عیدالاضحی کے موقع پر مسلمان گائے کی قربانی سے احتراز کریں
مستحقین میں گوشت کی تقسیم کا نظم،صدرجمعیتہ علماء ضلع وقارآباد مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی کا بیان
وقارآباد/تانڈور:18۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام)
مولانا محمدعبداللہ اظہر قاسمی صدر جمعیۃ علماءضلع وقارآباد نے ضلع اور مقامی مسلمانوں کومشورہ دیا ہے کہ ملک کے موجودہ حالات کے مد نظرعیدالاضحٰی کے مؤقع پرمسلمان گائے کی قربانی سے احتیاط برتیں۔
مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی نے واقف کروایا کہ گزشتہ دنوں تانڈور میں محکمہ پولیس کیجانب سے منعقدہ امن اجلاس میں ایس پی ضلع وقارآباد ایم۔ نارائنا کے علاوہ پولیس کے دیگرعہدیداران نے بھی جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد سے اس بات کی خصوصی خواہش کی کہ مذکورہ پیغام تمام مسلمانوں تک پہنچایا جائے۔
اسی طرح عیدالاضحی کے موقع پر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی جانب سے شہر کی سلم بستیوں اور دیہاتوں میں قربانی کا گوشت تقسیم کیا جائے گا۔اس میں تمام اراکین نے بھرپور تعاون کا تیقن دیاہے اور مختلف ذمہ داریوں کی تفویض بھی عمل میں لائی گئی۔
مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآبادنے اپنے بیان میں مسلمانوں سے خواہش کی ہے کہ وہ قربانی کے بعد جانوروں کا فضلہ اور دیگر اشیاء سڑکوں کے کنارے، کچرے دانوں یا گلیوں میں ہرگز نہ پھینکیں بلکہ یہ اشیاء انکے مکانات تک پہنچنے والے بلدیہ کے صفائی ملازمین کے حوالے کریں جس سے محلہ جات میں تعفن بھی نہیں پھیلے گا اور مکینوں کو تکلیف بھی نہیں ہوگی۔
اور ساتھ ہی بارش کے موسم میں وبائی امراض سے تحفظ کی غرض سے اپنے مکانات اور اپنے مکانات کے آس پاس صاف صفائی کا خاص خیال رکھیں، جراثیم کش ادویہ کا استعمال کریں تاکہ مچھروں اور مکھیوں کی افزائش نہ ہو۔
مولانا محمدعبداللہ اظہر قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآبادنے کہا ہے کہ قربانی کے گوشت میں غرباء اورمستحقین کا بھی حصہ ہے۔انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ اپنی قربانی کا گوشت حقیقی مستحقین اور ضرورتمند افراد تک پہنچانے کیلئے جمعیتہ علماء ضلع وقارآباد کے حوالے کریں۔
فون پر اطلاع دینے پر جمعیتہ علماء کے اراکین گھروں تک پہنچ کر گوشت وصول کریں گے۔
مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآبادنے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر مستحقین اور غرباء میں خوشیاں بکھیرنے کا یہ بہترین موقع یہ ہے۔