تم نفرت کا کاروبار کرو٭٭ہم محبت عام کریں گے،مسلمانوں نے رات ایک بجے کوویڈ سے فوت غیرمسلم شخص کی آخری رسومات اداکیں

ریاستی خبریں ضلعی خبریں قومی خبریں

تم نفرت کا کاروبار کرو٭٭ہم محبت عام کریں گے

مسلمانوں نے رات ایک بجے کوویڈ سے فوت غیرمسلم شخص کی آخری رسومات اداکیں

تانڈور: 18۔اپریل(سحر نیوز ڈاٹ کام)

مسلم یوتھ ویلفیئر تانڈور کی جانب سے گزشتہ سال کورونا وائرس کے آغاز کے بعد سے ہی ایک ایسے زہریلے ماحول میں کوویڈسے فوت ہونے والے مسلمانوں کیساتھ غیر مسلم برداران وطن کی آخری رسومات بھی انکے مذہبی طریقہ کار کیساتھ بلاء خوف و خطر تمامتر احتیاطی اقدامات کیساتھ پی پی کٹس، دستانے ، ماسک اور سینی ٹائزر کے استعمال کرتے ہوئے اداکرنے میں مصروف ہیں کہ جہاں مندر میں پانی پینے پر 12سالہ معصوم آصف کی بے تحاشہ پٹائی کرکے زخمی کردیا جاتا ہے۔

کورونا اموات کی بڑھتی تعداد ، ہسپتالوں میں بیڈس، ادویات اورآکسیجن کی قلت ،شمشانوں میں حد نظر تک جلتی چتاؤں اوراپنے پیاروں کی نعشوں کو جلانے کے انتظار میں ایک دوسرے پر ڈالی گئیں ڈھیروں نعشوں کیساتھ روتے بلکتے افراد خاندان ، ان نعشوں کو میڈیا سے چھپانے کیلئے شمشان گھاٹوں کے اطراف حکومتوں کی جانب سے پلاسٹک کے ٹین لگائے جانے اور قبرستانوں میں زمین کی قلت ، قبریں کھودنے والے گورکھنوں کی بے انتہا مصروفیت کے دؤران بھی

سوشیل میڈیا کے کئی پلیٹ فارمس بالخصوص ٹوئٹر ، وہاٹس ایپ اور فیس بک پر چند انسانیت دشمن اور اس ملک کا بوجھ ایک مخصوص طبقہ کے چند ظالم ،اورایک مخصوص ذہنیت کے درندہ نماء انسان وہی مندر، مسجد ،مسلمان، پاکستان، غدار، کنبھ میلے پر اٹھنے والے سوالات پر تبلیغی جماعت کے خلاف زہر اُگلنے میں مصروف ہیں۔

جنہیں تنخواہ ہی اس بات کی دی جاتی ہے کہ وہ مصیبت کے مواقع پر بھی اس ملک کے کروڑوں امن پسند اور حساس انسانوں کو ذہنی اذیت دیتے رہیں تاکہ یہ اچھے دنوں کا لالچ دیکراقتدار پر آنے والوں کی ناکامیوں پر سوال نہ کرسکیں !اور اسی میں الجھے رہیں!!

دوسری جانب سوامی نرسنگھانند جیسے جاہل اور پاکھنڈی کو کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے کہ وہ پیغمبر اسلام حضرت محمدﷺ، اسلام اور قرآن پاک کے خلاف اپنے زہریلے اور ناقابل قبول بیانات کے ذریعہ مسلمانوں کو مشتعل اور غم زدہ کرتا رہے! ورنہ کوئی بات نہیں کہ اس کی جگہ کسی اور مذہب کا ہوتا تو کب کا اس کی گردن دبوچ کر جیل کی سلاخوں کے پیچھے پہنچادیا جاتا۔

 تانڈور مسلم یوتھ ویلفیئر کے ذمہ داران سید کمال اطہر ،مولانا سہیل احمد عمری اور اراکین اصغر حسین شاہی پو ر ، حافظ توفیق شاہی پور، سید ثاقب میر، نذیر احمد ایمبولنس سرویس، ساجد پٹیل اور اس سے وابستہ دیگر نوجوان قابل مبارکباد ہیں کہ وہ ان تمام دل شکن حالات کے باؤجود”تم نفرت کا کاروبار ، ہم محبت عام کریں گے "کے جذبہ کے تحت اپنا کام انجام دینے میں مصروف ہیں۔

 کل ہی یہاں ایک 28 سالہ غیر مسلم نوجوان نے کوویڈ سے متاثر ہونے کے بعد ٹرین کے ذریعہ خودکشی کرلی تھی جسکے جسم کے ٹکروں کو جمع کرکے تانڈور مسلم یوتھ ویلفیئر کے ذمہ داران نے پولیس کی اجازت اور متوفی کی بیوی کی اپیل پر ہندو قبرستان میں جے سی بی کی مدد سے قبر کھدواکر اس نوجوان کی ہندورسم ورواج کے مطابق آخری رسومات انجام دیں جسکے بعد متوفی نوجوان کی بیوہ نے اسکے شوہر کی آخری رسومات ادا کرنے پر تانڈور یوتھ ویلفیئر اور مسلمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان مشکل حالات میں بھی انکے رشتہ دار وں نے کوئی مدد نہیں کی اورآخری رسومات میں بھی شریک نہیں ہوئے۔

اسی دن گزشتہ رات تانڈور مسلم یوتھ ویلفیئر کے ذمہ داران کو اطلاع دی گئی کہ موضع ملکاپور جو کہ تانڈور سے 14؍کلومیٹر کے فاصلہ پر کرناٹک کی سرحد پر موجود ہے کہ وہاں کے موضع کے ایک ذمہ دار شخص کی تانڈور کے ایک خانگی ہسپتال میں کورونا وائرس موت واقع ہوگئی ہے اور آخری رسومات کی ادائیگی میں مسلم یوتھ ویلفیئر تعاون کرے جسکے فوری بعد تانڈورمسلم یوتھ ویلفیئر کے ذمہ داران سید کمال اطہر ،مولانا سہیل احمد عمری اور اراکین اصغر حسین شاہی پور ، حافظ توفیق شاہی پوراور ساجد پٹیل تمام انتظامات کیساتھ موضع ملکا پور پہنچ گئے اور رات ایک بجے مقامی قبرستان میں اس شخص کی آخری رسومات کی ادائیگی میں تعاون پیش کیا۔مسلم یوتھ ویلفیئر تانڈور کی ان خدمات کی موضع کے برادران وطن اور متوفی کے افراد خاندان نے ستائش کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

تانڈور مسلم یوتھ ویلفیئر کی ٹیم رات ایک بجے موضع ملکاپور میں کوویڈ سے فوت غیر مسلم شخص کی آخری رسومات کی ادائیگی میں تعاون کرتے ہوئے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال کورونا وائرس کے آغاز کے بعد سے آج تک تانڈور یوتھ ویلفیئر کی ٹیم تانڈور کے علاوہ قریبی مقامات میں کوروناوائرس سے متاثر ہوکر فوت ہونے والوں کی میتوں کی تغسیل، تجہیز اور تدفین جیسے فرضِ کفایہ کو بلاء خوف و خطرمکمل احتیاطی اقدامات کیساتھ انجام دینے میں مصروف ہے۔

اور اب تک تانڈور یوتھ ویلفیئر کی ٹیم کی جانب سے 45 سے زائد مسلم میتوں کی مکمل تجہیز و تکفین اور 21 ؍سے زائد غیر مسلم برادران وطن کی آخری رسومات کی ادائیگی میں تعاون کرتی آئی ہے۔

مسلمانوں کی ان خدمات کو یہاں برادران وطن بھی عزت کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں کہ ایک ایسے وقت میں کہ جب ہر طرف خوف طاری ہے ،خونی رشتے دار ،دوست احباب کورونا وائرس کا نام سنتے ہی خوف کے باعث متاثرین اور مرنے والوں سے دور بھاگنے میں ہی عافیت سمجھ رہے ہیں ایسے میں تانڈور یوتھ مسلم ویلفیئر کی جانب سے اس طرح کی خدمات برسوں یاد رکھی جائیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے