مدارس اسلامیہ مسلمانوں کی مذہبی شناخت کے تحفظ اور بقاء کے ضامن

ریاستی خبریں ضلعی خبریں

مدارس اسلامیہ مسلمانوں کی مذہبی شناخت کے تحفظ اور بقاء کے ضامن

رمضان المبارک میں مدارس اسلامیہ کا بھرپور مالی تعاون کرنے مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی اپیل

وقارآباد/تانڈور۔19۔اپریل(سحرنیوزڈاٹ کام)

مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد نے اپنے صحافتی بیان میں کہا ہے کہ اس بات میں کوئی دورائے نہیں ہیکہ دینی مدارس ملک میں مسلمانوں کے مذہبی تشخص اور اسلامی تہذیب کے نقیب اور محافظ ہیں آزادی وطن سے قبل اور بعد کی تاریخ اس بات کی گواہ ہیکہ مدارس اسلامیہ نے ہر دور میں مسلمانوں میں دینی حمیت کی برقراری،ارتداد و بے دینی کی گھٹاٹوپ تاریکیوں میں اسلامی تہذیب کی چراغ جلانے کا کام کیا ہے۔

مولانا نے کہا کہ آج جو مسلمانوں میں دینی شعور نظر آرہا ہے ، مساجد سے اللہ اکبر کی صدائیں بلند ہورہی ہیں اور اس ملک میں مسلمانوں کو جو مذہبی آزادی حاصل ہے ان میں سب سے بڑا کردار مدارس اسلامیہ کا ہے۔

مولانا محمدعبداللہ اظہر قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد۔

مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد نے کہا کہ وطن عزیز میں مدارس اسلامیہ کا دارومدار عموماً عوامی تعاون و عطیات پر ہی ہوتا ہے اور الحمدللہ ہندوستان کے مسلمان سالہا سال سے مدارس کا تعاون کرتے آرہے ہیں اور رمضان المبارک ان عطیات کی وصولی کا ایک بڑا موقع ہوتا ہے۔

لیکن گزشتہ سال گزشتہ لاک ڈاؤن کی نذر ہوگیا جس کے باعث بیشتر مدارس کی حالت نہایت خستہ رہی،کئی ایک مدارس اپنے اساتذہ اور ملازمین کی تنخواہیں نہیں دے پائے ہیں اور بیشتر مدارس مقروض ہیں۔

مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی نے اپنے صحافتی بیان میں تمام اہل خیر اور صاحب ثروت احباب سے اپیل کی ہیکہ جاریہ سال مدارس اسلامیہ کا بھرپور تعاون کریں۔

تاکہ اہل مدارس مالی پریشانیوں سے یکسو ہوکر دین کی تبلیغ و اشاعت میں مصروف رہیں اور ملت اسلامیہ کے دین وایمان کی حفاظت کی ذمہ داری پوری تندہی کے ساتھ ادا کریں۔مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد نے اہل ثروت سے اپیل کی ہیکہ ماہ رمضان المبارک میں ائمہ کرام، موذنین اور دین کے خدمت گزاروں کی ضروریات کا بھی خاص خیال رکھیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے