حیدرآباد: کوکٹ پلی میں دؤڑتی ہوئی کار میں اچانک آگ کے شعلے بھڑک اٹھے،مسافر محفوظ
حیدرآباد:04۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ کوکٹ پلی میں آج رات دیر گئے سڑک پر دؤڑتی ہوئی ایک کار میں اچانک آگ کےشعلے بھڑک اٹھے۔خوش قسمتی سے اس کار میں سفر کرنے والے افراد محفوظ رہے اور ایک بڑا حادثہ ہوتے ہوتے رہ گیا۔
نصف شب کے قریب کوکٹ پلی کے بالانگر میٹرو اسٹیشن کے نیچے حیدرآباد۔ممبئی نیشنل ہائی وے پر اس کار کے انجن والے حصہ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے دیکھتے اس آگ نے زور پکڑلیا۔کار کے ڈرائیور نے یہ منظر دیکھ کر حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اچانک کار کو بریک لگادئیے اور کار میں موجود مسافر فوری اس کار سے نیچے اتر گئے۔عینی شاہدین کےمطابق اس کار میں اچانک آگ کے شعلے بھڑک اٹھے۔دیکھتے دیکھتے آگ نے زور پکڑنا شروع کیا اور کار کا اگلانصف حصہ مکمل طورپر خاکستر ہوگیا۔اس بات کی اطلاع نہیں ہے کہ کار کس کی ملکیت ہے اور اس میں کتنے افراد سوار تھے۔؟
اطلاع کے فوری بعد پولیس اور محکمہ فائر سرویس کاعملہ جائے مقام پر پہنچ گئے۔فائرسرویس کے عملہ نے آگ کو بجھایا۔اس اچانک پیش آنے والے واقعہ کے بعد اس مصروف قومی شاہراہ پر ٹریفک نظام مسدود ہوگیا تھا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں دیکھی گئیں۔جبکہ بالا نگر میٹرو اسٹیشن کے راستہ میں بھی ٹریفک نظام مفلوج ہوگیا تھا۔
بعدازاں بالا نگر پولیس نے متاثرہ کار کو سڑک کے درمیان سے ہٹاکر ٹریفک نظام بحال کیا۔اس سلسلہ میں پولیس ایک کیس درج رجسٹر کرکے مصروف تحقیقات ہے۔اس کار کے انجن میں اچانک آگ بھڑک اٹھنے کی وجوہات کا علم نہیں ہوپایا ہے۔
” اس واقعہ کا مکمل ویڈیو یہاں دیکھا جاسکتا ہے "