وقارآباد ضلع میں ٹرین سے اُترنے کے دؤران حاملہ خاتون ٹرین کے نیچے گرگئی
شدید زخمی خاتون دونوں پیروں سے محروم،مزید علاج کی غرض سے حیدرآباد منتقل
وقارآباد/حیدرآباد: 26۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)
وقارآباد ضلع کے بشیرآباد منڈل ،حلقہ اسمبلی تانڈور کے ناوندگی ریلوے اسٹیشن پر آج پیش آئے ایک حادثہ میں ٹرین سے اُترنے کے دؤران پیر پھسل جانے کے باعث ایک خاتون ٹرین کے نیچے گرگئی اور اس حادثہ میں یہ خاتون اپنے دونوں پیروں میں محروم ہوگئی۔
اس حادثہ کا ایک اور افسوسناک پہلو یہ بھی ہے کہ ٹرین کے ذریعہ اپنے دونوں پیروں سے محروم ہوجانے والی یہ خاتون حاملہ بتائی گئی ہے! اور ایک تین سالہ لڑکی کی ماں بھی ہے۔
عینی شاہدین اور تانڈور کے ہسپتال میں خود اس خاتون کی جانب سے میڈیا کو فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق موضع کوروی چیڑ ، بشیرآباد منڈل ، حلقہ اسمبلی تانڈور کی ساکن انیتا (30 سالہ) اپنے شوہر پجاری ماریپا اور اپنی تین سالہ لڑکی ایشوریا کے ساتھ حیدرآباد میں قیام کرتے ہوئے زندگی بسر کرنے میں مصروف ہے۔
حیدرآباد کے ہسپتال میں اپنا معائنہ کروانے کے بعد آج صبح حاملہ انیتا حیدرآباد سے گلبرگہ جانے والی فلک نماء پاسنجر ٹرین میں لنگم پلی سے سوار ہوئی اور حلقہ اسمبلی تانڈور میں موجود ناوندگی ریلوے اسٹیشن پر ٹرین سے اترنے کے دؤران پیر پھسل جانے کے باعث اس ٹرین کے نیچے گر گئی جس کے پیروں پر سے ٹرین گزرگئی۔
وہاں موجود لوگوں نے جب یہ منظر دیکھا تو فوری اس کی مدد کے لیے پہنچے اور ایمبولس کو طلب کرتے ہوئے فوری اس خاتون کو تانڈور کے گورنمنٹ ضلع ہسپتال منتقل کیا گیا۔
جہاں ڈاکٹرس نے اس شدید زخمی خاتون کے معائنہ کے بعد بتایا کہ اس حادثہ میں انیتا اپنے دونوں پیروں سے محروم ہوگئی ہے۔تانڈور کے گورنمنٹ ضلع ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے بعد انیتا کو مزید بہتر علاج کی غرض سے حیدرآباد منتقل کردیا گیا۔