تلنگانہ میں تین دنوں تک گرج چمک اور تیز ہواوں کے ساتھ شدید بارش کی پیش قیاسی
کئی اضلاع کے لیے محکمہ موسمیات کا ایلو الرٹ جاری، درجہ حرارت میں کمی
حیدرآباد : 20۔اپریل
(سحر نیوز ڈاٹ کام)
ریاست تلنگانہ گزشتہ چند دنوں سے شدید گرما کی لپیٹ میں ہے۔بشمول حیدرآباد ریاست کے کئی اضلاع میں دن کا درجہ 44 ڈگری سیلسیس سے زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔گرماء کی شدت سے عوام شدید پریشان ہیں۔محکمہ صحت اور محکمہ موسمیات کی جانب سے ریاست کے عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ دوپہر 12 بجے سے شام 4 بجے تک بلاء ضرورت اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں اور بالخصوص بزرگ افراد، بچوں اور بیماروں کے لیے احتیاطی اقدامات کیے جائیں۔
ملک کی کئی ریاستوں اور شہروں میں بھی گرماء کی شدت کا یہی حال ہے۔ایک دؤر میں درختوں کی دؤلت سے مالا مال گلابوں کا شہر کہا جانے والا بنگلورو بھی ان دنوں شدید گرمی اور پانی کی قلت سے دوچار ہے۔کرناٹک کے چند اضلاع میں دو دن قبل ہونے والی بارش نے عوام کو گرمی سے راحت دی تھی۔تاہم بنگلورو میں بارش نہیں ہوئی اور گرماء کی شدت برقرار ہے۔
ایسے میں محکمہ موسمیات حیدرآباد نے شدید گرماء سے پریشان تلنگانہ کے عوام کو خوشخبری دیتے ہوئے پیش قیاسی کی ہے کہ آج ہفتہ، 20 اپریل سے تین دنوں تک ریاست کے مختلف اضلاع میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے باعث گرج و چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارش ہوسکتی ہے۔اس سلسلہ میں محکمہ موسمیات نے ریاست کے مختلف اضلاع کے لیے ایلو الرٹ Yellow Alert# جاری کیا ہے۔
دو دن سے بشمول حیدرآباد مختلف اضلاع میں ہلکی اور تیز بارش ہو رہی ہے۔آج حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس کے باعث درجہ حرارت میں کمی واقع ہونےسےعوام نے راحت کی سانس لی۔کئی اضلاع میں آج صبح سے ہی موسم ابر آلود ہے۔آج شام وقارآباد ضلع کے دھارور منڈل میں تیز ہواؤں,گرج و چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس کے باعث برقی کھمبے اور درخت اکھڑ گئے۔کل صبح کی اولین ساعتوں میں بھی وقارآبادضلع کے چند مقامات پر گرج و چمک اور تیز ہواؤں کےساتھ بارش ہوئی جس سےفصلوں کونقصان پہنچا ہے۔دو دن سے وقارآباد ضلع میں درجہ حرارت میں کمی ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات حیدرآباد نے آج 20 اپریل کو گرج چمک،تیز ہواؤں کےساتھ بارش کی پیش قیاسی کرتےہوئے بشمول حیدرآباد ریاست کےاضلاع رنگاریڈی،میڑچل، وقارآباد, سنگاریڈی، نلگنڈہ، بھدرادری کوتہ گوڑم، کھمم، محبوب نگر, میدک، ناگرکرنول، نارائن پیٹ، جوگو لامبا گدوال اور ونپرتی کے لیے ایلو الرٹ جاری کیا ہے۔
جبکہ محکمہ موسمیات نے کل اتوار 21 اپریل کو اضلاع حیدرآباد, وقارآباد,,رنگاریڈی,میڑچل ملکاجگیری,عادل آباد, نظام آباد, آصف آباد,کومرم بھیم، جگتیال, نرمل, کریم نگر, راجنا سرسلہ,جئے شنکر بھوپال پلی, پیدا پلی,یادادری بھونگیراور میدک میں تیز ہواؤں اور گرج و چمک کےساتھ شدید بارش کی پیش قیاسی کرتے ہوئے ایلو الرٹ جاری کیا ہے۔
اسی طرح محکمہ موسمیات حیدرآباد نے 22 اپریل، بروز پیر کو بھی اضلاع حیدرآباد،رنگاریڈی، ملکا جگیری میڑچل، وقارآباد، یادادری بھونگیر، محبوب نگر، سنگاریڈی، کاماریڈی اور میدک میں تیز ہواؤں،گرج و چمک کے ساتھ شدید بارش کی پیش قیاسی کرتے ہوئے ایلو الرٹ جاری کیا ہے۔
” یہ بھی پڑھیں "
تانڈور : موضع گوٹلا پلی کے ساکن محمد اشفاق نے یو پی ایس سی میں 770 واں رینک حاصل کیا

