فیس بک نے 58 سال بعد بیٹی کو باپ سے دوبارہ ملایا
سوشل میڈیا کے بہتر استعمال کا پیغام
لندن: 01۔نومبر(سحرنیوزڈیسک)
سوشل میڈیا کے استعمال سے فائدہ اور نقصان دونوں ہیں۔سوشل میڈیا اب جہاں ماہرین کے لیے پیسہ کمانے کا بہترین ذریعہ بن گیا ہے وہیں اس کے غلط استعمال سے پیسہ گنوانے کے معاملات بھی پیش آرہے ہیں۔سوشل میڈیا کے ذریعہ جہاں نئے نئے دوست اور رشتے بن رہے ہیں وہیں یہی سوشل میڈیا رشتوں اور تعلقات میں دراڑ پیدا کرنے کا ذریعہ بھی بن رہا ہے!!۔
ایسے میں ایک خاتون نے سوشل میڈیا کے مشہور پلیٹ فارم "فیس بک” کا بہترین استعمال کرتے ہوئے پورے 58سال بعد اپنے کھوئے ہوئے باپ کو ڈھونڈ نکالا ہے اس میں اس کے سوشل میڈیا کے ساتھیوں نے اس کا بھرپورساتھ دیا۔
اس سارے واقعہ کی تفصیلات کے مطابق لنکا شائر،انگلینڈ کی متوطن 59 سالہ جولی لینڈ Julie Lund اس وقت اپنے والدسے جدا ہوگئی تھیں جب وہ ایک سال کی تھیں۔

اس وقت ایک دوسرے سے ربط قائم کرنے یا تلاش کرنے کے لیے بہت زیادہ ذرائع حاصل نہیں تھے جتنے آج ہیں۔جس کے باعث اس وقت جولی لیڈ کو اپنے والد کو تلاش کرنے میں شدید دشواریوں اور مایوسی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
تاہم جولی لیڈ نے اپنی کوشش لگاتار جاری رکھی اور تہیہ کرلیا کہ وہ زندگی میں ایک مرتبہ اپنے والد سے ملاقات کرکے ہی رہیں گی۔
والد کی تلاش کے دؤران جولی لیڈ کو کئی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم اس خاتون نے ہمت نہیں ہاری اور انہیں جتنے ذرائع دستیاب تھے ان کواپنے والد کی تلاش میں استعمال کرلیا۔
اسی دؤران جولی لیڈ نے سوچا کہ کیوں نہ اپنے والد کی تلاش کے لیے سوشل میڈیا کے پلیٹ فارمس استعمال کیے جائیں۔؟
جولی لیڈ نے5 اکتوبر کو فوری اپنے والد کے ساتھ 1963ء میں لی گئی ایک بلیک اینڈ وائٹ 58 سال قدیم تصویر فیس بک پر پوسٹ کردی اور ساتھ ہی جولی لیڈ نے فیس بک صارفین بالخصوص ان کی فرینڈ لسٹ میں موجود دوستوں سے اپیل کی کہ وہ ان کے والد کی تلاش میں ان کی مدد کریں۔

اس کے بعد وہ والد سے متعلق اطلاع کے لیے بے چین تھیں۔دوبارہ جولی لیڈ نے 13 اکتوبر کو ایک فیس بک پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ آج خوشی کا دن ہے کہ آج میں کئی سال بعد اپنے والد ” برین روتھیری ” اور ان کی بیوی ” پیاٹریکیا روتھیری ” سے ملی ہوں۔
انہوں "باب وائٹ سائڈ” کا شکریہ ادا کیا کہ ان کی تلاش اور اطلاع نے آج مجھے میرے والد سے ملادیا۔اور میں ان لمحات کا کئی سالوں سے انتظار کررہی تھی۔
دراصل جولی کے اس پوسٹ کے بعدکئی فیس بک دوستوں اور فیس بک گروپس میں موجود افراد نے جولی کے والد کوویسٹ یارک شائر کے ڈیوس بری سے ڈھونڈ نکالا اور اس کی اطلاع جولی کو دی۔

بالآخر 58 سال بعد جولی کی اپنے والد برین روتھیری اور اپنی سوتیلی ماں پیاٹریکیا روتھیری سے ملاقات ہو ہی گئی۔
جولی نے اس کو فیس بک کا احسان مانتے ہوئے تمام کا شکریہ ادا کیا کہ وہ انہیں کبھی فراموش نہیں کریں گی۔
25 اکتوبر کو فیس بک پر ایک اور پوسٹ کرتے ہوئے جولی نے لکھا ہے کہ ان کی اس کہانی کو بی بی سی یارک شائر نے فلمبند کیا ہے اور اس کو اپنے چینل پر 26 اکتوبر کی شام پیش کیا۔

