وقارآباد ضلع لائبریری میں قومی پرچم کی توہین ، ترنگا اُلٹا لہرا دیا گیا

وقارآباد ضلع لائبریری میں قومی پرچم کی توہین،ترنگا اُلٹا لہرا دیا گیا

وقارآباد: 15۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)

وقارآباد میں موجود ضلع لائبریری میں آج اس وقت قومی ترنگے کی توہین ہوئی جب یہ اُلٹا چڑھایا گیا۔

آج ملک کی 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر ضلع لائبریری وقارآباد میں بھی پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی جس میں رکن اسمبلی وقارآباد ڈاکٹر میتکو آنند کے علاوہ مقامی پارٹی قائدین اور عہدیدار شریک تھے۔

اس موقع پر صدر ضلع لائبریری مرلی کرشنا گوڑ نے پرچم کشائی انجام دی تاہم پرچم اوپر جاکر اُلٹا کھل گیا۔

اس نظارے کو دیکھنے کے بعد بشمول رکن اسمبلی اور دیگر قائدین نے اس کی فوری نشاندہی کی تو قومی پرچم کو نیچے اتار لیا گیا بعد ازاں اس قومی پرچم کو درست کرتے ہوئے دوبارہ لہرایا گیا۔

وقارآباد ضلع لائبریری میں پرچم کشائی کا ویڈیو :

بتایا جاتا ہے کہ ضلع لائبریری وقارآباد میں گزشتہ سال یوم آزادی کے موقع پر یہی غلطی کی گئی تھی جسے آج دوبارہ دہرایا گیااس وقت صدر ضلع لائبریری کوئی اور تھے لیکن اسٹاف وہی تھی۔


لائبریری اسٹاف کی جانب سے پرچم کشائی کے انتظامات کیے جاتے ہیں اسٹاف کی جانب سے کی جانے والی یہ فاش غلطی وقارآباد کے سیاسی، عوامی اور صحافتی حلقوں میں زیر بحث ہے کہ لاکھوں روپیوں کی تنخواہیں لینے والے ان سرکاری ملازمین کو کیا یہ بھی نہیں معلوم ہے کہ پرچم کشائی سے قبل کس طرح قومی پرچم کا باندھا جاتا ہے جو اوپر جاکر درست حالت میں کھل سکے؟ اور قومی پرچم کی یوں توہین نہ ہو؟؟

دوسری جانب اس خبر کے ویب سائٹس پر عام ہونے کے بعد صدر نشین ضلع لائبرریز وقارآباد، مرلی کرشنا کی جانب سے جاری کردہ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ دفتر کے دو ملازمین کے۔کشن، ڈپٹی لائبریرین اور ممتاز بیگم، لائبررین گریڈ۔3 کی جانب سے قومی پرچم کے لیے درکار رسی مناسب طریقہ سے فراہم نہ کیے جانے کے باعث یہ واقعہ پیش آیا ہے۔

ان دونوں ملازمین کو اس سلسلہ میں ذمہ دار قرار مانتے ہوئے ان سے فوری وضاحت طلب کی گئی ہے اور وجہ بتاؤ نوٹس جاری کرتے ہوئے دریافت کیا گیا ہے کہ کیوں نہ ان کے خلاف قواعد مطابق کارروائی کی جائے.