھیتوں،باولیوں اور مکانات کےباہر جانوروں کو نہ باندھیں،اسی طرح صبح کے اوقات میں خواتین، ضعیف افراد اور بچے حوائج ضروریہ کے لیے جنگل، کھیتوں اور درختوں والے مقامات پر نہ جائیں ساتھ ہی شام کے بعد اپنے گھروں سے عوام باہر نہ نکلیں۔
یالال منڈل کے ریلا گڈہ تانڈہ میں چیتاکے حملہ میں بیل کی ہلاکت اور چیتا کی نقل و حرکت پر خوفزدہ عوام نےمحکمہ جنگلات کےعہدیداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس چیتا کو پکڑنے کو یقینی بنائیں ورنہ انہیں خوف کے سائے میں زندگی گزارنا پڑے گا اور ان کے روزمرہ کے کاموں کے علاوہ زرعی سرگرمیاں بھی ٹھپ ہونے سے انہیں نقصان ہوگا۔یاد رہے کہ چند ماہ قبل بھی ایک چیتا نے اننت گیری ہلز اور اس کے قریبی مقامات پر آزادانہ گھومتے ہوئے ہلچل مچائی تھی، تاہم محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کی جانب سے بڑے پیمانے تلاشی مہم کے باوجود اس چیتے کو پکڑا نہیں جاسکا تھا۔!!
” یہ بھی پڑھیں ”
https://www.facebook.com/khanyahiya276/videos/2368385689998613
zs


