نئی تبدیلیوں کے بعد افغانستان فلاحی مملکت کا نمونہ بنناچاہئے
امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی کا صحافتی بیان
نئی دہلی:18۔اگست(پریس نوٹ/سحرنیوزڈاٹ کام)
افغانستان کی سیاسی تبدیلیوں پر تبصرہ کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی نے امید ظاہر کی کہ ان تبدیلیوں سے افغانستان میں برسوں سے جاری بدامنی اور خون خرابہ ختم ہوگا اور خطے میں امن و امان کے قیام اور افغان عوام کے حقوق کی بحالی میں مدد ملے گی۔
بیس سال پہلے استعماری طاقتوں کی فوج کشی کے ذریعہ حکومت کا خاتمہ، غاصب فوجوں کے ذریعہ معصوم عوام پر بہیمانہ مظالم، بمباری اور شہروں کو تاراج کرنے کا پیہم سلسلہ اورعوام پر اپنی مرضی مسلط کرنے کی مسلسل کوشش، یہ واقعات حالیہ تاریخ کا افسوس ناک اور قابل مذمت باب ہیں۔
امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی نے کہا ہے کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ افغان عوام کی استقامت اور جدوجہد کے نتیجے میں اس ملک سے استعماری افواج کا انخلا عمل میں آیا۔
امیر جماعت نے کہا کہ اس واقعہ سے استعماری طاقتوں کو سبق لینا چاہیے اور اپنے مفادات کی خاطر غریب ملکوں کے معاملات میں ناپاک مداخلت کی پالیسی سے ہمیشہ کے لیے باز آنا چاہیے۔
اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو بھی اس واقعہ سے سبق لینا چاہیے اور طاقتور ملکوں کی جانب سے چیرہ دستیوں اور مداخلتوں کی روک تھام کا مضبوط نظام بنانا چاہیے۔
امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی نے اس بات پر خوشی و اطمینان کا اظہار کیا کہ حکومت کی منتقلی کا عمل پُرامن طور پر بغیر کسی بڑے خون خرابے کے مکمل ہوا۔
اپنے بیان میں امیر جماعت اسلامی ہند نے طالبان کو توجہ دلائی کہ اس وقت ساری دنیا کی نظریں ان پر ٹکی ہوئی ہیں اور ان کے طرز عمل اور اقدامات کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہیں۔طالبان کو یہ موقع حاصل ہے کہ وہ اسلام کے نظام رحمت کا عملی نمونہ دنیا کے سامنے پیش کریں۔
ہم اس موقع پر وہ انہیں متوجہ کرنا چاہتے ہیں کہ اسلام امن و امان کا داعی ہے، وہ عقیدے کی آزادی دیتا ہے،اقلیتوں سمیت تمام انسانوں کے جان و مال کا تحفظ اسلام کی نہایت اہم قدر ہے۔
خواتین کے حقوق کے تعلق سے بھی اسلام نہایت حساس ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ افغانستان کے نئے حکمراں اسلام کی ان تعلیمات پر سختی سے عمل پیرا ہوں گے اور ایسی فلاحی مملکت کا نمونہ دنیا کے سامنے پیش کریں گے جہاں ہر ایک کو خوف و دہشت سے آزادی حاصل ہو اور ترقی و خوشحال زندگی کے بھرپور اور مساوی مواقع حاصل ہوں۔
امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ ہم یہ بھی امید کرتے ہیں کہ اسلام کی جمہوری و شورائی روح کے مطابق وہاں جلد سےجلد عوام کی رائے سے بننے والی ایسی حکومت تشکیل پائے گی جو ملک کے تمام طبقات کی نمائندگی کرے اور افغان عوام کے درمیان پائیدار اتحاد و استحکام کا ذریعہ ثابت ہو۔
یہ اطلاعات خوش آئند ہیں کہ طالبان نے عام معافی کا اعلان کیا ہے،سکھوں، ہندووں اور دیگر اقلیتوں کو امن و امان کا تیقن دیا ہے اور دنیا کے تمام ممالک کے ساتھ مذاکرات اور تعاون و اشتراک کا عندیہ دیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی نے ہند ۔ افغان تعلقات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک ہندوستان اور افغانستان کے تعلقات دیرینہ ہیں۔حالیہ برسوں میں افغانستان کی تعمیر و ترقی میں بھی ہمارے ملک کا اہم رول رہا ہے۔اور ہم امید کرتے ہیں کہ ان تعلقات میں اور استحکام پیدا ہوگا اور اس کی خاطر دونوں جانب سے گرم جوشی کا مظاہرہ ہوگا۔
امیر جماعت اسلامی ہند نے کہا ہے کہ ہم ہندوستانی حکومت کو بھی اس کی یہ ذمہ داری یاد دلاتے ہیں کہ وہ افغانستان کی نئی حکومت سے صحت مند روابط کا آغاز کرے اور افغانستان کی تعمیر و ترقی میں اور پورے جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔