کوویڈکے پیش نظر تانڈور اور مواضعات میں تراویح کی نماز میں سواّپارہ کے نظم کا فیصلہ
تانڈور:12۔اپریل (سحرنیوزڈاٹ کام)
صدرجمعیۃ علماء ضلع وقارآباد مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی کی جدوجہد سے کوویڈ کی دوسری لہر کے مدنظر مساجد کمیٹیوں اور مسالک کے ذمہ داران سے بات چیت اور اتفاق کے بعد تانڈور اور اطراف واکناف کی تمام مساجد میں تراویح کی نماز میں سوا پارہ یا دیڑھ پارے کا نظم کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ مساجد میں زیادہ بھیڑ اکھٹا نہ ہو۔
اس سلسلہ میں آج سوشیل میڈیا کیلئے جاری کردہ ویڈیو پیغام میں صدرجمعیۃ علماء ضلع وقارآبادمولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی نے مسلمانوں بالخصوص نمازوں اور تراویح کی نمازوں کی ادائیگی کیلئے مساجد آنے والوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ احکام پرسختی کیساتھ عمل کریں،ماسک کا استعمال ضرور کریں، ساتھ ہی سماجی فاصلہ کا بھی خاص خیال رکھیں۔
اسی طرح ماہ رمضان میں بلاء جواز سڑکوں پر،عوامی مقامات،ہوٹلوں میں اور مساجد کے اطراف غیر ضروری طور پر جمع نہ ہوں اور بشمول پولیس دیگر کو کسی بھی قسم کی کارروائی کا موقع فراہم نہ کریں۔
اس موقع پر مولانا خلیل الرحمن محمدی (جمعیت اہلحدیث ) مولانا محمد شکیل احمد نظامی (سابق صدر اہلسنت والجماعت )،جمعیتہ علماء ضلع وقارآباد کے عہدیداران مولانا عبدالرحمن اطہر قاسمی اور حافظ ڈاکٹر عبدالسلام اور دیگر موجود تھے۔

