حیدرآباد : ملک میں پہلی بار میٹرو ریل کی ٹکٹ واٹس ایپ کے ذریعہ حاصل کرنے کی سہولت کا آغاز

ریاستی خبریں قومی خبریں

حیدرآباد : ملک میں پہلی بار میٹرو ریل کی ٹکٹ
واٹس ایپ کے ذریعہ حاصل کرنے کی سہولت کا آغاز

حیدرآباد: 03۔اکتوبر (سحرنیوزڈاٹ کام)

ریاست تلنگانہ کا دارالحکومت حیدرآباد جہاں مختلف شعبہ جات میں بین الاقوامی سطح پر اپنی ایک پہچان بناتاجارہا ہے۔وہیں میٹرو ریل کی خدمات کو بھی بین الاقوامی طریقہ سے ترقی دی جارہی ہے اورمسافرین کے لیے اس کی خدمات میں توسیع کا سلسلہ جاری ہے۔

اب ملک کی تاریخ میں پہلی بار حیدرآباد میٹرو نے آج سے واٹس ایپ کے ذریعہ میٹرو ریل کےمسافرین کے لیے ٹکٹ بکنگ کی سہولت کا آغازکر دیا ہے۔

آج 3 اکتوبر کو مینجنگ ڈائرکٹر لارسن اینڈ ٹوبرو (ایل این ٹی)،حیدرآباد و چیف ایگزیکٹیو آفیسر حیدرآباد میٹرو ریل کے وی بی ریڈی نے آفیشل طورپر ان خدمات کا افتتاح انجام دیا۔

اس موقع پر مسٹر کے وی بی ریڈی نےبات کرتےہوئے کہاکہ حیدرآبادکے میٹرو ریل مسافرین کو عصری سہولتوں کے ساتھ مختلف سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔اب اسی کے تحت واٹس ایپ ٹکٹنگ کا آغاز کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس طرح کی خدمات ملک میں پہلی مرتبہ حیدرآباد میں متعارف کی جارہی ہیں۔اور یہ میٹرو کی تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے۔کے وی بی ریڈی نے بتایا کہ”بِل ایزی BillEasy# "ادارہ کےتعاون سے واٹس ایپ کے ذریعہ میٹرو ریل کےمسافرین کو ٹکٹ بکنگ کی سہولت فراہمی کا آغاز کیا گیاہے۔

واٹس ایپ کے ذریعہ میٹرو ریل کی ٹکٹ کیسے حاصل کی جاسکتی ہے:-

میٹرو ریل کےمسافرین کواپنے واٹس ایپ کے ذریعہ 8341146468 نمبر کےواٹس ایپ پر ہائے Hi کا میسیج دیناہوگا۔جس کےفوری بعد واٹس ایپ پر جوابی میسیج کے ساتھ ایک لنک موصول ہوگی۔

اس لنک کو اوپن کرنے کے بعد https://hyd.billeasy.in  کی ویب سائٹ اوپن ہوگی۔اور ساتھ ہی میٹرو کے سفری راستوں کی تفصیلات ہوں گی۔اس ویب سائٹ لنک کو یہاں 👆🏻 کلک کیا جاسکتا ہے۔ 👆🏻 

ان میں سے کس میٹرو اسٹیشن سے سوار ہونا ہے اور کونسے میٹرو اسٹیشن پر اترنا ہےدرج کرناہوگا۔ساتھ ہی اس کےساتھ پوچھاجائے گا کہ ایک رخی ٹکٹ کی ضرورت ہے یا واپسی کا ٹکٹ بھی درکار ہے۔؟

ان سب کی تکمیل کےبعد اداشدنی رقم بتاتےہوئے بلو کلر Blue Colour میں پروسیڈنگ کا آپشن نظر آئےگا۔جس کو کلک کرنےکےبعد اب ادا کریں Pay Now# کا آپشن آئے گا۔جس کے بعد آپ اپنے گوگل پے،فون پے یا کسی اور یو پی آئی کے ذریعہ درکار رقم اداکرسکتے ہیں۔

رقمی ادائیگی کےبعد واٹس ایپ پر ایک کیو آر کوڈ QR CODE پرمشتمل ٹکٹ موصول ہوگی۔جب مسافر میٹرو اسٹیشن پرپہنچیں گے تو وہاں موجود کیو آر کوڈ ریڈر QR CODE READER# کےسامنے واٹس ایپ کے ذریعہ موصولہ ٹکٹ پر موجود کیو آر کوڈ کو اسکیان کرنے کےبعد میٹرواسٹیشن میں داخلہ کی اجازت مل جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح واٹس ایپ کی مدد سے آسان طریقہ سے ٹکٹ حاصل کرتے ہوئے بھی میٹرو ریل میں با آسانی سفر کیا جاسکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے