حیدرآباد پولیس نے چینی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کے نام پر 903 کروڑ کے حوالہ کاروبارمیں ملوث گینگ کا پردہ فاش کیا، 10گرفتار

حیدرآباد پولیس نے چینی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کے نام پر
903 کروڑ روپئے کےحوالہ کاروبار میں ملوث گینگ کا پردہ فاش کیا، 10 گرفتار
گرفتار شدگان میں 4 کا تعلق چین سے،پانچ افراد دہلی کے اور تین کا تعلق حیدرآباد سے

حیدرآباد: 12۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

چینی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کے نام پر عوام کو دھوکہ دیتے ہوئے حوالہ کاروبار میں ملوث ایک گینگ کا آج حیدرآباد پولیس نے پردہ فاش کیا ہے۔کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر سی وی آنند نے پریس کانفرنس منعقد کرتے ہوئے بتایا کہ مختلف کمپنیوں میں سرمایہ کاری کے نام پر اس گینگ نے کئی افراد سے 903 کروڑ روپئے حاصل کیے تھے۔

اس سلسلہ میں سائبر کرائم پولیس کو شکایات موصول ہوئیں۔تحقیقات کے بعد اس گینگ کو بالآخر پولیس نے دبوچ لیا۔

کمشنر پولیس حیدرآباد نے کہا کہ اس کیس میں پولیس نے جملہ 10 دھوکہ بازوں کا گرفتار کرلیاہے جن میں 4 کا تعلق چین سے ہے،پانچ افراد دہلی سے تعلق رکھتے ہیں اور تین کا تعلق حیدرآباد سے ہے۔پولیس کے مطابق ان گرفتار شدگان میں ساحل بجاج،سنی عرف پنکج،ویریندر سنگھ،سنجے سنگھ یادو،نونیت کوشک،محمدپرویز(حیدرآباد)،سیدسلطان(حیدرآباد)، مرزا ندیم بیگ(حیدرآباد)،چینی شہری لیس لی زونگ جم اور چو چون یو شامل ہیں۔

پولیس کےمطابق اس گینگ نےمختلف کمپنیوں میں سرمایہ کاری کا فریب دیتے ہوئے حاصل کیے گئے 903 کروڑ روپئے ملک کےباہرمنتقل کر دئیے ہیں۔ساتھ ہی کمشنر پولیس حیدرآباد سی وی آنند نے انکشاف کیا کہ یہ رقم 903 کروڑ سے بڑھ کر 50,000 کروڑ روپئے سے زیادہ ہوسکتی ہے۔

تحقیقات میں انکشاف ہواکہ اس گینگ نے ملک کی مختلف ریاستوں میں سرمایہ کاری کے نام پر عوام کی بڑی تعداد سے 903 کروڑ روپئے حاصل کیے تھے۔کمشنر پولیس نے کہا کہ یہ فیما ایکٹ کی خلاف ورزی کے دائرہ میں آتا ہے۔بعدازاں سائبر کرائم پولیس نے ان 12 گرفتار شدہ دھوکہ بازوں کوعدالتی تحویل میں روانہ کردیا۔اس معاملہ میں پولیس مزید تحقیقات میں مصروف ہے۔

کمشنر پولیس حیدرآباد سی وی آنندنے آج پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس گرفتار شدہ دھوکہ باز گینگ کے اہم ملزم تائیوان کا متوطن چونیو اور چین کا متوطن جیک ہیں۔کمشنر پولیس نے بتایا کہ اس معاملہ میں سائبر کرائم پولیس حیدرآباد نے پونہ مہاراشٹراکے ساکن ویریندر سنگھ کو تحویل میں لے کر تفتیش کی تو اس سارے معاملہ اور چینی شہری جیک کے اس معاملہ میں شامل ہونے کا انکشاف ہوا۔

کمشنر پولیس حیدرآباد سی وی آنند نے کہا کہ اس دھوکہ دہی والے معاملہ کو ای ڈی جیسی ایجنسی تک جان نہیں پائی تھی۔انہوں نے کہا کہ ای ڈی اور ڈی آر آئی جیسی مرکزی ایجنسیوں سے سفارش کی جائے گی کہ وہ اس معاملہ کی مزید تحقیقات کریں۔انہوں نے بتایا کہ ملزمین نے ریزروبینک آف انڈیا کے قواعد کی خلاف ورزی کی اور بنا کسی ریکارڈ ورچول بینک اکاؤنٹ اوپن کررہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ کروڑہا روپئے ملک سے باہر بھیجے گئے ہیں۔

کمشنر پولیس حیدرآباد سی وی آنند نے کہا کہ چین سے تعلق رکھنے والے دھوکہ خفیہ طریقہ سے ملک میں داخل ہوکر اس طرح کی دھوکہ دہی میں مصروف ہیں۔ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اس 900 کروڑ کی دھوکہ دہی اور حوالہ کاروبار میں ملوث گینگ کا پکڑا جاناحیدرآباد پولیس کی ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔انہوں نے اس گینگ کا پردہ فاش کرنے والے تمام پولیس عہدیداروں کو مباکباد بھی دی۔