تلنگانہ کے چند اضلاع میں چار دنوں تک کہر اور دھند کی پیش قیاسی، ایلو الرٹ جاری
حیدرآباد ایئر پورٹ سے 35 پروازوں کا رخ تبدیل، عوام کو چوکس رہنے کا مشورہ
حیدرآباد : 26۔ڈسمبر
(سحر نیوز ڈاٹ کام)
ریاست تلنگانہ گزشتہ چار دنوں سے شدید سردی کی زد میں ہے۔بشمول حیدرآباد مختلف اضلاع میں کل صبح شدید ترین کہر اور دھند کے باعث 9 بجے صبح تک بھی عام زندگی مفلوج رہی۔ریاست کے مختلف اضلاع میں رات کے درجہ حرارت میں زبردست کمی ہوتی جا رہی ہے۔جبکہ دن بھر موسم سرد رہ رہا ہے۔
کل 25 ڈسمبر کو وقارآباد کےعلاوہ کئی اضلاع میں شدید کہر دیکھی گئی،جس کی شدت پانچ گھنٹوں تک رہی۔اس کہر کے باعث وقار آبادکے شیوا ریڈی پیٹ تالاب میں ایک کار کے گرجانے کے باعث ایک نوجوان ہلاک ہوگیا۔اسی طرح نلگنڈہ ضلع میں بھی کہرکے باعث پیش آئے سڑک حادثہ میں دو افراد ہلاک ہوگئے۔کئی مقامات پر کہر کے دؤران کاروں کے ٹکرانے کے واقعات پیش آئے ہیں۔
مرکزی محکمہ موسمیات،حیدرآباد کی پیش قیاسی کےمطابق تلنگانہ میں سردی کی شدت میں اچانک اضافہ شمال مشرق سے آنے والی سرد ہواؤں کے باعث سے ہواہے جو 29 دسمبر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔سردی کی لہر کی وجہ سےمختلف اضلاع میں رات اور صبح سویرے شدید کہر اور دھند کا ایلو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔چہارشنبہ اور جمعرات کو درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان ہے،کم سے کم درجہ حرارت 14 ڈگری سنٹی گریڈ تک ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔
اتوار 24 دسمبر اور پیر 25 دسمبر کی درمیانی رات محکمہ موسمیات،حکیم پیٹ نے کم سے کم 6.6 ڈگری سنٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا تھا جو کہ عام طور پر رہنے والے درجہ حرارت سے 9 سنٹی گریڈ کم درج ہوا تھا۔
جبکہ آج کومرم بھیم آصف آبادضلع میں کم سے کم درجہ حرارت 8.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا،وہیں عادل آباضلع میں کم سے کم درجہ حرارت 9.2، نرمل ضلع میں 10.6 اور منچریال ضلع میں 12.2 ڈگری سنٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
مرکزی محکمہ موسمیات،حیدرآبادکے مطابق ریاستی دارالحکومت حیدرآباد میں آج منگل کوکم سے کم 15.6 ڈگری سنٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے تلنگانہ کےکئی اضلاع میں مزید چار دنوں تک شدید سردی،گہری کہر اور دھند کی پیش قیاسی کرتےہوئے ایلو الرٹ جاری کیا ہے جو آئندہ تین دنوں تک نافذ رہے گا اور 15 ڈگری سنٹی گریڈ سے بھی کم درجہ حرارت ریکارڈ ہونے کا انتباہ دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی میں بتایا گیاہےکہ رات اور صبح کےاوقات میں گہری کہر اور دھند کی شدت میں اضافہ ہوگا۔دن کے وقت جزوی طور پر آسمان ابر آلود رہے گا ۔یہ سلسلہ 30 دسمبر تک جاری رہے گا۔محکمہ موسمیات نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ چوکس رہیں اور احتیاطی اقدامات اختیار کریں۔ضروری ہے کہ صبح اور رات کے اؤقات ہائی ویز اور سڑکوں پر گاڑی چلانے والے اس کہر اور دھند کے دؤران گاڑیاں چلاتے وقت انتہائی محتاط رہیں تاکہ حادثات سے محفوظ رہا جاسکے۔
اطلاعات کےمطابق کل پیر کی صبح 6 بجے تا 9 بجے تک حیدرآبادکے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ(شمس آباد ایئرپورٹ) پر گہری کہر اور دھند کے باعث پائلٹوں کو رن وے نظر نہ آنے کی اطلاع کے فوری بعد ایئر ٹریفک کنٹرول ATC# عہدیداروں نے چوکس ہوکر ان تین گھنٹوں کے دؤران طیاروں کی آمد و رفت کو روک دیا تھا۔
اس دؤران 35 بین الاقوامی اور قومی پروازوں کا رخ ممبئی،بنگلورو،ناگپور،وجئے واڑہ، کی جانب موڑ دیا گیا تھا۔30-8 بجے صبح گوا،چندی گڑھ اور ترواننت پور سےپہنچنےوالی پروازوں کا رخ وجئے واڑہ کےگناورم ایئرپورٹ کی جانب موڑ دیاگیا۔کہر کی شدت کم ہونے کےبعد 9 بجےصبح پروازیں بحال کی گئیں۔مختلف شہروں کو روانہ کیے گئے طیارے دوبارہ حیدرآباد پہنچ گئے۔اور فضائی خدمات کا آغاز کر دیا گیا۔
” یہ بھی پڑھیں ”
ColdWave#
#winterseason#
Fog#
Telangana#
FogAlert#

