اسلام نے عورت کو سب سے زیادہ عزت و شرافت بخشی
عورت انبیاء و صالحین کے دنیا میں آنے کا ذریعہ بنتی ہے
سالار جنگ میوزیم میں منعقدہ جلسہ رحمت اللعالمینﷺ
وزیر داخلہ تلنگانہ محمدمحمودعلی کا خطاب
حیدرآباد: 01۔نومبر(سحر نیوزڈاٹ کام/پریس نوٹ)
قرآن مجید میں عورت کی اہمیت اور مقام کے بارے میں کئی آیات موجود ہیں۔عورت خواہ ماں ہو یا بہن ،بیوی ہو یا بیٹی اسلام نے ان میں سے ہر ایک کے حقوق وفرائض کو تفصیل کے ساتھ بیان کیا ہے۔ماں کا شکر ادا کرنا،اس کے ساتھ نیکی سے پیش آنا اور خدمت کرنا ان کے اہم ترین حقوق میں سے ہے۔
ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر داخلہ جناب محمدمحمود علی نے سالار جنگ میوزیم میں تلنگانہ مسلم مہیلا سنگٹھن کے زیر اہتمام منعقدہ جلسہ رحمت اللعالمینﷺسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ حسن سلوک اور اچھے اخلاق سے پیش آنے کے سلسلے میں ماں کا حق باپ سے زیادہ ہے،کیونکہ بچے کی پیدائش اور تربیت کے سلسلے میں ماں کو زیادہ تکالیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔اور اسلام نے ان تمام تکالیف کو سامنے رکھتے ہوئے ماں کو زیادہ حسن سلوک کا مستحق قرار دیا،جو اسلام کا عورت پر بہت بڑا احسان ہے۔
جناب محمدمحمود علی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مذہبِ اسلام نے عورت کو سب سے پہلے بلند مقام اور عزت بخشی۔اسلام میں کسی بھی عورت کو نبی، پیغمبر یا رسول نہیں بنایا گیا مگر تمام انبیاء، پیغمبروں اور رسولوں کی والدہ ہونے کا شرف عورت کو حاصل ہے۔
وزیر داخلہ نے حدیث مبارکہ کا خلاصہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے رسول ﷺ نے فرمایا کہ والدین جب کوئی چیز بازار سے خرید کر گھر لائیں تو پہلے لڑکیوں کو دیں پھر لڑکوں کو دیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام نے عورت کو وہ مقام بخشا ہے جس کی وہ حقدار تھی۔محمدمحمود علی نے کہا کہ اسلام نے نہ صرف ان تمام الزامات کا رد فرمایا بلکہ دنیا کے سامنے عورت کو وہ مقام و مرتبہ فراہم کیا جس کی نظیر دنیا کے کسی بھی مذہب میں موجود نہیں۔
وزیرداخلہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام اورمسلمانو ں کو خدمت خلق کا جذبہ رکھنے والی قوم کا اعزا ز حاصل ہے۔جناب محمدمحمودعلی نے حقیقی امتی بننے کے لیے اسوہء حسنہ پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی۔انہوں نے مزیدکہاکہ اسلام کی بنیاد علم ہے۔
قرآن شریف کی آیت مبارک کا حوالہ دیتے ہوئے جناب محمدمحمودعلی نے کہاکہ اللہ تعالی نے قرآن کی سب سے پہلی آیت اپنے محبوبﷺ پر نازل کرتے ہوئے پڑھنے کا حکم دیاہے۔انہوں نے کہاکہ تعلیم یافتہ معاشرے ملک اورملت دونوں کی ترقی کا ضامن ہوتا ہے۔
” سالارجنگ میوزیم حیدرآباد میں منعقدہ جلسہ رحمت اللعالمینﷺ ” ویڈیو "
اسی وجہہ سے اقلیتی طبقات میں تعلیم کو عام کرنے کے لیے حکومت تلنگانہ کی جانب سے ریسیڈنشیل اسکولوں کا قیام عمل میں لایا گیا جہاں پر 58 ہزار سے زائد لڑکیاں اور 60 ہزار سے زائد لڑکے زیرتعلیم ہیں۔جہاں پرانگریزی میڈیم میں معیاریتعلیم کے ساتھ ساتھ نماز، قرآن اور دینیات کے مضامین بھی پڑھائے جاتے ہیں۔
ریاستی وزیر داخلہ جناب محمدمحمود علی نے بیٹی اور بہوکے درمیان کا جو فرق معاشرے میں سراعیت کرتا جارہا ہے اس کو دور کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ساس اور سسر کو چاہئے کہ وہ اپنے گھر آنے والی بہو اور اپنی بیٹی میں کوئی فرق نہ کریں اور اس کو بیٹی کی طرح محبت کریں۔
انہوں نے لڑکیوں سے مخاطب ہوئے انہیں تلقین کی کہ وہ بھی اپنے ساس اورسسر کو والدین سے کم نہ سمجھیں اور ان کا بھی ویسا ادب واحترام کریں جیسا وہ اپنے والدین کا کرتی ہیں۔
وزیر داخلہ جناب محمدمحمود علی نے آخر میں نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کا صحیح استعمال کرتے ہوئے کامیابی کی منزلیں طئے کریں اور اس میں موجود واہیات اور بے ہودگی سے دور رہیں۔
اس اجلاس میں صدر تلنگانہ مسلم مہیلا سنگٹھن محترمہ رقیہ خانم، افغانستان کے قونسل جنرل جناب محمدسلیمان کاکر،مولانا مفتی محمد شوکت قاسمی،مولانا عتیق الرحمٰن ندوی، ڈاکٹر ماجد دیوبندی،افضل منگلوری،خواجہ خلیل اللہ اور دیگر شریک تھے۔

