حیدرآباد پولیس نے 30 لاکھ روپئے مالیتی 300 کلو گانجہ ضبط کرلیا
دو بین ریاستی گانجہ سپلائر گرفتار،گاڑی ضبط: کمشنرپولیس انجنی کمار
حیدرآباد: 16۔اکتوبر(سحر نیوزڈاٹ کام)
حیدرآباد پولیس نے آج ایک بڑی کارروائی انجام دیتے ہوئے ایک مال بردار ٹرک سے 300کلو گانجہ ضبط کرتے ہوئے اس ٹرک میں موجود گانجہ کی فروخت میں مصروف بین ریاستی ٹولی کے دوافرادکو گرفتار کرتے ہوئے ٹرک کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔
کمشنر آف پولیس حیدرآباد انجنی کمار کے مطابق مصدقہ اطلاع پر کمشنر ٹاسک فورس،نارتھ زون ٹیم،ملک پیٹ پولیس اسٹیشن کے عہدیداروں کی ٹیم کے ساتھ ملک پیٹ پولیس اسٹیشن کے حدود میں موسیٰ رام باغ چوراہا کے قریب ایک مال بردار ٹاٹا گاڑی نمبر MH 20 EL-1473 کو روک لیا اور تلاشی کے دوران اس گاڑی میں خالی پلاسٹک کے ٹرے میں گانجہ کے تھیلے چھپائے گئے تھے۔

اس تلاشی مہم کے دؤران پولیس نے اس گاڑی سے 10 تھیلوں میں موجود 300 کلو گانجہ ضبط کرتے ہوئے گاڑی میں موجود دو افراد کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق یہ ممنوعہ گانجہ غیر قانونی طور پر نرسی پٹنم،وشاکھا پٹنم ضلع،آندھراپردیش سے احمد نگر،مہاراشٹرا منتقل کیا جارہا تھا جہاں اسے گاہکوں کو زائد قیمت پر فروخت کیا جانا تھا۔
کمشنر آف پولیس حیدرآباد انجنی کمار کے مطابق ضبط کیے گئے زائد از 300 کلو گانجہ کی مالیت 30 لاکھ روپئے ہے۔اور گانجہ منتقل کرنے والی اس ضبط شدہ گاڑی کی قیمت 15 لاکھ 86 ہزار روپئے ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار شدگان میں ولاس باہو صاحب ڈھوکنے عمر 33 سال،ساکن رنجن باغ،گنگاپور تھانہ،اؤرنگ آباد ضلع جو کہ اس گاڑی کا مالک اور ڈرائیور ہے اور ساتھ ہی مختلف ریاستوں کو گانجہ فراہم کرنے کا کام کرتا ہے اور دنیانیشور موہتے عمر 26 سال،ساکن بھنس ہیوارے،احمد نگر ضلع مہاراشٹرا شامل ہیں جو کہ معاون ڈرائیور ہے۔ان دونوں کے قبضہ سے دو موبائل فونس بھی ضبط کیے گئے ہیں۔
کمشنر آف پولیس حیدرآباد انجنی کمار کے مطابق اس گاڑی کا مالک اور ڈرائیور ولاس باہو صاحب اور اس کا ساتھی دینانیشور موہتے اس گاڑی کے ذریعہ مہاراشٹرا سے وشاکھا پٹنم سمیت دیگر مقامات کو مال برداری کیا کرتے تھے۔
اسی دؤران یہ دونوں نرسی پٹنم کے گانجہ ڈیلرس/ٹریڈرس وانا پلی ناگاسائی ساکن نرسی پٹنم کے رابطہ میں آگئے اور اپنی کم آمدنی سے پریشان ان دونوں نے گانجہ کی خرید و فروخت کے ذریعہ دولت کمانے کا منصوبہ بنایا اور یہ ناگاسائی اور دیگر کے پاس سے 1500 روپئے فی کلو گانجہ خریدا کرتے اور احمد نگر لے جاکر 10،000 روپئے فی کلو یا اس کی طلب کے حساب سےاس گانجہ کو مہاراشٹرا اور دیگر مقامات پر اونچے داموں میں فروخت کرکے اس سے ہونے والی آمدنی کوتقسیم کرلیا کرتے تھے۔
پولیس کے مطابق یہ دونوں اپنی ذاتی گاڑی میں گانجہ لادکر نکا پلی کراس روڈ وشاکھاپٹنم سے براہ اناورم،راجمندری، وجئے واڑہ، سوریہ پیٹ، حیدرآباد، ہمناآباد (کرناٹک) سے اپنے مقام احمد نگر،مہاراشٹرا پہنچ جایا کرتے تھے۔پولیس کے مطابق آندھرا پردیش کے ضلع وشاکھاپٹنم کے ایجنسی علاقے بڑے پیمانے پر گانجہ کی کاشت کے لیے مشہور ہیں، کیونکہ آندھرا-اڈیشہ سرحد کے ساتھ مشرقی گھاٹوں میں رہنے والے کسان بھنگ کی فصل کی اعلیٰ قسم کی کاشت کرتے ہیں۔ وہاں سے گانجہ کئی مقامات پر اسمگل کیا جاتا ہے جن میں وشاکھا پٹنم شہر،وجئے واڑہ،حیدرآباد،مہاراشٹر اور ہندوستان کے دیگر شہر شامل ہیں۔
کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار کے مطابق تحقیقات کے دوران یہ انکشاف ہوا ہے کہ ظہیرآباد (تلنگانہ) کے علاقے سے گانجہ اسمگلنگ ایجنٹوں کے تحت کام کرنے والے کچھ ڈرائیور گانجہ کو ٹرکس سے چوری کرتے ہیں اور حیدرآباد کو سپلائی کرتے ہیں۔
گانجہ کے ساتھ گرفتار ان دونوں ملزمین کو ضبط شدہ گانجہ،ٹرک اور موبائل فونس کے ساتھ مزید تفتیش کے لیے اسٹیشن ہاؤز آفیسر ملک پیٹ پولیس اسٹیشن کے حوالے کیا جا رہا ہے اور ان کے خلاف نارکوٹک ڈرگز اینڈ سائیکو ٹروپک سبسٹینسز (این ڈی پی ایس) ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
آج کی یہ کارروائی پی رادھاکشن راؤ (او ایس ڈی) کی نگرانی میں کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس،کمشنر ٹاسک فورس،حیدرآباد کے۔ناگیشور راؤ،انسپکٹر آف پولیس،کمشنر ٹاسک فورس، نارتھ زون ٹیم اور کے۔سرینواس پولیس انسپکٹر ملک پیٹ پولیس اسٹیشن، کے۔سری کانت، بی اشوک ریڈی کی مدد سے جی شیونندم اور نارتھ زون ٹاسک فورس ٹیم حیدرآباد نے انجام دی۔
یہاں یہ تذکرہ لازمی ہے کہ گزشتہ دنوں کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار نے " نشہ مکت حیدرآباد ” نعرہ کے ساتھ شہر حیدرآباد میں گانجہ سے متعلق اطلاع پولیس کو فراہم کرنے کی عوام سے اپیل کی ہے۔تاکہ اس نشہ کی لعنت سے شہر کو پاک کیا جائے اور اس کے لیے باقاعدہ سوشل میڈیا کے پلیٹ فارمس ٹوئٹر ، فیس بک اور انسٹاگرام پر ایک موبائل نمبر بھی دیا گیا ہے۔
اطلاع دینے والوں کی شناخت کو پولیس کی جانب سے مخفی رکھا جائے گا۔ذمہ دار شہری حیدرآباد سٹی پولیس کو گانجہ کی سربراہی،فروخت اور استعمال سے متعلق مستند اطلاع موبائل/واٹس ایپ نمبر 9490616555# پر دے سکتے ہیں۔


